سردیوں کے پھل
اللہ تعالیٰ نے ہمیں قدرتی اشیاء کے بے شمار خزانوں سے نوازا ہے۔ ہر موسم کے اعتبار سے پھل عطا کیے ہیں جو ہمیں موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔کھٹے میٹھے پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں۔
ان کے استعمال سے ہمارا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اور سردی سے لڑنے کی طاقت ملتی ہے۔ اس لئے اپنی خوراک میںموسمی پھل بھی ضرور شامل کریں۔سردیوں کی آمد آمد ہے بلکہ سردیاں آ چکی ہیں ۔سردی کے موسم کی وجہ سے آپ کو بہت سی پریشانیوں اور بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہماری پریشانیوں کے معاشی و سماجی اور دیگر اسباب ہوں گے لیکن بیماریوں کی وجہ قوت معدافت میں کمی ہے۔ایسے میں آپ کو اپنے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دینی چاہیے۔تھوڑی سی بے احتیاطی طبیعت کی ناسازی کا باعث بھی بن جاتی ہے۔ جیسے کہ کم پیاس لگنے سے آپ پانی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔قوت معدافت کی کمی کو دور کرنے کے لیے کون کون سے پھل مفید ہیں اس بابت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں ۔عام طور پر سردیوں کے موسم کے تقریباََسارے پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیںیہ وٹامن سردیوں کے موسم میں آپ کے جسم میں گرمی اور مختلف بیماریوں کے خلاف مدافعت پیدا کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ تمام پھل ذائقے سے بھرپورصحت کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔
سیب
یہ سب سے زیادہ وسیع پیمانے پر درخت پر کاشت ہونے والا پھل ہے۔ اس کا درخت مغربی ایشیا میں شروع ہوا۔ سیب کا ذکر بہت سی ثقافتوں کی دیومالائی اور کتابوں میں موجود ہے ۔کہاوت ہے کہ اگر آپ روز ایک سیب کھاتے ہیں تو پھر یہ آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے۔یہ ہی وجہ ہے کہ سیب کو ایک سپر فوڈ کا نام دیا جاتا ہے ۔سیب ایک ایسا پھل ہے جو تقریبا ہر موسم میں ہر گھر میں پایا جاتا ہے۔ لیکن سردیوں میں سب سے زیادہ دستیاب ہونے والا پھل بھی سیب ہی ہے۔سیب دیگر پھلوں کے مقابلے میں خاص طور پر فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ وٹامنز، معدنیات، مرکبات اور غذائی اجزا ء کے اپنے منفرد امتزاج کی وجہ سے سیب جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے، ذیابیطس کے خطرے کو روکنے اور دماغ، دل اور یہاں تک کہ دانتوں کی صحت کو فروغ دینے میں کردار ادا کرتا ہے۔سیب آپ کے ہاضمے کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے اور آپ کو قبض کے ہونے کے خطرے سے دور رکھتا ہے۔ سیب کو چھلکے سمیت کھانا چاہیے ۔کیونکہ سیب کا چھلکا اتار کر کھانے سے اس کے ساتھ ساتھ سیب میں موجود فلیوانائڈز بھی ضائع ہو جاتے ہیں۔سیب کو اکثر کچا کھایا جاتا ہے مگر اس کا استعمال بہت سی کھانے کی اشیاء خاص طور پر میٹھے اور مشروبات میں بھی ہوتا ہے۔ سیب کھانے سے صحت پر بہت سے مفید اثرات پائے جاتے ہیں جبکہ بیج قدرے مضر صحت ہیں۔سیب کو اپنی سردیوں کے معمول کی غذا میں لازمی شامل کریں ۔یہ آپ کی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے ۔
انار
