ایرانی خاتم الانبیاء کی اسرائیل کو لبنان پر حملے نہ روکنے پر سخت وارننگ

تہران: (دنیا نیوز) ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے ایرانی فوج کی خاتم الانبیاء فورسز کے کمانڈر کا ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں اسرائیل کو لبنان پر حملے نہ روکنے پر سخت وارننگ دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے پہلے دی جانے والی تنبیہات کے باوجود اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنا کر اور جنوبی لبنان بھر میں اپنی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر کے سرخ لکیریں عبور کر لی ہیں۔

کمانڈر کے مطابق ہم پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ اگر بیروت کے جنوبی مضافات میں ہونے والی جارحیت کا دائرہ وسیع ہوا تو ہم مقبوضہ علاقوں میں موجود اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر اپنے حملے فوری طور پر بند کرنے چاہئیں، اگر اسرائیل اس خطے میں اپنی کارروائیوں کو مزید وسعت دیتا ہے یا ایران کی حالیہ کارروائیوں کا جواب دیتا ہے تو اسے ’’مزید شدید، تباہ کن اور افسوسناک ضربوں‘‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی فوجی کمانڈر نے خبردار کیا کہ ایسی صورت میں اسرائیلی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف تباہ کن حملوں کا آغاز کیا جائے گا جس کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور وسیع تر علاقائی تنازع کے خدشات بھی شدت اختیار کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں