نبی ﷺ کو ناز تھا جن کی رفاقت اور محبت پر
سیرت سیّدنا صدیقؓ کا بغور مطالعہ کرتے ہوئے جہاں ہم انہیں رفیقِ غار کے اعزاز سے بہرہ ور دیکھتے ہیں۔
وہاں بعد از وفات رفیق ہونے کی عظیم سعادت سے بھی آپ ؓ سرفراز دکھائی دیتے ہیں۔ آپؓ کی حیات مطہرہ میں کچھ خصائص ایسے نظر آتے ہیں جو پوری ملت اسلامیہ میں آپؓ کو امتیازی حیثیت بخشتے ہیں۔ ان خصائص نے آپؓ کی شخصیت کو وہ نمایاں اور خصوصی شرف عطا کر دیا ہے جو حضور پاکﷺ کے اعلانِ نبوت کے بعد نہ اب تک کسی کو حاصل ہو سکا ہے اور نہ تا قیامت کسی کو حاصل ہو سکے گا۔ پوری اُمت مسلمہ پر حاصل ان امتیازات نے سیّدنا صدیق اکبرؓ کو بعد از نبی کے عظیم ترین مرتبہ پر فائز کر دیا۔
مُسْلِم اوّل: جب سرور کونین ﷺ نے اعلانِ نبوت فرمایا تو سیّدنا صدیق اکبرؓ بغرض تجارت یمن گئے ہوئے تھے۔ جب آپ ؓ وہاں سے واپس لوٹے تو سرداران قریش ابو جہل، عتبہ اور شیبہ انہیں ملنے کیلئے آئے اور دوران گفتگو تازہ خبر کے طور پر آپؓ کو بتایا کہ ابوطالب کے یتیم بچے محمدﷺ بن عبداللہ نے نبی ہونے کا دعویٰ کر دیا ہے۔ ہم تمہاری واپسی کے منتظر تھے تاکہ اس کی روک تھام کا کوئی پروگرام مرتب کیا جا سکے۔ یہ سُن کو یوں معلوم ہوا کہ گویا یہ اڑتیس سالہ نوجوان اس خوشخبری کا پہلے ہی سے منتظر تھا۔ اپنے محبوب دوست کو ملنے کیلئے اس کے دل میں آتش اشتیاق بھڑک اٹھی۔ سرداران قریش کو رخصت کیا، خود بارگاہ رسالت میں حاضر ہو کر کلمہ شہادت پڑھا اور دولت اسلام سے بہرہ ور ہو گیا۔ نبی پاکﷺ نے ایک موقع پر خود فرمایا میں نے جس شخص کے سامنے اسلام پیش کیا اس میں ایک قسم کی جھجک اور تردد و فکر ضرور پائی سوائے ابو بکرؓ کے۔ جس وقت میں نے ان کی سامنے اسلام پیش کیا انہوں نے بے جھجک اسے قبول کر لیا۔ اس طرح آزاد مردوں میں اسلام قبول کرنے کی اوّلیت آپؓ کو نصیب ہوئی۔
مصدق اوّل: کفا ر مکہ ایک جگہ بیٹھے حضور پاکﷺ کے واقعہ معراج کے خلاف زہر افشانی کرنے کے بعد مسکن ابوبکرؓ کا رخ کرتے ہیں اور سیّدنا صدیق اکبرؓ کو کہتے ہیں کہ تمہارا نبی تو اب عجیب و غریب باتیں کرنے لگا ہے، وہ کہتا ہے کہ میں راتوں رات آسمان کی سیر کر کے مکے میں واپس آگیا۔ ابوبکر ؓ نے یہ سن کر حیرانگی سے پوچھا کیا تم سے یہ باتیں رسول اللہ ﷺ نے فرمائی ہیں۔ انہوں نے جواب دیا ہاں۔ اس پر زبان صدیق ؓ بلا تامل پکار اٹھی، اگر حضور ﷺ نے ایسا فرمایا ہے تو میں اس کی تصدیق کرتا ہوں۔ یوں مصدق اوّل ہونے کا شرف بھی سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے ہی حصہ میں آیا۔
رفاقتِ سفر کا اعزاز: نبی پاک ﷺ کا معمول تھا کہ آپ ﷺ صبح و شام حضرت ابوبکر صدیقؓ کے مکان پر تشریف لے جاتے تھے۔ ایک روز خلاف عادت دوپہر کے وقت چلچلاتی دھوپ میں سرکار دوعالمﷺ تشریف لے گئے۔ سر مبارک کو تمازت سے بچانے کیلئے چادر سے ڈھانپ رکھا تھا۔ ابوبکرؓ اپنی فراست سے سمجھ گئے کہ آپﷺ کا بے ٹائم آنا بے وجہ نہیں ہو سکتا۔ آپ ﷺ نے بتایا کہ ابوبکر ؓ رب ذوالجلال کی طرف سے مکہ چھوڑنے کی اجازت آگئی ہے۔ یہ سُن کر حبیب خداﷺ کے حبیبؓ نے ملتجیانہ نگاہوں سے رخ انور کی طرف تکتے ہوئے عرض کی اور میری رفاقت یا رسول اللہﷺ۔ ارشاد فرمایا رفاقت کی بھی اجازت ہے۔ رفاقتِ سفر کا مژدہ جاں فزا سنتے ہی فرط مسرت سے حضرت ابو بکرؓ کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔
مرکب سرورکونینﷺ: حضور اکرم ﷺ ہجرت کی رات جب سیدنا صدیق اکبرؓ کو ساتھ لے کر مدینہ کی جانب روانہ ہوئے تو آقائے دوجہاں ﷺ کے پاؤں مبارک زخمی ہو گئے۔ اپنے محبوب کو اس مشکل میں دیکھ کر صدیق اکبرؓ نے انہیں اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔ اس طرح اللہ نے صدیق اکبرؓ کو مُرکب مُصطفیٰ بننے کا شرف عطا فرماکر بار نبوت کو اٹھانے کی حیران کن قوت سے نواز دیا۔
یارِ غارِ رسولﷺ: مکہ سے مدینہ کا سفر ہر طرح سے پر خطر اور کٹھن تھا۔ دوران سفر پہلا مرحلہ غار ثور میں قیام تھا۔ سیدنا صدیق اکبرؓ نے آپﷺ کو اپنے کندھوں پر سوار کیا اور پہاڑی کی چوٹی پر لے گئے۔ غار کو اندر جاکر صاف کیا، اس پر خطر جگہ پر صرف اور صرف سیدنا صدیق اکبرؓ کو صحبت سرکارﷺ کے انمول لمحات میسر آئے۔ اسی لئے رہتی دنیا تک قرآن گواہ بن کر مسلمانوں کو آپؓ کی شان کا بتاتا رہے گا۔ ان ساعتوں کی عظمت کے سبب ہی تو آقائے دوجہاں ﷺ نے حضرت عائشہ ؓ کے استفسار پر بتایا کہ حضرت عمرؓ کی نیکیاں آسمان کے ستاروں سے بھی زیادہ ہیں اور حضرت ابوبکرؓ کی غار ثور کی ایک رات کی نیکیاں حضرت عمرؓ کی ساری زندگی کی نیکیوں سے بھاری ہیں۔
مسجد اوّل کی زمین کی خریداری کاشرف: نبی پاکﷺ کے مدینہ تشریف آوری پر فرزندان توحید کھنچے چلے آئے اور ایک مرکز پر جمع ہونے لگے۔ نبی پاک ﷺ نے تعمیر مسجد کا حکم فرمایا۔ اس سلسلہ میں مدینہ کے دو یتیم بچوں کی زیر ملکیت زمین پسند فرمائی گئی۔ جسے اگرچہ وہ اور ان کے لواحقین بلا قیمت دینے پر مصر تھے تاہم رحمت عالم ﷺ نے یتیموں کا مال بلا قیمت لینا پسند نہیں فرمایا اور اس کی قیمت ادا کرنے کا شرف سیدنا صدیق اکبرؓ کو بخش دیا گیا۔