سردیوں میں آنے والا یہ پھل فائبر اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔اِس کا سْرخی مائل سَخت چھِلکا ہوتا ہے اور یہ سْرخ دانہ دار گْودے سے بھَرا ہوتا ہے جو کھٹے اور میٹھے ذائقوں کا حامل ہوتا ہے۔ یہ پھل انسانی غذا ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کے لیے بطور دوا بھی تجویز کیا جاتا ہے کیونکہ بہت سی بیماریوں میں مفید ہے۔ دانت اور قلب عارضہ میں مفید ہے۔انارکو شاہی پھل بھی کہا جاتا ہے انار بہت سارے اینٹی آکسیڈٰنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو آپ کو بہت سی بیماریوں کے خطرے اور خاص طور پر کافی قسم کے کینسر سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔انار کا جوس پینے سے آپ کا ہاضمہ بھی بہتر ہو سکتا ہے۔اس کے علاوہ انار کا جوس فولیٹ، پوٹاشیم اور وٹامن ای اور کے حاصل کرنے کا بھی ایک اچھا ذریعہ ہے۔یہ آپ کی آنتوں میں سوزش کو کم کرتا ہے اور آپ کے پورے نظام انہضام کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔انار کو اپنی سردیوں کے معمول کی غذا میں شامل کرناآپ کی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے ۔
کینو، ما لٹا، فروٹر
سردیوں میں وافر مقدار میں آنے والا سستا ترین یہ پھل اپنی رنگیں شکل اور مزیدار ذائقے کے ساتھ ساتھ بہت سارے فوائد بھی لے کر آتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ آپ کی جلد کو بھی خوبصور بنانے میں مدد کرتا ہے، وزن کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ مالٹوں کو وٹامن سی کا پاور ہائوس کہا جاتا ہے۔ اور وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے ۔مالٹے کی کئی اقسام موجود ہیں جیسے کہ نارنجی، کینو، فروٹر اور مالٹا، ان پھلوں کے جوس کے استعمال سے دنوں میں وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور قوتِ مدافعت مضبوط ہوتی ہے۔کینو، مالٹے، فروٹر، یہ تمام وہ پھل ہیں جن کا شمار سردی کے خاص پھلوں میں ہوتا ہے، ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ جسمانی نظام کے لیے منرلز اور وٹامنز بہت ضروری ہیں جن کو قدرتی طور پر حاصل کرنے کے لیے پھلوں کو اپنی غذا کا حصہ بنانا لازمی ہے۔مالٹے اور کینو نظام ہضم کو بہتر بناتے، عمر رسیدگی کے اثرات سے بچاتے اور بلغم و کھانسی کو کم کرتے ہیں۔تحقیق کے مطابق جن لوگوں میں خون کی کمی ہو، ان کو مالٹا کھلانے سے فائدہ ہوتا ہے، کیونکہ اس پھل میں قدرت نے خون پیدا کرنے کی صلاحیت رکھی ہے۔ پاکستان کا شمار مالٹے اور کینو پیدا کرنے والے چھٹے بڑے ملک کے طور پر ہوتا ہے۔
امرود
امراض معدہ میں مفید ہے ۔امرود ایک سستا پھل ہے ۔ہر ایک کی پہنچ میںہوتا ہے ۔فائبر اور وٹامن اے، بی6 اور سی سے بھر پور امرود کو بھی سپر فوڈز میں شمار کیا جاتا ہے، اس پھل کا سلاد اور چاٹ بنا کر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق امرود کو غذا میں شامل کر لینے سے قبض سے نجات ملتی ہے،امرود کھانے سے ٹھنڈ اور کھانسی میں افاقہ ہوتا ہے، وزن میں کمی، کینسر کے خدشات کم کرتا ہے اور ہارمونز کی افزائش میں کردار ادا کرتا ہے۔
انگور
