غزہ: جنگ بندی میں توسیع کے بعد آج مزید قیدیوں کی رہائی متوقع

غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ میں دو روزہ توسیع کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا آج پانچواں روز ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق جنگ بندی کے پانچویں روز مزید قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، حماس نے آج رہا کئے جانے والے 10 اسرائیلی قیدیوں کی فہرست اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کو بھجوا دی ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس میں 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے کے دوران حماس نے 69 اسرائیلی قیدیوں جبکہ اسرائیل نے 150 فلسطینیوں کو رہا کیا۔

قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے میں مزید 2 روز کا اضافہ کر دیا گیا ہے، قطری وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کوشش ہے عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہوجائے۔

یہ بھی پڑھیں:جنگ بندی میں توسیع کے بعد حماس نے مزید 11 یرغمالی رہا کر دیئے

عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس دو روز میں 20 یرغمالیوں جبکہ اسرائیل 60 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حماس اور اسرائیل کی جانب سے مزید دو دن کی عارضی جنگ بندی کا دورانیہ انتہائی کم قرار دے دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے حماس، اسرائیل جنگ بندی کے کم مدتی وقفے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کا وقفہ امن کی ایک جھلک تو ہو سکتی ہے لیکن یہ حل نہیں۔

انتونیو گوتریس نے غزہ میں بروقت امداد منتقلی کیلئے مزید راہداری کھولنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کیلئے انتہائی کم ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں