یادرفتگاں: ڈاکٹر انور سجاد صرف ادیب نہیں ہر فن مولاانسان تھے
تعارف: ڈاکٹر انور سجاد 27 مئی 1935ء کو لاہور کے علاقے چونا منڈی میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد دلاور علی ڈاکٹر تھے۔ ان کا اصل نام سیّد محمد سجاد انور علی بخاری تھا۔انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کیا۔
پھر ڈی ٹی ایم اینڈ ایچ کا امتحان لندن سے پاس کیا۔ وطن واپسی پر طب کا پیشہ اختیار کیا۔1965ء میں پاکستان ٹیلی ویژن کیلئے ڈرامے لکھنے کا آغازکیا اور ان مین بطور ادا کارکام بھی کیا۔ 1970ء میں فنکاروں کے حقوق و مفادات کیلئے ’’آرٹسٹ ایکٹویٹی‘‘ کی بنیاد رکھی، حلقہ ارباب ذوق لاہور کے سیکرٹری اور لاہور آرٹس کونسل کے چیئرمین بھی رہے ۔کچھ عرصہ کراچی میں بھی مقیم رہے۔ان کی تصانیف میں ’’رگ سنگ‘‘، ’’استعارے‘‘، ’’آج‘‘، ’’پہلی کہانیاں‘‘، ’’چوراہا‘‘، ’’زرد کونپل‘‘، ’’خوشیوں کا باغ‘‘، ’’نگار خانہ‘‘، ’’صبا اور سمندر‘‘، ’’جنم روپ‘‘(ناول)، ’’نیلی نوٹ بْک‘‘، ’’رسی کی زنجیر‘‘، ’’رات کا پچھلا پہر‘‘، ’’رات کے مسافر‘‘، ’’تلاش وجود‘‘، ’’سورج کو ذرا دیکھ‘‘، ’’مجموعہ ڈاکٹر انور سجاد‘‘ شامل ہیں۔1989ء میں انہیں ’’پرائیڈ آف پرفارمنس‘‘ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں اور بھی کئی ایوارڈز دیئے گئے۔ وہ عارضہ سانس و فالج میں مبتلا رہے،6جون 2019ء کو ان کا انتقال ہوا، انہوں نے 84برس عمر پائی۔
بعض شخصیات کثیر الجہات ہوتی ہیں۔ ان کے فن کا محاکمہ کرنا آسان کام نہیں۔ ڈاکٹر انور سجاد کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہوتا تھا۔ وہ میڈیکل ڈاکٹر بھی تھے اور افسانہ نگار بھی تھے۔ انہوں نے ٹی وی ڈرامے بھی تحریر کئے اور ناول بھی تخلیق کئے۔ اس کے علاوہ مصور بھی تھے اور کہا جاتا ہے کہ رقص کے اسرارو رموز سے بھی آگاہ تھے۔
27مئی 1935ء کو لاہور میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر انور سجاد 50ء کی دہائی میں ایف سی کالج کے طالب علم تھے۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا اور ایک مدت تک کلینک چلاتے رہے۔ کالج کے دنوں میں وہ یونین کے سیکرٹری جنرل تھے۔ اس کے علاوہ وہ کالج کے جریدے کے مدیر تھے۔ انہیں اس جریدے کے مدیر ہونے پر ہمیشہ فخر رہا۔ یہ وہ جریدہ تھے جس کے مدیر کرشن چندر اور برصغیر کے کئی نامور ادیب بھی رہے۔ ایک دفعہ ان سے استفسار کیا گیا کہ کیا وہ دوبارہ طالب علم بننا پسند کریں گے تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ میں تو اب بھی طالب علم ہوں۔
