آئل ٹینکر کی ٹکر سے مسافر بردار کروز کشتی الٹ گئی، 32 افراد زخمی

نیواورلینز: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیواورلینز میں دریائے مسیسیپی پر ایک آئل ٹینکر کی مسافر بردار کروز کشتی سے ٹکر کے نتیجے میں کشتی الٹ کر جزوی طور پر ڈوب گئی، تاہم امدادی کارروائیوں میں تمام 180 مسافروں اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ حادثے میں 32 افراد زخمی ہوئے۔

امریکی حکام کے مطابق اٹلانٹک اسفالٹ نامی ٹینکر نے بندرگاہ پر کھڑی امریکی ہیریٹیج نامی دریائی کروز کشتی کو ٹکر ماری۔ 5 منزلہ مسافر بردار کشتی میں اس وقت تقریباً 129 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے، ٹکر کے باعث کشتی میں پانی بھرنے لگا اور وہ ایک جانب جھک کر الٹ گئی۔

نیو اورلینز کی میئر ہیلینا مورینو نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کشتی میں سوار کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو لاپتا قرار نہیں دیا گیا اور تمام افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے، دریائے مسیسیپی میں تیز بہاؤ اور مشکل حالات کے باوجود تمام افراد کو بحفاظت نکالنا واقعی ایک معجزہ ہے۔

امدادی کارروائیوں میں کوسٹ گارڈ، پولیس، بندرگاہ کے عملے اور قریبی کشتیوں نے حصہ لیا، بعض افراد کو دریا میں گرنے کے بعد پانی سے نکالا گیا، جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی امدادی کارروائی کے دوران پانی میں اترے، زخمی ہونے والوں میں یہ اہلکار بھی شامل ہیں۔

لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے بھی امدادی کارروائیوں کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دریائے مسیسیپی کوئی پرسکون تالاب نہیں بلکہ یہاں تیز بہاؤ اور خطرناک حالات کا سامنا رہتا ہے، ایسے حالات میں تمام مسافروں کو بحفاظت نکالنا بڑی کامیابی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹینکر کو حادثے سے قبل اسٹیئرنگ نظام میں خرابی کا سامنا ہوا تھا، تاہم امریکی کوسٹ گارڈ نے حادثے کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی، حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ بھی واقعہ کی چھان بین کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حادثے میں کوئی ہلاک نہیں ہوا، 32 افراد ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، امدادی اداروں نے اچھا کام کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...