آئی مہندی کی یہ رات۔۔۔۔۔
شادی بیاہ کی تقریبات سے مہندی کو نکالنا ایسے ہی ہے جیسے کھانے سے مصالحے کو نکال دینا۔بنا مہندی کی تقریب شادی کی رونق ممکن ہی نہیں ہے۔
آج کل کی شادیوں میںبارات اور ولیمے کی تقریبات سے بھی زیادہ مہندی کی تقریب کے بارے میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔شادیوں کا سیزن ہے اور مہندی کے لباس سے لے کر دیگر لوازمات کا انتخاب ایک اہم مرحلہ ہے۔آج کل کے موسم میں کھلتے ہوئے ہلکے پیلے،سبز اور سرخ رنگ کا انتخاب کریں اس پر گوٹا لگائیں یا رنگ برنگی لیسیں لگائیں۔کھسے کو مہندی کی تقریب میں پہننے سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ مہندی کی تھالیاں بھی خود سجائیں۔ سہیلیوںاور کزنز کیلئے گجرے بھی خود بنائیں۔ ریڈی میڈ چیزوں نے تقریبات کا حسن آدھا کر دیا ہے،اس کو بڑھانے کیلئے سب کاموں میں خود حصہ لیں تو زیادہ اچھا لگے گا۔
شادی بیاہ کی رسومات میں رسم حنا کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ لڑکیاں اس رسم کے لئے خاص طور پر تیاریاں کرتی ہیں۔ نہ صرف رسم حنا کی دلہن بلکہ اس کی سہیلیاں اور دیگر اقارب خواتین بھی اس رسم کیلئے خصوصی ملبوسات تیار کرواتی ہیں۔
مشرقی ملبوسات میں چوڑی دار پاجامہ اور فراک کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ مایوں کی تقریبات میں خوبصورت کڑھائی سے مزین چوڑی دار پاجامہ اور فراک پازیب کے بجتے ساز کے ساتھ ایک منفرد انداز پیش کرتے ہیں۔ مختلف قسموں کے خوبصورت رنگوں پر مشتمل ملبوسات سے رسم حنا کو دلکش بنایا جاسکتا ہے۔
شارٹ فراک کا فیشن بھی خاصا مقبول ہے اور فیشن انڈسٹری میں ہر جگہ شارٹ فراک کا فیشن نظر آتا ہے۔ مہندی پر پہنے جانے والے ملبوسات میں شارٹ فراک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ لہنگے بھی مایوں کی دلہن کے حسن کو چار چاند لگانے کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔
جالی دار قمیص اور ان کے گھیروں پر جامہ وار اور مختلف قسم کی پٹیاں لگا کر لہنگے کی شرٹ کو سجایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جاما وار کڑھائی سے مزین جالی کے لہنگے میں اپنی خوبصورتی کے سبب توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