ڈاکٹر انور سجاد نے 1950ء میں لکھنا شروع کیا ۔ وہ کئی ادیبوں سے متاثر تھے لیکن سب سے زیادہ متاثر انہیں سعادت حسن منٹو نے کیا۔ انہوں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ وہ کشی شعبے میں مہارت رکھتے ہیں البتہ ان کا یہ اصرار تھا کہ انہوں نے جس شعبے میں بھی ہاتھ ڈالا وہاں پوری محنت سے کام کیا اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ ڈاکٹر انور سجاد نے علامتی اور استعارتی افسانہ نگاری میں کمال حاصل کیا۔ انہوں نے اس میدان میں ایک منفرد مقام پایا۔ ان کے افسانوی مجموعہ ’’استعارے‘‘ اس کی زندہ مثال ہے۔ ان کے لازوال افسانوں میں ’’کونپل، کارڈیک دمہ، کیکر، سنڈریلا‘‘ اور دیگر کئی افسانے شامل ہیں۔ ڈاکٹر انور سجاد افسانہ نگاروں کے اس قبیلے سے تعلق رکھتے تھے جن میں بلراج مینرا، سریندر پرکاش، رشید امجد، سمیع آہوجا، مظہرالاسلام، اور منشایاد شامل ہیں۔ وہ جدید اردو افسانے کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے براہ راست ابلاغ کے افسانے تحریر نہیں کئے بلکہ ان کے افسانوں کی تکنیک مختلف تھی اور انہیں سمجھنے کے لئے قاری کو ذرا محنت کرنا پڑتی ہے۔ ان کی کتابوں میں ’’استعارے، چوراہا، جنم روپ، خوشیوں کا باغ اور نیلی نوٹ بک‘‘ شامل ہیں۔
ڈاکٹر انور سجاد ترقی پسند ادیب تھے اور ان کے نظریات کی پرچھائیاں ان کی تحریروں میں ملتی ہیں۔ مشہور افسانہ نگار انیس ناگی ان کی کتاب ’’چوراہے‘‘ کے تعارف میں لکھتے ہیں ’’چوراہے‘‘ کے افسانوں کا ایک بڑا وصف یہ ہے کہ مصنف نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ عہد حاضر کے مختلف تصادمات کو محسوس کیا ہے۔ اس نے اپنے معاصر نام نہاد فہم کے جدید افسانہ نویسوں کی ذہنی ریخت، لکھنؤ کے مٹتے کلچر کے ماتم اور جنسی کشتیوں کو موضوع نہیں بنایا بلکہ انسانی تماشے میں انسان کو مرکز بنا کر اس کی بے چین اور گھبرائی ہوئی صورت کو بہت قریب سے دیکھنے کی کوشش کی ہے۔ ان کہانیوں کا کوئی مخصوص جغرافیہ نہیں، ان کا تعلق ایک آفاقی سیاق و سباق سے ہے جس میں انسان اجتماعی صورت میں ہیں۔ جس میں حاکم اور محکوم ہیں، جس میں مشین اور پرزوں کی کھڑکھڑاہٹ، ہسپتالوں کے مریض، رک رک کے چلتے ہوئے دلوں کی دھڑکن، ذات کی گھٹن ہے۔ ’’چوراہے‘‘ کے مطالعے کے بعد یوں محسوس ہوتا ہے کہ انسان کے عوامل ایک دوسرے میں جکڑے ہوئے ہیں۔ وہ مختلف نظاموں میں آزمائش کے چوراہے پر بنے، کیونکہ اس کے سارے رشتے گم ہو گئے ہیں۔ وہ شب و روز سے نبرد آزما ہے۔ اس کے کرداروں کی دوڑ وقت کے ساتھ ہے، جو خواہشوں، نفرتیں، حقارتیں اور تسخیر کے علامیے ہیں جنہیں انسانی تاریخ یاد ہے جو سانپ انجیر کے درخت، عیسیٰ ، چانکیہ، کیکر کے تجربات سے آگاہ ہیں۔ ’’چوراہے‘‘ کے موضوعات کی طرح ان کی تکنیک بڑی متنوع ہے (تکنیک سے مراد محض اسلوبِ بیان ہی نہیں بلکہ سوچ، ادراک اور اظہار کے تمام مراحل ہیں)۔ مصنف کا طریق کار Surrlealistic ہے۔ وہ انسانوں، اشیا اور مناظر کی منطقیت کو اپنے جذباتی تجربے کے زیر اثر نئے طریقے سے مرتب کرتا ہے اور اس کے پس منظر کو ان سے غیر منقطع کر دیتا ہے۔ وہ استعاروں میں سوچتا ہے اور استعاروں اور حوالوں کے ذریعے اظہار کرتا ہے جس کی وجہ سے ان کہانیوں میں تجرید کا عنصر کافی نمایاں ہے۔ اس لیے عام قاری کیلئے بعض اوقات افہام میں دقت پیش آتی ہے‘‘۔
