اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا سپین کو غزہ کوآرڈینیشن سینٹر سے خارج کرنے کا اعلان
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کے خلاف کھڑے ہونے پر وزیر اعظم نیتن یاہو نے سپین کے نمائندوں کو سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر سے نکال دیا۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق ہسپانوی نمائندوں کو کریات گاٹ میں امریکی سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر سے نکالا گیا، یہ سینٹر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے تحت قائم کیا گیا تھا، جس نے غزہ میں جنگ بندی کی بنیاد رکھی تھی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ نمائندوں کو اسپین کے اسرائیل کے خلاف متعصبانہ رویہ اپنانے پر نکالا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسپین کے بار بار اسرائیل کے خلاف کھڑے ہونے کے بعد یہ اقدام کیا، اسپین نے ہمارے ہیروز، فوج کے سپاہیوں کو دنیا کے سامنے بدنام کیا، اسپین کو اسرائیل کے خلاف سفارتی جنگ چھیڑنے کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
دوسری جانب فرانس اور اسرائیل کے درمیان بھی سفارتی تناؤ بڑھ گیا جس کے بعد اسرائیل لبنان مذاکرات سے اسرائیل نے فرانس کو نکال دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام کا مؤقف ہے کہ فرانس کو غیر جانبدار ثالث نہیں سمجھتے، لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست مذاکرات اگلے ہفتے واشنگٹن میں متوقع ہیں۔ مذاکرات میں امریکا ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