روغن بادام ، حُسن و آرائش کا منبع
جب ہم خوبصورتی کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہمارے ذہن میں بہت ساری چیزیں آتی ہیں۔ خوبصورتی صرف چہرہ دھونے اور کریم لگانے کا نام نہیں ہے۔ ہم قدیم اجزاء جیسے کہ گری کا تیل، پیٹرولیم جیلی، روغن بادام اور بہت کچھ بھول گئے ہیں۔تو جناب! آج بادام کے تیل پر بات کرتے ہیں۔ بادام کا تیل خوبصورتی کیلئے بہترین امرت میں سے ایک ہے جو آپ کی جلد اور بالوں کو بہت فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
بادام کا تیل وٹامن اے، ڈی اور ای پلس سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں اومیگا 6 فیٹی ایسڈ بھی ہوتے ہیں، جو اسے غذائیت کے ساتھ ساتھ جلد کیلئے دیگر مفید خصوصیات کا پاور ہاؤس بناتے ہیں۔آئیے جلد کی دیکھ بھال کے معمولات میں اس جزو کو شامل کرنے کے طریقے جانئے۔ میں آپ کو بادام کے تیل کے فائدے اور اسے استعمال کرنے کے طریقے بتائوں گی، پسند آئیں تو میرے یو ٹیوب چینل ’’آل ان ون دی بیسٹ بلاگ‘‘ پر اپنی رائے ضرور دیں۔ چونکہ بادام کا تیل نشوونما اور مرمت کرنے والے اجزاء سے بھرا ہوتا ہے، اس لیے یہ جلد کی بحالی کے علاج کے طور پر کام کر سکتا ہے۔
چہرے کی خشکی دور بھگائے: آپ اپنی جلد کی دیکھ بھال کے معمول کے اختتام پر چہرے پر روغن بادام کے چند قطرے لگا کر نمی کو سیل کر سکتے ہیں۔
آئی کریم کے طور پر استعمال: بادام کا تیل وٹامن ای سے بھرا ہوتا ہے، اس لیے یہ اینٹی پگمنٹیشن کے فوائد فراہم کرتا ہے اور یہ الٹرا وائلٹ شعاعوں کے نقصان کو ختم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ ان دو وجوہات کی وجہ سے آپ بادام کے تیل کو آنکھوں کے نیچے ایک کریم کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔یہ سیاہ حلقوں کو کم کرنے میں مددگار ہے۔
پھٹے ہوئے ہونٹوں کو نرم کریں: فیٹی ایسڈز اور وٹامن ای کی بھرپور مقدار کے ساتھ، بادام کا تیل انتہائی نمی بخش جزو ہے۔ اسے خشکی اور پھٹے ہونٹوں سے نمٹنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے، جو سردیوں میں عام ہیں۔
میک اپ ریموور کے طور پر: اپنے ہاتھوں کے درمیان ہتھیلیوں کو رگڑ کر بادام کا تیل گرم کریں اور میک اپ پر لگائیں۔ واٹر پروف میک اپ کو بھی یہ تیل آسانی سے صاف کر دے گا۔
بطور کلینزر کے استعمال: آپ اسے رات کے وقت سکن کیئر کے معمولات کے دوران ’’سن اسکرین‘‘ یا ٹنٹ سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے روزانہ استعمال کر سکتی ہیں۔ تیل لگائیں اور ٹشو یا روئی سے چہرہ صاف کر لیں۔
کیوٹیکل آئل کے طور پر: آپ کو کیوں لگتا ہے کہ آپ کے ناخنوں کو توجہ اور خیال کی ضرورت نہیں ہے؟ اکثر آپ کے کٹیکلز خشک، خراب اور صحت مند حالت میں نہیں ہوتے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے آپ کے ناخن اور کٹیکلز بہترین شکل میں ہوں، آپ ان پر بادام کا تیل لگائیں۔