ڈاکٹر انور سجاد نے کئی ٹی وی ڈرامے بھی تحریر کئے اور ڈرامہ نگار کی حیثیت سے بھی نام کمایا۔ خاص طور پر ان کے طویل دورانئے کے ڈرامے بہت پسند کئے گئے۔ ان کی ایک ٹیلی فلم ’’ذکر ہے ایک سال کا‘‘ بھی بہت پسند کی گئی۔ ان کے ٹی وی ڈرامے ’’پکنک‘‘، ’’رات کا پچھلا پہر‘‘، ’’کوئل‘‘، ’’صبا ‘‘اورسمندر‘‘ اور ’’یہ زمیں میری ہے‘‘ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ ڈاکٹر انور سجاد ایک عمدہ اداکار بھی تھے، جنہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں میں کام بھی کیا۔ ’’صبا اور سمندر‘‘ میں شاندار اداکاری پر انہیں سرکاری ٹی وی کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا۔ ان کی ایک ڈرامہ سیریز ’’زرد دوپہر‘‘ بھی بہت مشہور ہوئی۔ اس سیریز میں شجاعت ہاشمی نے بھی یادگارکردار ادا کیا تھا۔ یہ ڈرامہ سیریز 90 کی دہائی میں سرکاری ٹی وی پر دکھائی گئی۔ وہ پاکستان آرٹس کونسل لاہور کے چیئرمین بھی رہے۔ 1977ء میں وہ تھوڑے عرصے کیلئے سیاسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے رہے۔ وہ پیپلز پارٹی کے جلسوں سے خطاب کرتے تھے۔ یہاں انہوں نے ثابت کیا کہ وہ بہت اچھے مقرر بھی ہیں۔ ڈاکٹر انور سجاد کچھ مدت کیلئے ایک نجی چینل سے بھی وابستہ رہے جہاں سکرپٹ ڈیپارٹمنٹ ان کے پاس تھا۔ انہوں نے ناصرف اعلیٰ درجے کے سکرپٹس لکھے بلکہ کئی کامیاب پروگراموں میں پس پردہ آواز بھی ان کی تھی۔ ایک دفعہ ان سے پوچھا گیا کہ ’’ادب برائے ادب‘‘ اور ’’ادب برائے زندگی‘‘ کے بارے میں وہ کیا کہتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ’’ادب برائے انسان‘‘ کے قائل ہیں۔ پھر ایک نقاد نے ان سے جب یہ کہا کہ جدید افسانہ نگاروں نے زبان کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے تو انہوں نے سختی سے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے جدید افسانہ نگاروں نے زبان کو بگاڑا نہیں بلکہ اسے نئی جہتوں اور زاویوں سے نوازا ہے۔
ڈاکٹر انور سجاد ایک شفیق اور درد مند دل رکھنے والے انسان تھے۔ انہوں نے اپنے کلینک میں نادار مریضوں کا مفت علاج کیا۔ وہ ایک بہت اچھے میڈیکل ڈاکٹر تھے۔ ان کے والد ڈاکٹر دلاور بھی علاقے کی مشہور شخصیت تھے۔ کبھی کبھی یہ سوچ کا عقل دنگ رہ جاتی ہے کہ کیا ایک انسان اتنی جہتوں کا مالک ہو سکتا ہے۔ وہ بلا کے ذہین تھے اور وسیع المطالعہ بھی۔ ایسے کثیرالجہات لوگ کہاں روز روز پیدا ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر انور سجاد 84 برس کی عمر میں 6جون 2019ء کو اس جہانی فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ یقین کامل ہے کہ انہوں نے عمر بھر جتنا کام کیا وہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments