پھلوں اور سبزیوں سے وزن گھٹائیں

سمارٹ رہنے کی کوشش میں پہلا نشانہ خوراک بنتی ہے،وزن میں کمی کیلئے کسی خوراک پر پابندی نہ لگائیں۔ بہت سی لڑکیاں ڈائٹنگ کے عمل میں کھانا کم کر دیتی ہیں۔ اس سے انہضام سست پڑ جاتا ہے اور پٹھے کمزور ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
کھانے پینے یا بعض غذائوں کو شجر ممنوعہ سمجھنے سے وزن میں کمی نہیں ہوتی بلکہ کمزوری بڑھنے لگتی ہے، جلد بھی ڈھلک سکتی ہے۔ خوراک کا استعمال باقاعدگی سے کریں البتہ گھرسے بسکٹوں، چاکلیٹوں اور دوسری کرسپی چیزوں کی چھٹی کرا دیں۔ ان کی جگہ سادے پاپ کارن، بغیر نمک کے رائس کیکس، سبزیوں اور پھلوں کو جگہ دیں۔
پھلوں اور سبزیوں میں وزن کم کرنے والی خوبیاں پائی جاتی ہیں۔ پھل اور سبزیاں اچھی صحت کیلئے بھی ضروری ہیں اور وزن کم کرنے کیلئے بھی معاون بنتے ہیں لیکن موسمی پھل استعمال کرنا بہتر ہے۔ اوّل تو علاقے کے قریب پیدا ہونے والی سبزیاں اور پھل استعمال کریں اور دوسرے موسمی پھلوں اور سبزیوں کوترجیح دیں۔ نقل و حمل کے دوران غذائیت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ سبزیاں گھر میں بھی اگائی جا سکتی ہیں ۔ ہوم گارڈننگ کو فروغ دینے سے صحت بہتر ہو سکتی ہے۔ پیکٹ والی غذائوں سے بھی گریز کرنا بہتر ہے۔
پھل اور سبزیوں میں کیلوریز، توانائی اور چکنائی کی مقدار اور فائبر زیادہ ہوتا ہے۔ یوں پھل اور سبزیاں خودبخود وزن کم کرنے میں سب سے اہم کر دار ادا کر سکتی ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں پر مشتمل غذائوں کو وزن میں کمی کا سب سے بہترین ذریعہ قرار دیتے ہیں ان سے حیاتین اور معدنیات کی کمی بھی نہیں ہوتی۔ وزن کم کرنے کیلئے پروٹین والی غذائوں کو بھی استعمال کریں، جیسا کہ انڈا پانی کی اضافی مقدار اور فائبر پیدا کرنے کے علاوہ توانائی کی مناسب فراہمی کو پورا کر دیتا ہے۔ مشروبات موٹاپے میں 60فیصد اضافے کا باعث بنتے ہیں لہٰذا ان سے تو جان ہی چھڑا لیں۔ اجناس سالم حالت میں پکائیں۔ دھلی ہوئی دالوں کی جگہ سالم دال اور چنے کی دال کی بجائے چنے زیادہ بہتر رہتے ہیں۔
وزن میں کمی کے حوالے سے کچھ ٹپس نوٹ کر لیں۔ بہت سی لڑکیاں سمارٹ نظر آنے کی کوشش میں ناشتہ چھوڑ دیتی ہیں، اس سے دن بھر کمزوری اور بھوک محسوس ہو سکتی ہے۔ وزن کم کرنے کیلئے ناشتہ چھوڑ دینا اچھی چوائس نہیں بلکہ باقاعدگی کے ساتھ مقررہ وقت پر کھانا کھانا بہتر عمل ہے۔ اس سے بہت زیادہ شوگر اور چکنائی والی غذائیں کھانے کی طلب خود ہی ختم ہو جاتی ہے۔ وزن میں کمی کیلئے اعلیٰ مقدار میں فائبر سے بھرپور غذائیں کھانا مفید رہتا ہے۔ پیٹ بھرا رہنے سے مزید خوراک کی طلب نہیں ہوتی۔ جیسا کہ چاول، چوکر سمیت ڈبل روٹی، پاستا، پھلیاں، دلیا وغیرہ۔ ہمارے ہاں ڈنر اور لنچ میں ہوٹلوں کی طرز پر بھی بڑی بڑی پلیٹیں اب گھروں میں بھی استعمال ہونے لگی ہیں۔ بڑی پلیٹیوں میں زیادہ خوراک بھی کم لگتی ہے لہٰذا چھوٹی پلیٹوں کا استعمال کریں۔ اگر آپ کوئی چیز پیالے میں استعمال کر رہی ہیں توپیالے کا سائز بھی نارمل رکھیں۔