یہود و ہنود گٹھ جوڑ، بھارتی عوام کا جینا محال، مودی کی ناکام پالیسیاں بے نقاب
ممبئی: (دنیا نیوز) یہود و ہنود گٹھ جوڑ نے بھارتی عوام کا جینا محال کر دیا، مودی کی ناکام پالیسیاں بے نقاب ہوگئیں۔
سنگاپور کے مقامی جریدہ ’’دی سٹریٹس ٹائمز‘‘ نے مودی سرکار کی نااہلی اور ناکام حکمت عملی کےعوام پر منفی اثرات عیاں کردیئے، رپورٹ کے مطابق بھارت میں گیس اور پٹرول بحران سے صنعتی پہیہ جام ہوگیا، لاکھوں بیروزگار بھارتی ورکرز شہر چھوڑ کر گاؤں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔
دی سٹریٹس ٹائمز کے مطابق توانائی بحران نے بھارتی عوام کو شہروں سے دیہات کی طرف نقل مکانی پر مجبور کیا، ایران جنگ کے باعث مارچ کے وسط سے ہی بھارت میں گیس کی فراہمی غیر یقینی اور قیمتیں 4 گنا بڑھ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پٹرولیم اور گیس پر منحصر چھوٹی اور بڑی بھارتی فیکٹریاں سپلائی کی کمی کے باعث بند یا انتہائی محدود ہو چکی ہیں، بھارت کے صرف ایک شہر ’’سورت‘‘ کی ٹیکسٹائل صنعت کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ مزدور کام نہ ہونے کے باعث واپس گھروں کو جاچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بھارت میں مسلسل گرتی معیشت، عوام پر بھاری بوجھ اور تیل و گیس کی قلت جیسے بحران نے بھارتی شہریوں کو پتھر کے دورمیں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بحران نے کھوکھلے دعوؤں اور جعلی نعروں پر مبنی مودی سرکار کے نام نہاد شائننگ انڈیا کا پردہ بھی چاک کردیا ہے۔