لڑکیوں کا کمرہ
لڑکیوں کے کمرے کی سجاوٹ کیلئے وہی روایتی گلابی رنگ کی اشیاء اور جھالروں کی خیرباد کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ آج کل بچیوں کے کمرے کی تزئین و آرائش ان کی شخصیت ان کے پسندیدہ رنگ اور رجحان کے مطابق کی جاتی ہے مگر پھر بھی ان کے کمرے کی آرائش کے دوران انہیں شہزادیوں جیسا تاثر دینا نہ بھولیں کیونکہ آپ کی بچی کیلئے اس کا کمرہ کسی محل سے کم نہیں۔ ذیل میں ہم آپ کی رہنمائی کیلئے ایسی ہی چند مفید ٹپس دے رہے ہیں جو بنائے آپ کی ننھی منی شہزادی کے کمرے کو لاجواب آرائش کا نمونہ!
اپنی بیٹی کے کمرے کو ایک منفرد تاثر دینے کیلئے ایک چھوٹی سی حاشیہ دار کھڑکی طرز کے ریکس، دیواروں میں نصب سفید ڈیسک، درازوں اور کیبنٹس کیلئے خاصی جگہ فراہم کر سکتی ہے۔ کمرے کا تھوڑا تخلیقی تاثر دینے کیلئے آپ منفرد طرز کے حروف کے ذریعے بچی کا نام دیوار پر لگا سکتے ہیں۔
کمرے کو سٹائلش اور منظم رکھنے کیلئے اس میں شیلفز کا اضافہ کریں۔ سادے مگر خوبصورت اور چھوٹے شیلفز دیکھنے میں بہت بھلے لگتے ہیں اور کمرے کا اچھا تاثر پیش کرتے ہیں۔ اس طرح ان شیلفز کی بدولت کتابوں، آرٹ ورک اور ٹرافیز وغیرہ کو سجا سکتی ہیں۔ بیدکی بنی کچرے کی ٹوکری بھی کمرے کو منظم اور صاف ستھرا رکھنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔
بچیوں کے کمرے کی آرائش کے وقت چادر، غلاف اور پردوں کے پرنٹس نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ حد سے زیادہ نمائشی اور بچگانہ یا دانشورانہ طرز کے پرنٹس بچیوں کے کمروں کے حساب سے مناسب نہیں ،بہتر یہی ہے کہ آپ روایتی پھولدار پرنٹس کا انتخاب کریں۔ ساتھ ہی گرافک ڈیزائن کے پھولدار پرنٹس کے وال پیپر بھی ہوں تو کیا ہی بات ہے۔
بچیوں کا کمرہ صرف سونے کی حد تک محدود نہیں۔ ان کے کمرے میں ایک ببل چیئر بھی لٹکائیں۔ ببل چیئر بید کے میٹریل سے بنی لٹکائی جانے والی جھولا نما نشست ہوتی ہے جو سیاہ، سفید، بھورے اور سرخ رنگ میں رنگی ہوئی تیار ملتی ہیں۔ یہ آپ کی بچی کے کمرے کو انوکھا تاثر دینے کے ساتھ اس کو پڑھنے کیلئے ایک اچھی اور آرام دہ جگہ بھی فراہم کرے گی۔کشادہ کمرے کو بکھرے رہنے سے بچانے کیلئے آپ جدید طرز کے بنا دروازوں والے بک شیلفز یا دیواروں میں نصب الماری بھی بنا سکتی ہیں۔
گلابی اور ہرے رنگ کا امتزاج ہر عمر کی لڑکیوں کے کمرے کیلئے بہترین ہے۔ پھولدار پرنٹس اور کرسٹلز کی آرائشی اشیاء کمرے میں متوازن فضا برقرار رکھیں گی۔ اس طرح نہ تو کمرہ نہایت بچگانہ لگے گا اور نہ بڑوں کے کمرے جیسا۔
اسٹائلش سرمئی دیواروں کے ساتھ جدید طرز کے فرنیچر کا انتخاب کرکے آپ اپنی بچی کو کئی سالوں کیلئے دلکش اور آرام دہ ماحول مہیا کر سکتی ہیں۔ چھوٹی سفید ڈیسک اور ٹیبل لیمپس کا فرنیچر کے طور پر استعمال ہر عمر کی بچیوں کے کمرے کیلئے بہترین ثابت ہوگا۔
خوبصورت فانوس میں سجی روشنی لڑکیوں کے کمرے میں جان ڈال دیتی ہے۔ مختلف طرز کی جدید اور روایتی لائٹس ہمیشہ انتہائی جاذب نظر لگتی ہیں۔