سورج کی شعاعیں
سورج جو کہ نظامِ شمسی کا مرکز ہے اتنا روشن ہے کہ ہم اس کی جانب چند لمحوں کیلئے بھی دیکھ نہیں سکتے۔اس کا قطر زمین کے قطر سے سو گنا زیادہ ہے اور اس کی سطح اُبلتے ہوئے پانی سے بھی ساٹھ گنا زیادہ گرم ہے۔
زمین پر رہنے والے لوگوں کیلئے سورج سب سے بڑی اور اہم چیز ہے۔
یہ ہمیں توانائی،روشنی اور گرمی دیتا ہے۔جن کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے۔اس کے باوجود سورج ایک چھوٹا ستارہ ہے۔
کروڑوں دوسرے ستارے سورج سے بہت بڑے ہیں،لیکن ہم ان کو مشکل سے ہی دیکھ سکتے ہیں۔رات کے وقت ہم آسمان پر ہزاروں ٹمٹماتے ستارے دیکھتے ہیں۔سورج بھی انہی کی طرح کا ایک ستارہ ہے۔سورج زمین سے جو اتنا بڑا نظر آتا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دوسرے ستاروں کی نسبت زمین سے زیاد ہ قریب ہے،تاہم زمین سے اس کا فاصلہ پندرہ کروڑ کلو میٹر ہے۔
سورج کے گرد اس کی بھی ایک اپنی فضا ہے۔ سورج کی سطح سے چار ہزار کلو میٹر بلندی تک اس کو کرو مو سفیر یعنی کرئہ رنگین کا نام دیا گیا ہے۔ یہ سرخ رنگ کا ہے اور اس کا درجہ حرارت دس ہزار درجہ سینٹی گریڈ تک ہے۔اس سے اوپر لاکھوں کلو میٹر بلندی تک کرونا یعنی تاج ہے۔اس میں مسلسل شعلے بلند ہوتے رہتے ہیں ،جن کا درجہ حرارت لاکھوں درجہ سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے۔ان شعلوں کے ذریعے سورج اپنی توانائی برابر خارج کرتاہے۔جس کا بڑا حصہ برقی مقناطیسی شعاعوں کی صورت میں ہم تک پہنچتا ہے۔ان شعاعوں کے ساتھ الیکٹران،پروٹان اور نیوٹران ذرات بڑی مقدار میں پوری کائنات میں پھیلتے اور زمین کی طرف بڑھتے ہیں۔
٭٭٭