حقیقی امن کیلئے اسرائیل کی اشتعال انگیزیاں روکنا ضروری ہے، ترک صدر
انقرہ: (دنیا نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سب سے پہلے اسرائیل کی اشتعال انگیزیوں کو روکنا ضروری ہے، اس کے بعد ہی حقیقی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق قازقستان سے واپسی کی پرواز کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ میں ہر موقع پر کہتا ہوں، اس بحران کی بنیادی وجوہات میں سے ایک اسرائیل کی نہ ختم ہونے والی اشتعال انگیزیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا ہے یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے اور ہمارے علاقے پر بے یقینی اور خوف کی فضا مزید گہری ہو جائے، خطے میں مستقل استحکام مطلوب ہے تو سب کو اپنے قلیل مدتی مفادات ایک طرف رکھنا ہوں گے۔
ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو خطے سے باہر کے عناصر کے مفادات کے بجائے اپنے شہریوں کے حقوق کا دفاع کرنا چاہیے۔