رواں سال لبنان میں 12 لاکھ 40 ہزار افراد غذائی قلت کا شکار رہیں گے
بیروت: (دنیا نیوز) بین الاقوامی امدادی تنظیم نے کہا ہے کہ رواں سال لبنان میں 12 لاکھ 40 ہزار افراد کو غذائی قلت کا سامنا رہے گا، جنوبی لبنان میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے۔
بین الاقوامی امدادی تنظیم کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مستقل جنگ بندی ہی ایسی فضا پیدا کر سکتی ہے جس میں انسانی زندگی کی بحالی اور متاثرین کی امداد ممکن ہو سکے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی علاقائی نائب صدر شیرین ابراہیم نے کہا کہ بے شمار خاندان اپنے گھر، روزگار اور تحفظ کا احساس سب کچھ کھو چکے ہیں، لوگوں کو اپنی زندگیاں دوبارہ معمول پر لانے کیلئے مستقل امن کی ضرورت ہے، لڑائی ہمیشہ کیلئے رکنی چاہیے۔
اس وقت بھی ہزاروں افراد کو انتہائی کم وقت کی پیشگی اطلاع کے ساتھ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جن میں سے بہت سے لوگ دوسری یا تیسری مرتبہ نقل مکانی کر رہے ہیں۔