این ڈی ایم اے کی ملک بھر میں موسمی صورتِ حال بارے پیشگی جائزہ رپورٹ جاری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 7 تا 12 جون کے دوران متوقع موسمی صورتِ حال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے پیشگی جائزہ رپورٹ جاری کر دیا۔
این ای او سی کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ، ہیٹ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے جب کہ7 تا 10 جون بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، شمالی پنجاب میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
اِسی طرح 11 سے 12 جون کو اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی ہے۔
راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں 11 تا 12 جون بارش اور تیز ہواؤں کا امکان اور پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور تھرپارکر سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم متوقع ہے، بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں 11 تا 12 جون گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے اور میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں 11 تا12 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 7 تا 12 جون وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے
گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث تیزی سے پگھلتے گلیشئرز لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرے میں اضافہ کر رہے ہیں، ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، بالائ کوہستان، اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔
این ای او سی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ شگر ویلی روڈ، سکردو روڈ، دیوسائی روڈ اورشاہرائے قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے،تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور گلیشیائی جھیلوں کے ٹوٹنے کے باعث درکوٹ، لاشٹ،ریشن، بونی، بد سوات، شسپر، گلگن، ہنارچی، روشن اور کمراٹ کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کرسکتے ہیں۔
شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تیزی سے پگھلتے گلیشئرز کے باعث پہاڑی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی، ہنزہ، غزر، دیامیر، استور، گھانچے، شگر، چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاری یقینی بنانے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جب کہ عوام سے اپیل کی ہےکہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسم میں محتاط رہیں۔
این ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقوں کے رہائشی اور سیاح لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاح موسم کی صورتِ حال سے آگاہ رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
علاوہ ازیں جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافی صحت کے مسائل پیدا کر سکتا، ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں، شدید گرمی کے اوقات میں دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، دھوپ میں محنت مزدوری کرنے والے افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
دوسری جانب حکام کا مزید کہنا تھا کہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی ترجیحی بنیادوں پر حفاظت یقینی بنائیں اور عوام مستند معلومات، حفاظتی تدابیر اور آگاہی کے لیے’ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ ایپ سے راہنمائی لیں۔