افزائشِ حسن کے لیے بہترین،گلیسرین
نرم و ملائم بال،خوبصورت جلد اور روشن چمکدار آنکھیںنہ صرف ہر عورت کا خواب ہوتی ہیں بلکہ ا ن کے حصو ل کے لیے خواتین ہزاروں روپے بھی خرچ کرتی ہیں۔بیشتر خواتین اس بات سے واقف نہیں ہیں کہ ہر گھر میں موجود ایک عام چیز کا استعمال حسین نظر آنے کی خواہشمند ہر خاتون کا خواب پورا کر سکتی ہے
آپ کے تین مسائل کے حل کے لیے گلیسرین کا استعمال بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔یہ بے رنگ اور بے بو کاربن کمپائونڈ فضا سے نمی کو اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اپنی اسی خاصت کے سبب یہ آپ کے حسن کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔گلیسرین کو استعمال کرنے کا طریقہ اور اس کے چند فوائد کے بارے میں آئیے آپ کو قدرے تفصیل سے بتائیں۔
جلد کی حفاظت: گلیسرین میں چند قطرے پانی شامل کر لیا جائے تو یہ آپ کی جلد کے لیے بہترین موئسچرائزر ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ ایک اور طریقہ یہ ہے کہ گلیسرین کے ساتھ برابر کی مقدار میں شہد ملا کر چہرے اور جسم پر لگائیں،کچھ دیر بعد سادہ پانی سے اسے دھو لیں۔آپ کی جلد سے خشکی دور ہو گی اوراس کی نمی برقرار رہے گی۔
بالوں کی حفاظت: موسم چاہے کوئی بھی ہو بالوں کا روکھا پن اور ان کا پھول جانا خواتین کے لیے ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔خاص طور پر باہر جاتے وقت وہ پریشا ن ہی رہتی ہیں کہ بالوں کو کس سٹائل میں سیٹ کریں،کیونکہ لاکھ تدبیروں کے باوجود ان کے بال بکھرے بکھرے اور پھولے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ایسی خواتین جنہیں روزانہ دفتر یا کام پر جاتے ہوئے بال سنوارنے پڑتے ہیں ان کے لیے خاص طور پر یہ ایک بڑا مسئلہ ہے،اور روزانہ بالوں پر رولر یا سٹریٹنر کا استعمال بھی مناسب نہیں ہے۔اس سے آپ کے بال مزید روکھے اور بے جان ہو جاتے ہیں۔بالوں کے روکھے پن کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں،مثلاً جینیاتی اسباب،بالوں کے لیے نا مناسب شیمپو کا استعمال یا ان کا بھر پور خیال نہ رکھنا وغیرہ۔بالوں کو نرم و ملائم بنانے یا ان کا روکھا پن دور کرنے کے لیے گلیسرین کا استعمال بہترین ہے۔اس مسئلے کے حل کے لیے گلیسرین میں برابر کی مقدار میں پانی شامل کریں اور اس محلول کو اپنے بالوں میں تھپتھپا لیں۔یہ آپ کے بالوں کے لیے بہترین کنڈیشنر کا کام دے گا اور بال آسانی سے سنور جائیں گے۔یہ طریقہ گھنگھریالے بالوں کو سلجھانے اور سنوارنے کے لیے بھی انتہائی کار گر ثابت ہوتا ہے۔
آنکھوں کی حفاظت: گلیسرین کا ایک اور حیرت انگیز استعمال اور فائدہ یہ ہے کہ اسے آپ انڈر آئی کریم کے طور پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔اگر آپ کی آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ہیں تو ان سے نجات پانے کی مئوثر تدبیر یہ ہے کہ رات سونے سے پہلے ان پر گلیسرین لگائیں۔اس سے نہ صرف گہرے حلقے ختم ہو جائیں گے بلکہ آنکھوں کے نیچے جلد بھی تر و تازہ اور ہموار نظر آئے گی۔آنکھوں کی سوجن اور حلقے دور کرنے کے لیے مارکیٹ میں کئی مہنگی کریمیں دستیاب ہیں،لیکن یہی کام آپ نہایت سستے اور آسانی سے دستیاب گلیسرین کی مدد سے بھی لے سکتے ہیں۔
زخموں کی دیکھ بھال: گلیسرین کی ایک حیرت انگیز خاصیت کے بارے میں بہت کم خواتین جانتی ہوں گی کہ یہ کسی بھی چوٹ یا زخم کے مندمل ہونے کا عمل تیز کر دیتی ہے اور گلیسرین کی یہ خوبی محض چھوٹے موٹے زخم یا خراشوں پر ہی کار گر نہیں بلکہ اسے بڑے زخموں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے،کیونکہ اس میں جلد کے خلیوں اور زخموں کی مرمت کرنے کی بیش بہا صلاحیت پائی جاتی ہے۔