پڑھو اور جانو, کچھ شیر کے بارے میں
بچو: شیر کے بارے میں آپ سب یہ تو جانتے ہی ہیں کہ اسے جنگل کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔شیر کو ببر شیر بھی کہتے ہیں۔اسے عربی میں ’’اسد‘‘اور انگریزی میں’’لائن‘‘کہا جاتا ہے۔شیرکی چال بڑی شاہانہ ہوتی ہے اسی لیے اسے تمام جنگلی جانوروں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔
بچو:آپ کو شایدیہ معلوم نہیں کہ شیر،بلی کے خاندان کا سب سے بڑا جانور ہے۔اس کی جسامت اور طاقت کی وجہ سے اسے جانوروں کا بادشاہ مانا جاتا ہے،اور یہ اپنی گرجدار دھاڑ کی وجہ سے بھی پہچانا جاتا ہے۔اس کی گرجدار آواز 8 کلو میٹر دور تک سنائی دی جا سکتی ہے۔آج سے 10 ہزار سال پہلے تک شیر افریقہ،یورپ اور ایشیا میں پایا جاتا تھا،مگر جب انسانوں نے بڑے پیمانے پر ان کا شکار کیا تو ان کی نسل تیزی سے کم ہونے لگی۔آج ایک لاکھ کے قریب شیر افریقہ میں صحارا کے ریگستانوں میں پائے جاتے ہیں اور صرف300کے قریب بھارت میں موجود ہیں۔اس کے علاوہ بہت سے شیر دنیا کے مختلف چڑیا گھروں میں بھی پائے جاتے ہیں۔ایک نر شیر کا وزن 150سے250کلو گرا م ہوتا ہے،اور ان کی اونچائی 4 فٹ ہوتی ہے۔یہ تقریباً 8 فٹ تک لمبے ہوتے ہیں۔ایک مادہ شیر کا وزن 120سے180کلو کے درمیان ہوتا ہے۔اس کی اونچائی3.6فٹ جبکہ لمبائی تقریباً6 فٹ تک ہوتی ہے۔شیر کے کندھے اور اگلی ٹانگیں بے حد مضبوط ہوتی ہیں۔ان کے جبڑے چھوٹے مگر طاقت ور ہوتے ہیں۔یہ اپنے پنجوں اور تیز دانتوں سے با آسانی جانوروں کا شکار کر لیتے ہیں۔شیر کی عمر8 سے15 سال ہوتی ہے۔یہ2 سے 12خاندانوں کے گروہ کی صورت میں رہتے ہیں۔