کیف کو روس پر حملوں کے نتائج کا سامنا جاری رہے گا: کریملن

ماسکو: (شاہد گھمن) کریملن نے خبردار کیا ہے کہ روس کے شہری اور تجارتی انفراسٹرکچر پر یوکرینی حملوں کے جواب میں کیف کو نتائج کا سامنا جاری رہے گا۔

روسی صدر کے ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ کیف حکومت نے خود "پنڈورا باکس" کھولا ہے اور اب اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں۔

روسی صدر کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اوزون کے گوداموں پر ڈرون حملوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یوکرین روس کے تجارتی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

دیمتری پیسکوف نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر پوتن واضح کر چکے ہیں کہ یوکرین تجارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہا ہے، تاہم کیف حکومت ان کوششوں میں اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہی۔

کریملن کے ترجمان کے مطابق ان حملوں کے باوجود یوکرین محاذ جنگ پر جاری صورتحال اور پیش رفت پر معمولی اثر بھی ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ روسی تنصیبات پر اس نوعیت کے حملے ایک مرتبہ پھر کیف حکومت کی اصل نوعیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

دیمتری پیسکوف نے صدر ولادیمیر پوتن کے بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ روس کے شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر کیف حکومت نے خود "پنڈورا باکس" کھولا اور اب اسے اپنے اقدامات کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

روسی صدر کے ترجمان نے کہا کہ کیف کو ہر روز اور ہر رات ان نتائج کا احساس ہو رہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...