رہنمائے گھر داری

یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ استری کا کام آپ کے کپڑوں کی سلوٹیں دور کرنا ہے۔ ایک تکون سطح کی کلاتھ آئرن جسے فلیٹ آئرن بھی کہا جاتا ہے اسے گرم کرکے استری کرنا آسان ہو جاتاہے۔ اس پلیٹ کی مدد سے ہمارے کپڑوں کی سلوٹیں جاتی رہتی ہیں اور جب یہ کپڑے ٹھنڈے ہوں تو نئی اور تازہ شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کے کپڑے شاندار طریقے سے استری ہوں تو تھوڑا سا گرم پانی چھینٹوں کیلئے علیحدہ رکھ لیں۔ جہاں محسوس کریں ابلے ہوئے پانی سے چھینٹا دیں۔ شکنیں جلد اور بہت اچھی طرح دور ہوں گی۔
اگر آپ گہرے اور تیز رنگوں کے کپڑے استری کر رہی ہوں تو انہیں الٹا کرکے استری کریں۔ کپڑوں کا رنگ متاثر نہیں ہوگا۔
استری کرتے وقت کف کالر کی کریزپر پہلے استری کر لی جائے تو باآسانی تہہ بیٹھ جاتی ہے۔اگر آپ کا کپڑا ڈیزائن والا ہے یا کڑھائی والا ہے تو اس پر براہ راست استری نہ کریں بلکہ کپڑا رکھ کر استری کریں۔بعض دفعہ کپڑے کی سلائی میں دھاگے کا کھنچائو محسوس ہوتا ہے ایسے کپڑوں کو پانی میں کاٹن کے کے ٹکڑے کو بھگو کر کھنچائو والی پٹی یا سلائی پر لگا کر یعنی گیلا کرکے استری کی جائے، تمام سلائی کپڑے پر آسانی سے بیٹھ جائے گی اور کپڑا کھنچا ہوا نہیں رہے گا۔
بہت زیادہ گرم ہو جانے پر یا نشان آ جانے کی صورت میں پہلے تو استری ٹھنڈی کر لی جائے اس کے بعد پانی میں بیکنگ سوڈے کی کچھ مقدار ملا کر نرم کاٹن سے استری کی صفائی کی جائے۔ تمام نشانات جاتے رہیں گے۔
کپڑوں کی پلیٹوں پر استری کرنے کیلئے پیپر کلپ لگا کر استری کی جائے۔ اگر کپڑوں کے درمیان کارڈ بورڈ رکھ کر استری کی جائے تو وہ بھی باآسانی ہو جاتے ہیں۔