انڈہ: حسن کو چار چاند لگائے
خواتین حسن میں اضافہ کیلئے رنگ برنگے ٹوٹکے آزماتی رہتی ہیں اور ایسا کوئی جتن کرنے سے باز نہیں آتیں جوانہیں حسین بنانے میں معاون ہو سکے۔ اس کیلئے وہ کئی بار پیسوں کی بھی پروا نہیں کرتیں اورمہنگی کریمیں خریدنے کے بعد منہ بسورتی ملتی ہیں کہ راس نہیں آئی۔
کیوں نہ آپ پہلی ترجیح ان چیزوں کو دیا کریں جو آپ کو کہیں قریب ترین سے مل جائیں،یعنی آپ کا بہترین دوست آپ کا کچن آپ کی بہت مدد کر سکتا ہے۔ دودھ، شہد، بیسن،ہلدی کے علاوہ انڈے کا شمار ایسے اجزاء میں ہوتا ہے جو حسن افزاء سنگھاری ٹوٹکوں میں معاون بنتے ہیں۔انڈہ بے شمار غذائی اجزا سے مالا مال قدرتی غذا ہے جو آپ کی جلد اور بالوں دونوں کیلئے مفید ہے۔
انڈے کی سفیدی
انڈی کی سفیدی انسانی جسم کو پروٹین فراہم کرنے اور حسن و خوبصورتی میں اضافے کیلئے بہترین ٹانک ہے۔پروٹین کی اہم قسم البومن انڈے کی سفیدی میں پائی جاتی ہے۔ چہرے کی جھریاں دور کرنے کیلئے انڈے کی سفیدی موثر رنگ دکھاتی ہے۔اس کے علاوہ اس سے جلد کے کھلے مسام بند ہو جاتے ہیں۔ اس میں کلینزنگ اور کیل مہاسوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے۔ انڈے کی سفیدی کوگھریلو ٹوٹکوں میں استعمال کر کے جلد کو خوبصورت ،نرم و ملائم اور شگفتہ بنائیں۔
فیس ماسک
انڈے کی سفیدی کو بطور فیس ماسک استعمال کرنے سے بہتر نتائج ملتے ہیں۔ایک پیالے میں سفیدی کو زردی سے الگ کرکے پھینٹ لیں،سفیدی کو چہرے پر پینٹ کر لیںاور اسے مکمل خشک ہونے کاانتظار کریں۔بعد میں ٹھنڈے پانی سے دھو لیں، سفیدی میں اگر چند قدرتی جڑی بوٹیاں شامل کر لیں تو یہ مزید موثر ماسک بن جاتا ہے۔ اگر آپ کی جلد حسا س ہے تو پہلے ہاتھ پر اسکن ٹیسٹ کریں۔جو خواتین انڈے سے الرجک ہیں وہ پرہیز کریں۔
انڈے کی سفیدی اور شہد کا ماسک
ایک انڈے کی سفیدی میں ایک ٹیبل سپون شہد ملا کر اچھی طرح مکس کر لیں۔اس میں ایک قطرہ اورنج آئل ڈال لیں اور اسے چہرے پر لگائیں، پندرہ منٹ کے بعد سادہ پانی سے دھو لیںاورچہرے کی شگفتگی دیکھیں۔
انڈے کی سفیدی اور دلیے کا ماسک
انڈے کی سفیدی کو پھینٹ کر جھاگ بنا لیں، اب اس میں باریک پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ دلیہ مکس کرکے پیسٹ بنالیں،چند قطرے شہد بھی شا مل کر لیں اسے چہرے پر لگائیں اور مکمل خشک ہونے تک چھوڑ دیں۔اس کے بعد چہرہ دھو لیں۔
چکنی جلد کا حل
ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چمچ دودھ ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں، اسے چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ بعد دھو لیں۔انڈے کی سفیدی میں پائی جانے والے عناصر جلد کی چکنائی کو اچھی طرح صاف کر دیتے ہیں۔اس میں چند قطرے لیموں یا سنگترے کا رس بھی شامل کیا جا سکتاہے۔ چہرے پرہونے والی زائد چکنائی کا مسئلہ آسانی سے حل ہو جائے گا۔
خشک جلد کیلئے ماسک
ایک انڈے کی زردی لے کر اس میں ذرا سا بادام یا زیتون کا خالص تیل ملائیںاچھی طرح پھینٹ کر چہرے پر لگائیں،پھر اس کو روئی اور گرم پانی سے صاف کر لیں،انڈے کی زردی خشک جلد کیلئے مفید ہے۔
آنکھوںکے نیچے جھریاں
اگر آپ کی آنکھوں کے نیچے جھریاںہیںتو انڈے کی سفیدی لگائیں اور سوکھنے کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔اس عمل کو ایک دن چھوڑ کر ایک دن کریں،ایک مہینے میںآنکھوں کے نیچے سے جھریاں غائب ہو جائیں گی۔
انڈا بالوں کیلئے
انڈاہ بالوں کیلئے بہتر ین کنڈیشنر ہے۔دو عدد انڈوں میں ایک کھانے کا چمچ آملہ اور سکا کائی ملا کربالوں میں لگائیں ۔آدھے گھنٹے بعد شیمپو کرلیں۔بالوں میں چمک اور لچک پیدا کرنے کیلئے دو عدد انڈوں میں مہندی مکس کریں اور بالوں میں لگائیں آدھے گھنٹے بعد بال دھو لیں۔ بال چمکدار اور خوبصورت لگیں گے۔