امریکا نے عراق کے ساتھ سکیورٹی کوآرڈینیشن اور فنڈنگ روک دی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے عراق کے ساتھ سیکیورٹی کوآرڈینیشن اور فنڈنگ روک دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکا نے بغداد میں سفارتخانے پر حملہ آوروں کو بے نقاب کرنے کو سیکیورٹی تعاون سے مشروط کر دیا۔

امریکی حکومت نے عراقی سکیورٹی اداروں کو دی جانے والی فنڈنگ بھی معطل کر دی، عراق میں نئی حکومت کے قیام تک فنڈز کی ترسیل بھی روک دی گئی۔

برطانوی اخبار کے مطابق امریکی حکومت نے دفاعی کنٹریکٹر کمپنی کو ہدایت دی ہے کہ وہ کویت اور عراق میں موجود اپنے ملازمین کو فوری طور پر نکالنے پر غور کرے، کیونکہ انہیں ایران سے منسلک مسلح گروہوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی فوجی اڈوں، خاص طور پر عراق میں بغداد ایئربیس اور اربیل کے مقامات پر تعینات امریکی اور دیگر غیر ملکی اہلکاروں کو بار بار ڈرون حملوں اور فائرنگ جیسے واقعات کا سامنا رہا ہے۔

عراق کے مختلف اڈوں پر موجود اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ڈرون سرگرمی، فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں معمول بن چکی ہیں، جس سے ذہنی دباؤ اور خوف میں اضافہ ہوا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں