کیا خبر تھی تیری محفل سے نکلنا ہو گا! ورسٹائل اداکارہ صبیحہ خانم سب کو اُداس کر گئیں
صبیحہ خانم کو قتل کی دھمکیاں ملیں لیکن انہوں نے فلم انڈسٹری میں کام جاری رکھا
صوم و صلوٰۃ کی پابنددھیمے مزاج کی حامل، سلجھی ہوئی شریف النفس ،وضع دار پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم امریکی ورجینیا میں13 جون کو 84برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔دین اسلام، قرآن پاک اور اسلامی تعلیمات سے انہیں پیار تھا،قرآن پاک اور اسلامی کتابیں ان کے گھر کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔فلم انڈسٹری سے منسلک رہنے کے دوران بھی نماز اور عبادت ان کی زندگی کا اہم حصہ تھی۔ فلم انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بھی یہی تھی کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ تو سٹوڈیوز جا سکتی تھیں لیکن ان کی جدائی کے بعد تنہا جانا بہتر نہیں سمجھا۔بھولپن ،معصومیت اور شرافت ان کے چہرے کی پہچان تھی ۔
ملک کی معروف اداکارہ صبیحہ خانم گزشتہ 2 عشروں سے امریکہ میں مقیم تھیں، امریکہ ان کا دوسرا گھر تھا۔ان کے انتقال کی خبر جاری کرتے ہوئے نواسی نے ٹویٹ کیا ’’ہم بہت دکھ کے ساتھ اپنی بہت ہی پیاری اور محبوب صبیحہ خانم کی موت کی خبر سنا رہے ہیں۔وہ 13جون کو ہم سے بچھڑ گئی ہیں۔آخری سانس تک خاندان کے دیگر افراد ان کے قریب تھے۔ہم جانتے ہیں کہ لوگ ان سے بے حد پیار کرتے ہیں ، بے شمار تعزیتی پیغامات مل رہے ہیں لیکن،ہم سب سے صبر کرنے کی درخواست اور عاجزانہ گزارش کرتے ہیں کہ اپنی اور ہماری حفاظت کے پیش نظر اپنے گھر پر رہ کرمرحومہ کے لئے دعا کیجئے۔‘‘
1950ء سے 1970ء تک انکی مسلسل کئی فلمیں ریلیز ہوئیں،بلکہ زیادہ تر فلمیں 1970 کے آخر تک ریلیز ہوئیں۔ان کا نام فلم کی کامیابی کی ضمانت بن چکا تھا،بعد ازاں اکا دکا فلموں میں کام کیا۔ صبیحہ خانم نے ہیروئین سے کریکٹر ایکٹر تک ہر رول نبھایا ، اور خوب نبھایا،جیسے ہر کرداران کو سامنے رکھ کر ہی لکھاگیاہو۔عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے بڑے رشتے داروں کا روپ دھار لیا۔صبیحہ بزرگ یا ماں کے کردارمیں بھی خوب ججتی تھیں۔فلمیں ’’ایک گناہ اور سہی‘‘،’’انجمن ‘‘اور ’’دیور بھابی ‘‘ کریکٹر ایکٹر رولز کا اچھا حوالہ ہیں۔ فلم ’’اک گناہ اور سہی‘‘ ماسکو کے فلم فیسٹول میں بھی پسند کی گئی تھی۔پاکستان کی پہلی گولڈن جوبلی اور پہلی ہی سلور جوبلی بھی 30برس راج کرنے والی صبیحہ خانم ہی کے کریڈٹ میں ہیں۔
صبیحہ خانم نے 1935میں سیاسی طور پر زیرخیز زمین گجرات میں آ نکھ کھولی۔والدمحمد علی کاتعلق دلی اور والدہ اقبال بیگم (بالو)امرتسر سے تعلق رکھتی تھیں۔والدہ نے خود بھی کئی مقامی فلموں میں کام کیاتھا، انہیں بھی صبیحہ خانم کے فلم میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہ تھا۔ والد بھی اپنی بیٹی کو فلم انڈسٹری میں لانا چاہتے تھے۔ بزرگ مذہبی تھے اس لئے صبیحہ خانم نے قتل کی دھمکیوں کے ساتھ فلم انڈسٹری میں کام کیا ، یہ دھمکیاں کوئی اور نہیں ،خاندان کے بزرگ ہی دے رہے تھے۔ صبیحہ خانم کی پرورش میں والد کے ساتھ خاندان کے بزرگوں کا بھی ہاتھ تھا وہ ہر گز نہیں چاہتے تھے کہ ان کے خاندان کی کوئی بیٹی فلم انڈسٹری کا رخ کرے ۔گھرانہ دیہاتی تھا ، دیہات میں عین ممکن تھا کہ کوئی خنجر ہی نہ چلا دے ۔ موت کا خوف بھی صبیحہ کو ڈرا نہ سکا۔ہم کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے ’’بندوقوں کے سائے‘‘ میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا ، انہوں نے یہ اعتراف کرنے میں دیر نہیں لگائی کہ ان کا خاندان فلم انڈسٹری کاشدید مخالف تھا۔خاندان نے ان کا نام مختار بیگم رکھا ،فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد صبیحہ خانم کے نام سے شہرت پائی۔
1948ء میں سیالکوٹ میں ایک ڈرامہ دیکھتے ہوئے ڈرامہ ہو گیا ۔ شومئی قسمت کسی وجہ سے ہیروئین وہاں نہ پہنچ سکی،چنانچہ وہ کردار انہیں مل گیا ،وہاں نفیس خیلی اور انور کمال پاشا نے ان کے جوہر کو پہچان لیا ۔ انہوں نے بھانپ لیا تھا کہ صبیحہ خانم ایک روز بڑی اداکارہ بنیں گی۔یہی وقت تھاجب انہوں نے اپنی فلموں میں رول دینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اداکار سنتوش کمار (سید موسیٰ رضا)کے ساتھ اپنی پہلی فلم ’’بیلی‘‘ میں کام کیا ،فلم ناکام اور جوڑی ہٹ ہو گئی۔ مسعود پرویز نے یہ فلم 1950ء میں بنائی جس سے انہیں فلم انڈسٹری میں راستہ مل گیا۔فلم ’’بیلی‘‘ کی کہانی قیام پاکستان کے گرد گھومتی تھی۔دکھ درد سمیٹے ہوئے یہ فلم ناکام ہو گئی۔ فلم ’’بیلی‘‘ میں صبیحہ خانم نے اپنا کردار خوب نبھایا ۔ اس کے فورا ًہی بعد فلم ’’وعدہ ‘‘میں پولیس افسر کی بیٹی کے روپ میں جلوہ گر ہوئی جس میں ایک غریب آدمی پولیس افسر کی بیٹی کو دل دے بیٹھتا ہے، بیٹی کوئی اور نہیں، صبیحہ خانم ہی تو تھیں۔فلم کے گانے نے دھوم مچا دی۔بول ہیں،
تیری رسوائیوں سے ڈرتا ہوں
جب تیرے شہر سے گزرتا ہوں
خلیل نفیس نے انہیں ڈرامہ ’’بت شکن‘‘ میں کردار دلوایا۔جس کے بعد صبیحہ خانم نے فلم انڈسٹری کے کئی بت توڑ کر اپنے لئے جگہ بنا لی خلیل نفیس نے ان کا فلمی نام صبیحہ خانم رکھا۔اگرچہ فلم انڈسٹری میں قدم جمانے کے بعد نام بدلنے کی روایت عام تھی ۔ دلیپ کمار ان میں سب سے اہم ہیں۔مگر صبیحہ کے نام کی تبدیلی میں وہ راز بھی پنہاں تھا، جس کا ذکر ہم کر چکے ہیں یعنی بزرگوں کی مخالفت۔ فلم ’’دو آنسو ‘‘ میں نوری کے روپ میں سامنے آنے والی صبیحہ کا یہ کردار ہٹ ہو گیا۔سنتوش کمار ہیرو تھے ،یہ فلم بھی ہٹ ہو گئی۔ 1956ء میں ایم ایس ڈار کی فلم’’ دلا بھٹی ‘‘بھی گولڈن جوبلی کر گئی۔فلم ’’گمنام ‘‘میں وہ ایک ذہنی مریضہ کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں،یہ کردار نبھانے کیلئے انہوں نے ذہنی مریضوں کے ہسپتال کا بھی دورہ کیا تھا،اب وہ فلم انڈسٹری کی ضرورت بن گئی تھیں، رول مانگنے کے لئے کسی کے پاس جانے کا وقت ختم ہو گیاتھا ،رول خود ان کے پاس آتے تھے، ان کا نام فلم کی کامیابی کی ضمانت بن چکا تھا یہ ان کے کام کے عروج کا زمانہ تھا۔جو 1980ء تک جاری رہا۔