باڈی مساج آئل: بادام کا تیل جسم کے مساج کیلئے سب سے زیادہ اہم اور مشہور تیلوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ جلد کو نرم اور جوان بناتا ہے جبکہ پھیکا پن، خشکی اور چکنائی سے نجات دلاتا ہے۔
بالوں کو مضبوط کریں: بادام کا تیل بالوں کی صحت کو بڑھانے کیلئے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے قدرتی تیلوں میں سے ایک ہے۔ یہ کھوپڑی کی پرورش کر کے بالوں کے فولیکلزکو مضبوط کرتا ہے اور بالوں کی نشوونما میں بھی مدد کرتا ہے۔ آپ بادام کے تیل کو سرکلر موشن میں اپنے سر پر مساج کر یں اور بہترین نتائج کے لیے اسے ایک گھنٹے کیلئے لگا رہنے دیں۔
بالوں کے سروں کونرم کریں: بادام کا تیل نسبتاً ہلکا اور غیر چپچپا تیل ہے جس کی وجہ سے آپ اپنے بالوں کے سروں کی خشکی کو دور کرنے کے لئے اس سے مدد لے سکتے ہیں۔ بادام کا تیل اور آرگن آئل کو سپرے بوتل میں منتقل کریں اور صرف چند قطروں کے چھڑکائو سے بالوں کی بے ترتیبی سے چھٹکارا حاصل کریں۔
جلد کی سوزش، ایکزیما کاخاتمہ:بادام کا تیل موئسچرائزرکے طورپرکام کرتاہے۔موئسچرائزر جلد کو پانی فراہم کرتے ہیں اور جلد کو ہموار کرتے ہیں۔ بہت سے لوگ بادام کے تیل کا استعمال ڈرمی ٹائیٹس اور ایکزیما کے علاج کیلئے بھی کرتے ہیں۔ موئسچرائز ایکزیما کو ختم کرتا ہے۔ ایک ریسرچ سے پتہ چلتا ہے کہ میٹھے بادام کے تیل پر مشتمل موئسچرائزر ہاتھوں کی جلد کی سوزش کی علامات کو کم کرتا ہے۔ ریفائنڈ بادام کے تیل پر مشتمل ایمولیئنٹس سے خارش کو دور کرنے میں مدد ملی اور زیروٹک ایکزیما کوکم کیا۔
کیل مہاسوں والی جلدکیلئے مفید:مہاسوں والے لوگ بادام کے تیل کو موئسچرائزر کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔
حمل کے اسٹریچ مارکس ختم کرے:حاملہ خواتین جو اسٹریچ مارکس کو روکنے یا مخارش کو کم کرنا چاہتی ہیں وہ اپنے پیٹ پر بادام کے تیل سے ہلکی مالش کر سکتی ہیں۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بادام کے کڑوے تیل سے مالش کرنے سے اسٹریچ مارکس کم ہو جاتے ہیں۔ ایک اور تحقیق نے اشارہ دیا کہ میٹھے بادام کے تیل کی کریم کھجلی کے نشانات اور ان کے پھیلاؤ کو کم کر سکتی ہے۔
بادام کا تیل کیسے استعمال کریں؟:آپ تیل سے براہ راست جلد پر مساج کر سکتے ہیں۔ اسے گرم کرنے کیلئے پہلے اسے ہتھیلیوں یا انگلیوں کے درمیان رگڑ لیں۔
استعمال کے دیگر طریقے:(1)تیل کو چینی کے ساتھ ملا کر چہرے کا اسکرب بنائیں۔(2) تیل میں نمک ملا کر باڈی اسکرب بنائیں۔(3) غسل کیلئے پانی میں چند چمچ روغن بادام کو شامل کر لیں۔ (4)پھٹے ہوئے ہونٹوں پر تیل کی مالش کریں۔
خطرات اور حفاظت: جلد پر بادام کے تیل کے استعمال سے وابستہ چند معروف خطرات بھی جان لیں ۔بادام کے تیل کے منفی ردعمل کی جانچ کرنے کیلئے ایک چھوٹے سے حصے پر پیچ ٹیسٹ کرنا ضروری ہے۔ حساس جلد والے افراد کو جسم پر کئی دنوں تک ٹیسٹ کرنا چاہیے۔ جسے نٹ الرجی ہو اسے بادام کا تیل استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ ایکزیما کے شکار لوگوں کوبادام کاتیل استعمال کرتے وقت زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