جڑی بوٹیوں سے تیارکردہ ماسک چہرے کی دلکشی اور تازگی بڑھائیں
جڑی بوٹیاں قدرت کا بیش بہا خزانہ ہیں۔ یہ نہ صرف صحت کیلئے مفید ہیں، بلکہ حسن کی حفاظت کیلئے بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے ہربل ماسک یا جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ ماسک بہت اہمیت کا حامل ہے۔
خواتین کے سنگھار کے لوازمات میں ماسک چہرے کی دلکشی اور تازگی کیلئے لگایا جاتا ہے۔ جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ ماسک میں بہت زیادہ تحریک دینے والے اجزاء ہوتے ہیں، جن کی وجہ سے نہ صرف خون کی گردش بہتر ہو جاتی ہے، بلکہ پٹھے بھی صحت مند رہتے ہیں، جلد کی لچک برقرار رہتی ہے اور مسام سکڑ کر جلد کو رعنائی بخشتے ہیں۔
ماہرین حسن کے مطابق چہرے کی جلد کو شگفتہ اور شاداب بنانے کیلئے ماسک لگانا نہایت ضروری ہے۔ ہفتے میں کم از کم ایک بار چہرے پر مختلف قدرتی اشیاء میں سے کسی ایک کا ماسک لگانے سے آپ کا چہرہ تازہ اور نرم ملائم رہتا ہے۔ ماسک لگانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ دو تین مرتبہ ماسک استعمال کرنے کے بعد عموماً خواتین ماسک لگانے کی اتنی ماہر ہو جاتی ہیں کہ کسی کی مدد کے بغیر وہ خود اس کام کو انجام دے لیتی ہیں۔ ذیل میں ہم آپ کو ماسک تیار کرنے، لگانے اور اتارنے کے طریقے بتاتے ہیں۔
ماسک تیار کرنے کا طریقہ:عام طور پر ماسک تین قسم کے ہوتے ہیں، پھلوں کا ماسک، سبزیوں کا ماسک اور ملتانی مٹی کا ماسک۔ ان کے علاوہ بھی ماسک کی کئی اقسام ہیں۔ یہ بازار سے تیار شدہ بھی مل جاتے ہیں اور انہیں گھر پر بھی آسانی سے تیار کیا جا سکتا ہے۔ گھر میں تیار کئے جانے والے ماسک زیادہ معیاری اور اثر انگیز ہوتے ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں کا ماسک انہیں کچل کر یا پیس کر تیار کیا جاتا ہے۔ پھلوں کا گودا بطور ماسک استعمال کیا جاتا ہے۔ملتانی مٹی کا ماسک ہر طرح کی جلد کیلئے مفید ہے۔ یہ چہرے کے کھلے مسامات کو بند کرتا اور جلد کو ٹائٹ کرتا ہے۔ اس ماسک کو تیار کرنے کیلئے کچی ملتانی مٹی ایک انڈے کی سفیدی اور ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر پیسٹ بنا لیں۔ انڈے کا ماسک بنانے کیلئے ایک انڈے کی سفیدی، ایک چائے کا چمچہ شہد اور عرق گلاب کے دو تین قطرے شامل کریں۔
ماسک لگانے کا طریقہ:ماسک لگانے سے پہلے کسی اچھے صابن سے منہ دھو کر خشک کر لیں۔ ماسک لگانے سے دس منٹ پہلے چہرے پر دودھ بھی لگائیں۔ دس منٹ بعد روئی کے ٹکڑے کو نیم گرم پانی میں بھگو کر اس سے چہرے کو اچھی طرح صاف کر لیں۔ ماسک پہلے مرحلے میں پیشانی اور رخساروں پر لگائیں، دوسرے مرحلے میں چہرے کے جو حصے باقی رہ گئے ہیں، ان پر اچھی طرح ماسک لگائیں۔ ماسک کو گردن پر بھی لگائیں۔ ماسک چہرے پر پندرہ سے بیس منٹ تک لگا رہنے دیں۔ اس دوران آپ روئی کے ٹکڑے کو عرق گلاب میں بھگو کر آنکھوں پر رکھ سکتی ہیں، اس سے آنکھوں کی تھکن دور ہو جائے گی۔
انڈے کی سفیدی، شہد اور چند قطرے عرق گلاب ملا کر اس قدر پھینٹیں کہ اس میں سے جھاگ نکلنے لگے۔ یہ ماسک نارمل اور چکنی جلد والی خواتین کیلئے بہت مفید ہے۔ خشک جلد کی حامل خواتین اس آمیزے میں عرق گلاب کی جگہ گلیسرین بھی ملا سکتی ہیں، یہ بھی بہت مفید ثابت ہوگا۔
ماسک اتارنے کا طریقہ:روئی کے ٹکڑے کو نیم گرم پانی میں بھگو کر گردن اور چہرے سے ماسک کو اچھی طرح صاف کریں۔ اس کے بعد چہرہ صاف پانی سے دھو کر کسی نرم کپڑے سے خشک کر لیں۔ چہرہ خشک ہو جائے تو اسکن ٹانک کا استعمال کریں۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو عرق گلاب لے کر اسے روئی میں بھگو کر چہرے اور گردن پر نرمی سے لگائیں۔ خیال رہے کہ ماسک اتارنے کیلئے بہت زیادہ ٹھنڈا پانی استعمال نہ کریں۔ ماسک اتارنے کے کم از کم ایک یا ڈیڑھ گھنٹے کے بعد میک اپ کریںاور اس کا آغاز فائونڈیشن سے کریں۔
نسرین شاہین نیوٹریشنسٹ اور بیوٹی ایکسپرٹ ہیں