امریکا ناکہ بندی ختم کرنے کیلئے تیار ہوگیا: ایران کا دعویٰ
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ تہران کو ایسے اشارے ملے ہیں کہ امریکا اپنی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یہ ہوتا ہے مذاکرات کے اگلے دور کا انعقاد اسلام آباد میں ہو گا، ایران کی شرط یہ ہے کہ بات چیت کے دوبارہ آغاز سے پہلے امریکا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا سیاسی حل چاہتا ہے تو ایران اس کے لئے تیار ہے اور اگر وہ جنگ چاہتا ہے تو ایران اس کے لئے بھی تیار ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ مذاکرات میں شرکت کیلئے وفد بھیجنے کا فیصلہ ابھی فیصلہ نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے سمندر میں بحری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی کیلئے دو ایرانی بحری جہازوں کے خلاف اقدام کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے مذاکرات میں امریکا کی سنجیدگی پر سوال اٹھایا تھا۔
دوسری جانب امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ ایران کا مثبت ردعمل نہ آنے پر نائب صدر کا دورہ پاکستان مؤخر کر دیا گیا تاہم ایران کا مثبت ردعمل آنے پر فیصلہ تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
مزید برآں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے معاہدہ نہ ہونے پر بمباری کی دھمکی دے دی تھی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میری توقع ہے کہ بمباری ہوگی کیونکہ میرے خیال میں یہ ایک بہتر حکمت عملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایران نے متعدد مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، اب سیز فائر میں مزید توسیع نہیں ہو گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کیخلاف ملٹری آپریشن کے دوبارہ آغاز کیلئے تیار ہیں، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ایک بڑی کامیابی ہے۔