اگرچہ انہوں نے اس دور کے تمام ہی ہیروز کے مدمقابل کام کیا۔جیسا کہ یوسف خان حبیب ، اسلم پرویز لیکن سنتوش کے ساتھ جوڑی خوب سجی۔شوہر کے ساتھ ان کی فلمیں ،مکھڑا، حسرت، تیرے بغیر، مسکراہٹ، رشتہ، موسیقار، کنیز، شام ڈھلے، دیور بھابی ، پاک دامن، انجمن ، سوال، انتقام، قتل، کمانڈر، اور محبت بھی کامیاب رہیں ۔دل میں تو، حاتم، ایاز، طوفان، محفل، شیخ چلی، سوہنی، چھوٹی بیگم اور داتا بھی ان کی کامیاب فلمیں ہیں۔فلم ’’وعدہ‘‘ کے بعد ’’شیخ چلی،‘‘’’آس پاس‘‘،’’ چھوٹی بیگم‘‘، ’’دلا بھٹی‘‘ ،’’داتا‘‘، ’’ایاز‘‘، ’’سات لاکھ‘‘ کے ریلیز ہونے کے بعد صبیحہ خانم نے مڑ کر پیچھے نہیں دیکھا۔انہیں فلم ’’سات لاکھ‘‘ میں ایک نافرمان نوجوان لڑکی کا رول ملاتھا۔آزاد خیال شہزادی کے روپ میں جو من میں آتا ،وہ کرتی تھی، والد کی بھی نہیں سنتی تھی۔والد چاہتے تھے کہ وہ شادی کر کے گھر بسا لے تو وہ اسے سات لاکھ روپے بھی دیں گے اور ایک بنگلہ بھی ملے گا۔یہ فلم ہٹ ہو گئی۔ہدایت کار انور کمال پاشا کی فلم ’’آنسو‘‘ پاکستان کی پہلی فلم گولڈن جوبلی فلم تھی ۔گولڈن جوبلی کرنے والی فلم ’’ سسی‘‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ 1956ء میں فلم ’’سر فروش‘‘ بھی کامیاب رہی۔ فلم کا یہ گانا بے حد مقبول ہوا،
اے چاند ان سے جا کر میرا سلام کہنا
فلم ’’عشق لیلیٰ‘‘کا ایک گانا بھی عام ہوا، بول ہیں،
پریشان رات ساری ہے ،ستارو تم تو سو جائو
نور جہاں کی آواز میں فلم ’’سوال‘‘ کے ایک گانے نے دھوم مچا دی تھی ۔یہ اس قدر مشہور ہوا کہ محاورہ بن کر رہ گیا۔بول ہیں،
’’لٹ الجھی سلجھا جا رے بالم‘‘
مرحومہ نے خود بھی ایک فلم خود ’’ناجی ‘‘بنائی جو کامیاب نہ ہو سکی۔ انہیں خود فلم ’’گمنام‘‘ پسند تھی ۔نورجہاں کا گایا ہوا گانا بہت مقبول ہوا ، بول ہیں،
کیا خبر تھی تیری محفل سے نکلنا ہو گا
فلم میں کام کرنے کے دوران انہیں سنتوش کمار (سید موسیٰ رضا)سے سچی محبت ہو گئی۔کئی فلموں میں ہیرو اور ہیروئین کا رول کرنے کے بعد دونوں نے زندگی بھر ساتھ نبھانے کا فیصلہ کرلیا۔لوگ کہتے ہیں کہ یہاں عورت کو مرضی سے شادی کرنے کا حق حاصل نہیں ہے لیکن ہم یہ بھی بتائے دیتے ہیں کہ صبیحہ خانم کو اپنی پسند کی شادی کرنے کا حق ان کے خاندان نے دیا۔ سنتوش کمار کا رشتہ والد کو ہرگز پسند نہ تھا۔ سنتوش نہایت ہی صاحب کردار اور نیک دل انسان تھے، شہرت بھی اچھی تھی، برائیوں سے بھی دور دور رہتے تھے۔ لیکن پہلے سے شادی شدہ تھے یہی بات والد کے دل میں کھٹکتی تھی کہ ان کی بیٹی کسی ایسے مرد سے شادی کیوں کر رہی ہے جو پہلے سے شادہ شدہ ہے ،کئی وسوسے اور اندیشے ان کے دل میں پروان چڑھ رہے تھے۔ یہی بات والد کو اچھی نہ لگی، بیٹی کے اصرار پر مان گئے اور سنتوش کو گلے سے لگا لیا۔ شادی کے بعد بھی جوڑی مشہور اور ہٹ رہی۔
