سپین کے مختلف شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے
بارسلونا: (محمد طارق رفیق بھٹی سے) سپین کے مختلف شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔
کاتالونیا کی مختلف سماجی، انسانی حقوق اور فلسطین نواز تنظیموں کی جانب سے نکبہ کی 78ویں برسی کے موقع پر ریلیاں، احتجاجی مارچ اور مظاہرے منعقد کیے گئے، جن میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ان مظاہروں کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، غزہ میں جاری انسانی بحران کے خلاف آواز بلند کرنا اور اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف عالمی سطح پر بائیکاٹ مہم کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
بارسلونا میں مرکزی مظاہرہ شام 6 بجے پلاسا کاتالونیا میں منعقد ہوا، جہاں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد، انسانی حقوق کے کارکنان، سیاسی و سماجی شخصیات اور پاکستانی و مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ اسرائیلی حملوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
اسی سلسلے میں تاراگونا میں دوپہر 12 بجے بالکو دل میڈیترانی کے مقام پر کاسولادا احتجاج کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے برتن بجا کر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی اور عالمی برادری کی توجہ غزہ کی صورتحال کی جانب مبذول کروائی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نکبہ کو 78 برس گزر جانے کے باوجود فلسطینی عوام آج بھی ظلم، بے گھری، جارحیت اور انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔
احتجاجی تنظیموں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور نہتے شہریوں کے تحفظ کیلئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
منتظمین کی اپیل پر بڑی تعداد میں افراد نے احتجاج میں شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امن، انصاف اور انسانی حقوق کے حق میں اپنی آواز بلند کی۔