پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز:گرین شرٹس :مسلسل دوسرے وائٹ واش کا خطرہ

تحریر : زاہد اعوان


ابھی 2024ء کے پہلے مہینے کا تیسرا ہفتہ ختم نہیں ہوا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پر سال کے دوسرے وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا۔شان مسعود کے بعد شاہین شاہ آفریدی کوبھی ناکامی کا سامنا ہے۔

آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی گرین شرٹس کو فتح نہ مل سکی،کینگروز کے بعد کیویز نے بھی شاہینوں کو دبوچ کر پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز اپنے نام کی اور پھر مسلسل چوتھے میچ میں بھی شکست دے کر وائٹ واش کے دہانے پر پہنچا دیا۔ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں میزبان نیوزی لینڈکو 4-0کی واضح برتری حاصل ہو چکی ہے اور اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری پانچواں میچ آج (21 جنوری کو) کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو وائٹ واش سے بچنے کیلئے آج کا میچ ہر صورت جیتنا ہو گا۔ اگردونوں ٹیموں کے باہمی ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو گرین شرٹس کا پلڑا بھاری تھا لیکن اب یہ فرق بہت کم رہ گیاہے،دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 38ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں، پاکستان نے20 جبکہ 17 میچز میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔ 

سیریز کا نتیجہ اپنی جگہ لیکن ایک بات اہم ہے کہ گرین شرٹس اور بلیک کیپس کے درمیان مختصر فارمیٹ کی اس سیریز میں شائقین بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور تقریباََ میچز میں سٹیڈیم بھرے ہوئے نظر آئے، جنہیں کیویز اور شاہینوں نے مایوس نہیں کیا اور چوکوں و چھکوں کی برسات کے ساتھ سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دوسری جانب کرکٹ نیوزی لینڈ نے تماشائیوں کو خبردار کیا ہے کہ سیریز میں چھکے بہت زیادہ لگ رہے ہیں سٹیڈیم آنے والے تماشائی بال پر نظر رکھیں، فینزسٹینڈز میں چوکس رہیں، کیونکہ تیسرے میچ میں فن ایلن نے 16 چھکے لگائے  تھے جبکہ بابراعظم کی جانب سے لگائی گئی ایک ہٹ تماشائی کے سر پر جا لگی تھی۔

سیریز میں اب تک کھیلے گئے چاروں ٹی ٹوئنٹی میچز کا مختصر جائزہ لیا جائے تو نیوزی لینڈ نے آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی۔کیویز نے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا کر پاکستان کو 227 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 180 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،پاکستان کے بابر اعظم 57، صائم ایوب 27 اور محمد رضوان 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔کیوی بلے بازوں نے پاکستانی بائولروں کی جو درگت بنائی، وہ الگ لیکن پاکستانی فیلڈرز نے بھی دونوں بلے بازوں کی اننگز کو طوالت بخشنے کا کوئی موقع نہ جانے دیا۔بابر اعظم اور افتخار احمد سمیت کئی کھلاڑیوں نے کچھ آسان اور کچھ مشکل کیچ پکڑنے سے صاف انکار کر دیا جس کی بدولت نیوزی لینڈ کے بلے باز جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھتے ہوئے تیزی سے سکور بناتے رہے۔تاہم پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے عباس آفریدی نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے34 رنز کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔شاہین آفریدی نے بھی تین، حارث رئوف نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عامر جمال چار اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 55 رنز دے کر مہنگے ترین بائولر ثابت ہوئے۔ ان کی گیند پر فن ایلن کلین بولڈ ہوئے تو امپائر نے اسے نو بال قرار دے دیا جس کے سبب وہ ایک اہم وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

میزبان ٹیم نے ہملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 21 رنز سے شکست دی،نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 173 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا،  دوسرے ہی اوور میں صائم ایوب ایک رن بنا کر آئوٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان بھی صرف سات رنز بنا سکے،دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا اور فخر زمان 25 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔افتخار احمد ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر سکے اور پویلین لوٹ گئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان بھی دو رنز بنا کر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آئوٹ ہو گئے۔بابر اعظم کی مسلسل دوسرے میچ میں بھی نصف سنچری پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔ میچ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس میچ میں پاکستانی بائولنگ کا جائزہ لیا جائے توحارث رئوف نے3،عباس آفریدی نے2 جبکہ عامر جمال اور اسامہ میرنے ایک ایک وکٹ لی۔

ڈنیڈن میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی  میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا ، نیوزی لینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کو جیت کیلئے 225 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز ہی بنا سکی۔بابر اعظم 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نواز نے 28، محمد رضوان نے 24، فخر زمان نے 19، صائم ایوب اور اعظم خان نے 10، 10 رنز بنائے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کی اننگز میں فن ایلن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 137 رنز بنائے تھے۔ ٹم سیفرٹ 31 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ گلین فلپس 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کے حارث رئوف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ لی۔

نیوزی لینڈکے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز  میں پاکستان ٹیم ابھی تک فتح تو نہ حاصل کر سکی تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اپنی فارم میں واپس آچکے ہیں اور انہوں نے پہلے تینوں میچوں میں ففٹی سکور کی۔ورلڈ کپ 2023 ء کے پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس میں کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کپتانی کی ذمہ داری کے بوجھ سے آزاد ہو کر کھیلی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں  سیریز کے پہلے میچ میں 57، دوسرے میں 66 اور تیسرے میچ میں 58 رنز بنائے، تاہم چوتھے میچ میں 19رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔شائقین کرکٹ سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کی اس پرفارمنس کو سراہ رہے ہیں۔

بلیک کیپس نے کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، جس کے بعد پاکستان نے بیٹنگ شروع کی اور نیوزی لینڈ کو 159 رنز کا ہدف دیا، جسے کیویز نے 18.1 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔ حالیہ سیریز کے دوران یہ پہلا موقع تھا جب پاکستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کی لیکن نتیجہ گزشتہ تین میچز سے قطعی مختلف نہ تھا۔

پانچ میچز کی اس سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی چار، صفر سے شکست ہو چکی ہے اور آج اگر گرین شرٹس کو سال کے آغاز میں ہی مسلسل دوسرے وائٹ واش کے بدنما داغ سے بچنا ہے تو پانچواں اور آخری میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا، قومی ٹیم کو موثر حکمت عملی اپنانے کے ساتھ متحد ہو کر کھیلنا ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کا شیڈول جاری ہوچکا ہے اور اب پاکستان ٹیم کو تجربات سے نکل کر سنجیدگی کے ساتھ بیٹنگ، بائولنگ اور خصوصاً فیلڈنگ کے شعبے میں اپنی خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

میدان محشر میں نعمتوں کا سوال!

’’اور اگر کفران نعمت کرو گے تو میری سزا بہت سخت ہے‘‘ (سورہ ابراہیم :7) ’’اور اس نے تمہارے کان اور آنکھیں اور دل بنائے تاکہ تم شکر گزار بنو‘‘ (سورۃ النحل : 78)’’اے ایمان والو! ہماری دی ہوئی ستھری چیزیں کھاؤ اور اللہ کا شکر ادا کرو اگر تم اُسی کی عبادت کرتے ہو‘‘ (البقرہ )’’اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوتا ہے جو کھاتا ہے تو اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہے اور پانی پیتا ہے تو اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہے‘‘ (صحیح مسلم)

کامیاب انسان کون؟

’’وہ اہل ایمان کامیابی پائیں گے جو اپنی نماز میں خشوع اختیار کرنے والے ہیں‘‘ (المومنون) قرآن و سنت کی روشنی میں صفاتِ مومناللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’جس نے خود کو گناہوں سے بچالیا حقیقتاً وہی کامیاب ہوا(سورۃ الیل)

صدقہ: اللہ کی رضا، رحمت اور مغفرت کا ذریعہ

’’صدقات کو اگر تم ظاہر کر کے دو تب بھی اچھی بات ہے، اور اگر تم اسے چھپا کر دو تو یہ تمہارے لیے زیادہ بہتر ہے‘‘(سورۃ البقرہ)

مسائل اور ان کا حل

’’اسے اپنے گھر لے جاو‘‘ کہنے سے طلاق نہیں ہوتی سوال :میں نے اپنی بیوی سے ایک موقع پرکہاتھاکہ میں تمہیں کبھی ناراض نہیں کروں گا،اگرکوئی ناراضی ہوئی توآپ کے کہنے پرطلاق بھی دے دوں گا۔

فیض حمید کی سزا،بعد کا منظر نامہ

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو سزا سنا دی گئی ہے جو کئی حلقوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے۔ ریاست ملک میں عدم استحکام پھیلانے والے عناصر کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کر چکی ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے امکانات

چیف الیکشن کمشنر کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہے،لیکن حکومتِ پنجاب نے10 جنوری تک کا وقت مانگا ہے۔ پنجاب حکومت نے انتخابی بندوبست کرنا ہے جبکہ شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