محافظ دربان رسولﷺ : حضرت علیؓ روایت کرتے ہیں کہ یوم بدر میں ہم نے تمازت آفتاب سے رسول اللہ ﷺ کی حفاظت کیلئے ایک سائبان بنا دیا۔ ہم نے کہا رسول اللہﷺ کے ساتھ کون رہے گا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ مشرکین میں سے کوئی آپﷺ پر حملہ کردے۔ بس خدا کی قسم!سوائے ابوبکرؓ کے ہم میں سے کوئی قریب نہ گیا۔ وہ ننگی تلوار سے رسول کریمﷺ پر سایہ فگن رہے۔ جس کسی نے آپ ﷺ پر حملہ کیا ابوبکر ؓ اس پر حملہ آور ہوئے۔ جس خیمے میں سرکارﷺ کا قیام تھا اسی میں سیدنا حضرت ابوبکرصدیقؓ ٹھہرے اور آپﷺ کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا۔
امیر حج: 9ہجری میں مسلمانوں پر حج کی فرضیت کا حکم آنے پر مدینہ سے حج کی غرض سے مسلمانوں کا قافلہ تیار ہوا۔ آقائے دوجہاںﷺ نے امیر حج کا عظیم عہدہ صدیق اکبرؓ کو سونپا۔
بار امت صدیقِ اکبر ؓکے کندھوں پر: آقائے دوجہاں ﷺ کا مرض جب شدید ہو گیا تو آپﷺ نے حضرت عائشہؓ سے فرمایا ابو بکرؓ سے کہو کہ نماز کی امامت کریں۔ یہ سن کو حضرت عائشہؓ نے عرض کی وہ ایک رقیق القلب آدمی ہیں، جب قرآن پڑھتے ہیں تو بہت روتے ہیں۔ مطلب یہ تھا کہ نماز کی امامت نہ فرما سکیں گے مگر حضورﷺ کے حکم پر آپؓ کو یہ فرض ادا کرنا پڑا اس طرح سترہ نمازوں کی حیات مقدسہ میں امامت کا شرف آپؓ کو حاصل ہوا۔
فرمان مصطفوٰیﷺ کی پابندی کی درخشاں نظیر: مرض وصال میں حضور ﷺ نے اسامہ بن زیدؓ کی زیر نگرانی میں رومیوں کے خلاف سات سو جیالے نوجوانوں کا ایک لشکر روانہ کرنے کیلئے نامزد فرمایا، جو آپﷺ کی علالت اور وصال کے باعث روانہ نہ کیا جا سکا۔ سیدنا صدیق اکبرؓ نے بیعت کے دوسرے دن ہی حکم دیا کہ جیش اسامہ تیار ہوکر بغیر وقت ضائع کئے روانہ ہو جائے، حالانکہ فتنہ ارتداد اور کاذب مدعیان نبوت کی سرکشی کے سبب اصحابہ کرام ؓ کی رائے اس کے خلاف تھی مگر آپؓ نے فرمایا خدا کی قسم اگر مدینہ اس طرح آدمیوں سے خالی ہو جائے کہ جنگل کے درندے مجھے اٹھا کر لے جائیں تب بھی اس مہم کو نہیں روک سکتا جس کے بھیجنے کا فیصلہ خود سرکارﷺ نے فرمایا تھا۔
سرور کائناتﷺ سے عرصہ حیات کی مطابقت: 21جمادی الاخر 13ہجری غروب آفتاب کے بعد جب محبوب خدا ﷺ کے حبیبؓ کی عمر 63 سال یعنی حضور پاک ﷺ کی عمر کے برابر ہوگئی تو ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی۔
رفاقتِ قبر کا اعزاز: امیر المومنین صدیق اکبرؓ کے فضل و شرف اعزاز و خصائص کی انتہا یہ ہے کہ آپؓ کو حضورﷺ کے ساتھ خصوصی اور امتیازی شرف رفاقت حاصل ہے۔ سفر و حضر کی رفاقت، غار ثور کی رفاقت اور آخر میں پہلوئے مصطفیٰ ﷺ میں تدفین کے ذریعہ رفاقت قبر کا نصیب ہونا پوری اُمت میں آپؓ ؓکو عظیم مرتبہ عطا کرتا ہے۔
نبی کو ناز تھا جس کی رفاقت اور محبت پر
وہ جس پر فخر ہے ملت کو وہ مسند نشیں تم ہو
جہاں ارشاد فرما تھے رسول اللہ ؐوہا ں تم تھے
جہاں آرام فرماں ہیں رسول اللہؐ وہیں تم ہو