شارجہ بک فیئر میں عمانی حلوہ عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں سلطنتِ عمان کا روایتی حلوہ وہاں پر موجود افراد کی خصوصی توجہ حاصل کر رہا ہے، زعفران، الائچی، دیسی گھی اور عرقِ گلاب سے تیار ہونے والی اس روایتی حلوے کے ذریعے عمان کی صدیوں پرانی ثقافت، مہمان نوازی اور خاندانی روایات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

رواں سال شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں سلطنتِ عمان مہمانِ اعزاز ہے، جہاں عمانی ثقافت کے مختلف رنگ پیش کیے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں عمانی حلوہ سازی کے براہِ راست مظاہرے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں زائرین کو اس مٹھائی کی تیاری کے روایتی طریقوں اور استعمال ہونے والے اجزا سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

حلوہ تیار کرنے والے ماہر کاریگر محمد العامری بھی ان مظاہروں کا حصہ ہیں، جن کا خاندان 200 سال سے زائد عرصے سے اس پیشے سے وابستہ ہے، ان کے خاندانی ادارے راشد سعید العامری فیکٹری میں حلوہ سازی کے روایتی فن کو نسل در نسل منتقل کیا جا رہا ہے۔

محمد العامری کے مطابق عمانی سیاہ حلوہ تیار کرنے میں تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں، اس کی تیاری پانی، نشاستے اور بھوری شکر کو گرم کرنے سے شروع ہوتی ہے، جس کے بعد آمیزے کو ڈھائی گھنٹے تک مسلسل ہلایا جاتا ہے، اس مقصد کیلئے لکڑی کا مخصوص آلہ استعمال کیا جاتا ہے، جسے بستان کہا جاتا ہے۔

بعد ازاں گھی، زعفران، الائچی اور عرقِ گلاب شامل کرکے حلوے کو مخصوص ذائقہ اور خوشبو دی جاتی ہے، جبکہ آخری مرحلے میں کاجو، اخروٹ اور تل شامل کیے جاتے ہیں۔

عمانی حلوے کی سفید، زرد اور سیاہ سمیت مختلف اقسام ہیں، جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں اسے تیار کرنے کے انداز بھی مختلف ہیں، عمان میں یہ مٹھائی عموماً قہوے کے ساتھ پیش کی جاتی ہے اور شادی بیاہ، مذہبی تہواروں اور خاندانی تقریبات میں مہمان نوازی کی اہم روایت سمجھی جاتی ہے۔

شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 4 سے 15 نومبر تک ایکسپو سینٹر شارجہ میں جاری ہے، جس میں 126 ممالک کے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان شریک ہیں۔

میلے میں 17 لاکھ سے زائد کتابی عنوانات کے علاوہ ایک ہزار 500 ثقافتی، تخلیقی اور فنی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، عمانی حلوہ سازی کا مظاہرہ بھی انہی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو زائرین کو سلطنتِ عمان کے ثقافتی ورثے سے روشناس کرا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...