بھارت: میلے میں جھولا نیچے گرنے سے پولیس افسر ہلاک، 13 افراد زخمی
ہریانہ: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست ہریانہ میں میلے میں جھولا نیچے گرنے سے پولیس افسرہلاک اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرید آباد میں سورج کنڈ میلے کے دوران شام کو ایک بڑا جھولا اچانک زمین پر آ گرا، ہلاک پولیس افسر کی شناخت انسپکٹر جگدیش پرساد کے طور پر ہوئی ہے۔
ہلاک پولیس افسر میلے میں ڈیوٹی پر موجود تھے، پولیس انسپکٹر کو فوری طور پر ہسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا، وہ چند ہفتوں بعد ریٹائر ہونے والے تھے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ آیوش سنہا نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر زخمیوں کی ہسپتال منتقلی اور ریسکیو عمل کی نگرانی کی، اس دوران میلے کے میدان کو فوری طور پر خالی کروا لیا گیا۔
علاوہ ازیں حادثے کی سخت تحقیقات کا حکم بھی دیا گیا ہے تاکہ اس واقعہ کی وجہ معلوم کی جا سکے۔