بدلتے موسم میں پہناوئوں کے انداز!
بدلتے موسم کے ساتھ ہی لباس کے رنگ اور انداز بھی بدل جاتے ہیں،گرمیوں کے رنگ اور ہوتے ہیں تو سردیوں میں مختلف اور شوخ رنگوں کو پسند کیا جاتا ہے۔
کچھ خواتین کے بارے میں کہا جاتا ہے، کہ وہ جوانی میں بھی اپنے اوپر بڑھاپا طاری کئے رکھتی ہیں، پھیکے اور سادہ لباس کو ہی اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا ہوتا ہے۔لیکن کچھ خواتین اپنی عمر کو بھلا کر ایسے فیشن کو اپنانے میں بھی عار محسوس نہیں کرتیں جو ان کی عمر اور مرتبے کو سوٹ نہیں کرتا۔جبکہ ذہانت کا امتحان اسی بات میں ہے کہ اپنی عمر،رنگت،اور مرتبے کے مطابق لباس ، جیولری اورجوتوں کا انتخاب کیا جائے،جیسے یہ کتنا عجیب لگے گا کہ آپ چوتھی کی دلہن ہیں محض اسی لئے 6انچ کی ہیل پہن کر کچن میں کھانا بنانے کھڑی ہو جائیں کہ آپ کو سج بن کے کھڑا ہونا چاہئے۔ اپنے آپ کو بدلتے تقاضوں کے ساتھ ڈھالتی رہیں لیکن اتنا بھی مت بدلیں کہ آپ کے اپنے بھی آپ کو پہچان نہ پائیں۔اب موسم میں ہلکی سی خنکی آ رہی ہے،لیلن پہنی جائے گی یا پھر کاٹن مگر سب سے اچھی بات یہ ہے اس موسم میں شوخ و شنگ کپڑے پہنے جا سکتے ہیں اس لئے جارجٹ اور شیفون کی بہار بھی دکھائی جا سکتی ہے۔ حسین رنگوں کا انتخاب کریں، انہیں اچھا سا ڈیزائن کروائیں، اور پہنیں۔ شادیوں کا سیزن بھی ہے تو ایسے لباس سلوائیں جو آپ شادیوں کے علاوہ بھی پہن سکیں۔