امریکی حملوں میں 30 سے زائد شہری اور 7 فوجی شہید، ایران کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران جنوبی ایران پر ہونے والے امریکی حملوں میں 30 سے زائد عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں اس جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی یاد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی پوری طاقت کے ساتھ عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی کیونکہ جنوبی ایران اس سرزمین کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے جنوب مشرقی ایران میں ایک فوجی اڈے پر کئے گئے میزائل حملوں میں کم از کم 7 ایرانی فوجی شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

ایرانی فوج نے اس کارروائی کو بزدلانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے مناسب وقت پر بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق حملہ سیستان و بلوچستان صوبے کے علاقے ایرانشہر کے قریب واقع بمپور گیریژن پر کیا گیا، جہاں امریکی میزائلوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ایرانی فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 13 امریکی میزائل فوجی بیرکوں پر داغے گئے، جن کے نتیجے میں 388 ویں بریگیڈ کے 7 اہلکار شہید ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں فوجی مہمان خانہ، گارڈ پوسٹس اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، حملے کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔

ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ شہدا کے خون کا بدلہ یقینی ہے اور دیگر مسلح افواج کے تعاون سے ایران اس جارحیت کا مناسب وقت پر بھرپور جواب دے گا، اس کارروائی کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...