ڈائننگ ٹیبل: ذوق اور سلیقے کی علامت
کھانے کی میز، خوبصورت دکھائی دینے کے ساتھ ساتھ آرام دہ کرسیوں اور نشستوں سے بھی آراستہ ہونی ضروری ہے تاکہ آپ یہاں اطمینان سے بیٹھ کر پرسکون انداز میں کھانے سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ڈائننگ ٹیبل وہ جگہ ہے جہاںکھانے کے وقت تمام افراد خانہ اکٹھے ہوتے ہیں ایک ساتھ کھانا کھاتے اور ہنستے بولتے ہیں اور اس وقت اپنی تمام تکلیفیں و پریشانیاں بھول جاتے ہیں۔
لہٰذا اپنی کھانے کی میز کو اس طرح صاف ستھرا اور آراستہ رکھیں کہ یہ گھرخوبصورت اور کشادہ ’’دل‘‘ کی مانندمحسوس ہو کیونکہ آج کی مصروف زندگی کی بھاگ دوڑ میں سے یہی کچھ لمحات ہوتے ہیں جو تمام اہل ِخانہ ایک ساتھ کھانے کی میز پر گزارتے ہیں۔ سو گھر والوں کو خوشی دینی مقصود ہو خود کو ایک اچھی میزبان ثابت کرنا ہو یا کسی خاص ہستی کے ہمراہ کینڈل لائٹ ڈنر کا لطف اٹھانا ہو اپنی ڈائننگ ٹیبل پر بطور خاص توجہ رکھیں۔
آپ دیکھیں گی کہ سجی سنوری عمدہ قسم کی ڈائننگ ٹیبل پر سلیقے و ترتیب سے رکھی کراکری دیکھ کر اشتہا میں ایک دم اضافہ ہو جاتا ہے اس پر چنے گئے کھانوں کی لذت بھی کچھ دوبالا سی ہو جاتی ہے۔ لہٰذا اپنی لذت اور ذائقے میں اضافے کیلئے اپنے طرز زندگی میں کچھ تبدیلی وجدت لائیں اور اپنی ڈائننگ ٹیبل کو ترتیب دیتے وقت ہماری تجویز کردہ زیرنظر ڈائننگ ٹیبل کو ذہن میں ضرور رکھیں۔ اس کے علاوہ اردگرد کے ماحول کو پرسکون رکھیں۔
کھانا کھاتے وقت ڈائننگ روم کا درجہ حرارت مناسب رکھیں۔ اگر چاہیں تو دھیمی موسیقی لگا دیں اور اس دوران دیگر تمام کاموں کو ایک طرف اٹھا رکھیں اور ہوسکے تو موبائل فون کو کہیں دور رکھیں کیونکہ پرسکون اور خوشگوار ماحول میں بیٹھ کر کھایا گیا کھانا نہ صرف خوشیوں میں اضافے کا سبب بلکہ اچھی صحت کا ضامن ہے۔