چھوٹے چھوٹے موتیوں جیسے انگور مختلف رنگوں کے پائے جاتے ہیں جن میں سرخ، جامنی، ہرے اور پیلے انگور شامل ہیں، انگور میں وٹامن اے کا بیش بہا خزانہ پایا جاتا ہے جبکہ انگوروں میں دیگر وٹامنز یعنی، ڈی 3، ای، سی، ڈی، بی12، بی 6 اور کے بھی پایا جاتا ہے۔انگور مختلف اقسام اور رنگوں میں دستیاب ہوتے ہیں ۔ماہرینِ غذائیت کے مطابق انگور کا استعمال دل کے امراض دور کرتا ہے اور کارکردگی بہتر بناتا ہے، اس کے علاوہ ذیابیطس، کینسر، جوڑوں کے درد، وائرل، انفیکشن اور الرجی سے بچاتا ہے۔
چکوترے
سردیوں کے پھلوں میں میٹھے اور رسیلے چکوترے بھی شامل ہیں۔ یہ موسمی پھل بھی بہت سے فائدہ مند اور حفاظتی غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے۔ چکوترے کھانے سے یہ آپ کے جسم میں موجود خلیات کو غیر مستحکم مالیکیولز جنہیں فری ریڈیکلز کہتے ہیں، ان کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ نقصان سے بچانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ چکوترے وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور اس کو حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ آپ کے مدافعتی نظام کو بہتر بناتا ہے، آپ کی ہڈیوں کو مظبوط کرتا ہے ۔چکوترے کو گریپ فروٹ بھی کہتے ہیں۔
کیلا
کیلا ایک مشہور پھل ہے ا س کا تنا قدرے موٹا اور نرم ہوتا ہے اور پتے بہت بڑے بڑے چوڑے اور لمبے ہوتے ہیں ۔پکا کیلا بطور پھل اور کچا بطور سبزی کھایا جاتا ہے۔کیلے میں فائبر اور تین اقسام کی شکر (سکروز، فرکٹوز اور گلوکوز) پائی جاتی ہے، کیلا فوراً انرجی بحال کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ماہرینِ غذائیت کے مطابق ایک وقت میں 2 کیلے کھانے سے 90 منٹ تک انسان خود کو تر و تازہ اور توانا محسوس کرتا ہے۔کیلے میں ایک مخصوص پروٹین پایا جاتا ہے جو انسان کو تھکاوٹ میں سکون پہنچاتا اور موڈ کو بہتر بناتا ہے، اسے کھانے سے نیند کی کمی کی شکایت دور ہوتی ہے۔وٹامنز اور منرلز کے لحاظ سے کیلے میں آئرن اور پوٹاشیئم بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔
مسمی
مسمی زود ہضم اور طاقت بخش پھل ہے۔یہ خون پیدا کرتا ہے۔ملیریا،بخار،سل اور تپ دق میں بے حد مفید ہے۔ مسمی میں اسّی فیصد پانی ہوتا ہے۔ اس میں معقول تعداد میں گوشت بنانے والے روغنی اور نشاستہ دار اجزا کے ساتھ ساتھ سوڈیم‘ فاسفورس اور پوٹاشیم کی آمیزش ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامنز اے اور بی پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے ضروری ہوتے ہیں۔ یہ قبض کشا ہے۔ معدہ کی تیزابیت کو دور کرنے کیلئے یہ قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔ صبح نہار منہ چار عدد مسمیاں کھانے سے بڑھا ہوا پیٹ کم ہوتا ہے بشرطیکہ یہ عمل تین ہفتے تک جاری رہے۔
سردیوں میں ہر گھر میں نزلہ زکام اور کھانسی کا زور بڑھ جاتا ہے اور ڈاکٹروں کے چکر لگنے شروع ہوجاتے ہیں، اگرآپ روزانہ دوائیاں کھانے سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں ان پھلوںکو ضرور شامل کرلیں جو آپ کو با آسانی دستیاب ہیں، جو آپ کی معاشی حالت برداشت کر سکتی ہے ان پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے آپ بہت سے صحت کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ اور اس طرح ایک طاقتور مدافعتی نظام کے ساتھ آپ کسی بھی قسم کی بیماری سے بچ سکتے ہیں ۔