گھر کی آرائش،ایک آرٹ
جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہر وہ چیز جس سے خوبصورتی کا احساس پیدا ہوتا ہے آرٹ کہلاتی ہے۔ مسلسل توازن مناسب ہم آہنگی اور فوقیت آرٹ کے وہ اصول ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنی زندگی میں خوبصورتی کا عنصر پیدا کر سکتے ہیں۔
گھر کی سجاوٹ میں بھی آرٹ کا استعمال انتہائی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ فرنیچر کا انتخاب ترتیب اور استعمال آرٹ سے بہت متاثر ہوتا ہے۔ آیئے دیکھتے ہیں کہ آرٹ کے کے وہ کون سے اصول ہیں جن کو ہم اپنا کر اپنے گھر کی سجاوٹ میں غیر معمولی دلکشی پیدا کرسکتے ہیں۔
توازن اور دلکشی
ہم یوں کہہ سکتے ہیں کہ ترتیب ایک ایسا توازن ہے جو حرکت کی شکل میں پہچانا جاتا ہے۔ ترتیب کی کیفیت گھر کے اندر کی چیزوں کی کسی خصوصیت کو بار بار دہرانے سے پیدا کی جا سکتی ہے۔ مثلاً صوفے کشن پردوں، قالین اور کمرے کی دیواروں کا رنگ ایک ہی ہو جو کہ آرٹ کی ترتیب ہی کہلاتی ہے۔
آرٹ کا دوسرا اصول توازن ہے۔ توازن سے مراد دو مختلف چیزوں میں برابر کا وزن اور برابر کی دلکشی ہونا چاہیے۔ چنانچہ گھر کی سجاوٹ کرتے وقت فرنیچر کی ترتیب اور آرائش میں توازن کی کیفیت کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ توازن کی کیفیت مختلف ہوسکتی ہے، کوئی تصور یا کوئی اور ڈیکوریشن پیس موجود ہو تو توازن کی یہ کیفیت غیر رسمی کہلائے گی۔
گھر کی سجاوٹ کیلئے ضروری ہے کہ کمرے میں رکھے جانے والے فرنیچر اور کمرے سائز میں تناسب ہو مثلاً اگر چھوٹے کمرے میں چوڑی کرسیاں اور صوفے رکھ دیئے جائیں تو اس سے توازن برقرار نہیں رہے گا۔ اسی طرح اگر بڑے سائز کے صوفے کی پشت پر ایک چھوٹی سی تصویر لگا دی جائے تو وہ ہرگز خوبصورت نہیں لگے گی کیونکہ اس طرح ماحول میں مناسبت کا احساس نہیں ابھرے گا۔
ہم آہنگی ہونا
ہم آہنگی کا مطلب تمام چیزوں میں مطابقت کی کیفیت پیدا کرنا ہے،مثلاً اگر کسی کمرے میں سبز رنگ کا قالین ہو اور اسی رنگ کا کوئی شیڈ پردوں اور صوفہ سیٹ میں استعمال ہو۔ اس سے کمرے میں رنگوں کے ذریعے ہم آہنگی نظر آئے گی۔ اس طرح اگر کمرے کے درمیان گول میز رکھی جائے اور اسی شکل کے لیمپ شیڈ بھی لگائے جائیں تو وہ سائز اور شکل کے ذریعے کمرے میں ہم آہنگی پیدا کریں گے۔
ماحول اور فوقیت
ماحول میں کسی ایک جگہ کو زیادہ نمایاں طریقے سے سجایا جائے کیونکہ ہوسکتا ہے کمرے میں بہت ساری خوبصورت چیزیں ہوں جن سے نظر ایک طرف سے ہٹ کر دوسری طرف اور پھر تیسری طرف جائے گی۔ ایسے حالات میں نظر کی حرکت سے بے چینی سی محسوس ہوگی۔ اس اصول کو مد نظر رکھتے ہوے اکثر ڈرائینگ روم میں پھولوں کی سجاوٹ اور خوبصورت تصاویر کو اہمیت دی جاتی ہے۔ آرٹ کی دلکشی گھریلو آرائش میں ہماری معاونت کرتی ہیں۔ بات صرف تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے کی ہے جس کی بدولت آپ گھر کے کسی بھی حصے کو خوبصورت گوشے میں تبدیل کرسکتے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ گھر کی آرائش ایک فن ہے۔
گھر کے ہر حصے کو اس کے استعمال کی مناسبت سے سجا کر نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ بلکہ اس سے سہولت بھی پیدا ہوسکتی ہے کیونکہ آرائش کا کوئی فائدہ نہیں جس سے گھریلوں اشیاء کے استعمال اور گھر کے افراد کو نقل وحرکت میں مشکل کا سامنا ہو۔اسی طرح آرام اور سکون کا پہلو بھی اہم ہے۔