مسائل اور ان کا حل
پیر کے دن ناخن کاٹنا سوال:۔ میں نے سناہے کہ حضورﷺ نے سوموارکوناخن کاٹنے سے منع فرمایاہے؟ (حمزہ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ)جواب:۔سوموارکے دن کے بارے میں تو حدیث نہیں البتہ بعض روایات میں بدھ کے دن ناخن کاٹنے سے ممانعت کا ذکر ہے مگر ایسی تمام روایات سند کے اعتبار سے ضعیف ہیں۔ فیض القدیرمیں علامہ مناوی ؒ نے بدھ کے روزناخن کاٹنے سے ممانعت کا مذکورہ اثر نقل کرنے کے بعد لکھا ہے کہ بدھ یاکسی بھی دن سے بدشگونی کرتے ہوئے کسی کام سے اجتناب کرنا درست نہیں لہٰذاسوموار یا کسی بھی دن ناخن کاٹنے میں شرعاً کسی قسم کی کوئی ممانعت نہیں۔(وفی فیض القدیر،88/1)
فتوی لکھ کردینے کی اجرت
سوال :۔ہم اگرکسی مفتی کے پاس شرعی مسئلہ پوچھنے جاتے ہیں پھر مفتی صاحب سے مسئلہ کا فتویٰ لکھواتے ہیں۔ فتویٰ لکھنے کے بعد مفتی صاحب نے سائل سے فتویٰ کی فیس 500 روپے لی۔ شریعت کی روشنی میں بتائیں مفتی صاحب کا فتویٰ دینے کی فیس وصول کرنا جائزہے؟( جوادنواز،ڈی آئی جی خان)
جواب:۔شرعی مسئلہ بتانے پر کسی قسم کی اجرت لینا جائز نہیں تاہم لکھ کرجواب دینے پراجرت لیناشرعاًجائزہے، کیونکہ یہ لکھنے کی اجرت ہے جس کی گنجائش ہے۔ تاہم اگر کسی دارالافتاء یا ادارہ کی طرف سے کسی مفتی کو اس کام کیلئے باقاعدہ تنخواہ پر مقرر کیا گیا ہوتو پھر اس مفتی کیلئے پیسے وصول کرنا درست نہیں۔تحریری فتویٰ پر بھی اجرت لینا بہتر نہیں ہے۔ (الدرالمختار،96/2)
لے پالک کے کاغذات
میں بطور والد نام لکھنا
سوال:۔ ایک بچی کو میں نے لے کر پالا تھا ۔اس کے تمام کاغذات میں میرا نام بطور والد کے لکھا ہے، کیا یہ جائز ہے ؟ کیونکہ اس کے اصل والد کا نام معلوم ہونا مشکل ہے۔
جواب:آپ سرپرست کے طور پر کاغذات میں اپنا نام لکھ سکتے ہیں۔ والدکے طور پرنام لکھنا جائز نہیں اس سے اجتناب ضروری ہے (القرآن)۔
شوہر بیوی کو طلاق کا حق
تفویض کرسکتا ہے؟
سوال:۔ نکاح نامہ کے کالم نمبر18 میں تحریرہے کہ (آیا شوہر نے طلاق کاحق بیوی کوتفویض کردیاہے، اگر کر دیا ہے تو کونسی شرائط کے تحت) کیا شوہر طلاق کاحق بیوی کوتفویض کرسکتاہے ؟
جواب: جی ،کرسکتاہے اور پھر ان شرائط کے پائے جانے کی صورت میں عورت اپنے اوپر طلاق واقع کرسکتی ہے۔ تاہم اس کیلئے نہایت سوچ سمجھ کر شرائط اور تفصیلات طے کرنی چاہئیں۔ (الدرالمختار، 314/3)
مجنون اور پاگل شخص کی نماز
جنازہ میں کونسی دعا پڑھی جائے
سوال:جو پیدائشی پاگل ہواوراسی حالت میں بالغ ہو کر مر جائے اس کی نمازجنازہ میں کونسی دعاپڑھی جائے؟
جواب:شرعاً ایسا شخص نابالغوں کے زمرے میں شمارہوتاہے اس کے جنازے میں وہی دعاپڑھی جائے گی جونابالغ بچوں کیلئے پڑھی جاتی ہے(ردالمحتار، 655/1)
مال حرام سے حج یا عمرہ کرنا
سوال:زیدعرصہ درازتک بکرکے مال پر ناحق قابض رہااوراس کے مال سے فائدہ اٹھاتا رہا۔ اب زیدحج و عمرہ پر جانا چاہتا ہے، آیازیدکاحج وعمرہ کیساہے جبکہ اس کے مال میں بکرکاکھایاہواناحق مال بھی شامل ہے۔ (محبوب الٰہی جہلم)
جواب: کسی کے مال پرناحق قبضہ کرنا ناجائز و حرام ہے، اس سے احترازلازم ہے۔جس کامال ناحق لیاہے اس کی ادائیگی فوری لازم ہے۔ نیز غصب کئے ہوئے مال سے حج وعمرہ کرنا بھی جائز نہیں تاہم اگراس کے پاس اکثر رقم ذاتی( حلال ) ہوتواس سے حج وعمرہ کیا جا سکتا ہے مگر مال حرام استعمال کرنے کا گناہ ہوگا۔ (فتاویٰ محمودیہ،315/10)، (وفی ردالمحتار، 456/2)