شادی کی ایک دلچسپ بات شادی دعوت نامہ تھی۔صبیحہ خانم نے پاکستان میں موجودگی کے دوران بتایا تھا، ’’شادی طے ہو گئی، دونوں طرف سے تیاریاں جاری تھیں کہ ایک روز سنتوش کمار مجھے شادی کا دعوت نامہ دینے آگئے‘‘۔صبیحہ نے خوشی کے آنسو آنکھوں میں لاتے ہوئے کہا ۔۔۔۔’’مجھے اچھا لگا جب میرے ہونے والے شوہر نے مجھے دعوت نامہ دیا۔یہ ان کی مجھ سے محبت کی علامت تھی۔میں نے ان سے پسند کی شادی کی۔‘‘ اپنے شوہر کے انتقال کے بعد صبیحہ خانم اندر سے ٹوٹ سی گئی تھیں۔مرحومہ نے کہا تھا، ’’ سنتوش کمار نے میری پسند کی لاج رکھی، زندگی بھر خوش رکھا مگر ایک بار خوب رلایا، اپنی جدائی پر، ان کے چلے جانے سے میری ذاتی دنیا ہی اجڑ گئی‘‘۔
سنتوش کمار کے انتقال کے بعدسے وہ اندر سے ٹوٹ گئی تھیں۔سنتوش سے شادی خاندانی رکاوٹ کی وجہ سے مشکل ترین فیصلہ تھا ،یہی ان کی زندگی کا بہترین فیصلہ بھی ثابت ہوا،سنتوش نے بھی فلمی ہیرو جیسی محبت نبھائی۔ان کے لئے مشکل ترین دن شوہر کی جدائی کا دن تھا،ان کا دل فلم انڈسٹری سے اچاٹ ہو گیا تھا۔
معین اختر انہیں ٹی وی میں لائے، یہ ان کی نئی پہچان تھی۔معین اختر کے کہنے پر انہوں نے ٹی وی سیریل ’’دشت‘‘ میں کام کیا۔ان کے کریڈٹ میں6 نگار ایوارڈ ہیں، اس دور میں دو ہی مقبول انعام ہوا کرتے تھے ،نگار زیادہ اہم تھا جبکہ بولان ایوارڈ بھی اہمیت کا حامل تھا لیکن نگار ایوارڈ کو فوقیت حاصل تھی۔ 1981ء میں انہیں30سالہ کارکردگی پر ’’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ بھی ملا۔1986ء میں پرائڈ آف پرفارمنس ملا، ان دنوں اس ایوارڈ کی عزت ہوتی تھی ،جو حال اب ہے اس کا ،وہ حال نہ تھا۔زیادہ انعامات حاصل کرنے والی فلموں میں شکوہ (1963)، خصوصی ایوارڈدیور بھابی(1967)،ایک گناہ اور سہی (1975) بھی شامل ہیں۔30سالہ کارکردگی پر لائف اچومنٹ نگار ایوارڈ (1981)،بہترین معاون اداکارہ فلم سنگ دل(1982) او رپرائڈ آف پرمامنس 1986میں ملا۔ہماری بستی،غیرت، پنجرہ، برکھا، غلام، صلیب، آغوش (1953) ،گمان (1954) ، سسی( پاکستان کی پہلی گولڈن جوبلی فلم ) شرارے (1955) ۔ 1980تک ان کی مسلسل فلمیں آتی رہیں ۔ 1981تین، 1982میں دو سنگدل اور ووہٹی جی ریلیز ہوئیں۔1984یں عشق نچاوے گلی گلی نے بھی دھوم مچائی لیکن ان کا دل اچاٹ ہو چکا تھا۔1984میں کامیابی ریلیز ہوئی ۔ 1985میں مہک ،1989میں محبت ہو تو ایسے ریلیز ہوئیں۔وہ بعد ازاں امریکہ چلی گئیں۔ 1994کے بعد ان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی۔ پاکستان سے ان کی محبت کا یہ عالم تھا کہ ٹی وی کی سور جوبلی کے موقع پر 1982ء میں انہوں نے گیت گایا جسے سن کر آج بھی دلوں کی کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے ،آج بھی یوں لگتا ہے کہ صبیحہ خانم کہیں سے آئیں گی اور ان کی آواز گونجے گی،
سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے
جگ جگ جئے میرا پیارا وطن،لب پہ دعا ہے دل میں لگن
انہوں نے پسماندگان میں 3 بچے سید احسان فریحہ شہریار اور عاصمہ رضا چھوڑے ہیں۔آج وہ ہم میں نہیں ہیں ،ان کی محبت ، خلوص،شفقت ہمارے آس پاس ہی تو ہے، صف اول کی مرحوم اداکارہ صبیحہ خانم کی سماجی اور فلمی خدمات کو ہم کبھی بھلا نہ سکیں گے ۔ وہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments