رہنمائے گھرداری گھر سجائیں، اچھوتے زاویوں سے!

گھردراصل ایک خالی کینوس ہوتا ہے، آپ کا سامان، رنگ و رو غن، آرائشی اشیاء اور دیگر ضروری مصنوعات اس خاکے میں رنگ بھرتے ہیں۔ یہ تمام اشیاء جگہ کے موزوں استعمال سے خوشگوار تاثر دیتی ہیں۔ رنگ و روغن بھی نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔
وال پیپرز کی تخلیقی جہت
قدیم زمانے سے دیواری آرائش کیلئے کاغذ جیسے میٹریل کو تخلیقی انداز سے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ان افراد کیلئے نہایت سہل انتخاب ہے جو رنگ و روغن کے بکھیڑوں میں پڑنا نہیں چاہتے۔ برسر روزگار افراد کیلئے رنگ و روغن کا وقت نکالنا کٹھن ہوسکتا ہے لیکن اس سے کم وقت میںوال پیپرز چسپاں کروانا آسان لگتا ہے۔ وال پیپرز کی دو اقسام میں سے وینائل کوٹڈ پیپر یا پیپر بیکڈ کچھ بھی انتخاب کیجیے۔
فرنیچر کے میٹریل کی انوکھی جاذبیت
لکڑی ایسا میٹریل ہے جو برس ہا برس سے ہمارے استعمال میں ہے۔ دنیا کے یبشتر خطوں میں لکڑی سے ہی فرنیچر اور دیگر سامان بنتا چلا آ رہا ہے۔ دوسرے لوہے سے بنائے جانے والے فرنیچر پر سلور اور Bronze شیڈ کی پالش اسے قابل دید بنا دیتی ہے۔ گھر کی چھوٹی بڑی ضروریات کیلئے سازوسامان کی خریداری ہماری اپنی صوابدید پر ہوتی ہے۔
ماحول دوست میٹریل
بیشتر مکین موزائیک کے فرش باتھ رومز ہی کیلئے موزوں سمجھتے ہیں لیکن اگر آپ گھر کی کسی ایک دیوار کو statement wall کے طور پر مخصوص کرنا چاہیں تو موزیک کے میٹریل سے اسے نئے اور اچھوتے زاویے سے آراستہ کرسکتی ہیں۔ آج کل ہمارے یہاں مختلف اسٹائلش نقوش کی ٹائلیں دستیاب ہیں۔ غیرشفاف مٹیالے، سرمئی اور بھورے رنگ میں بھی ٹائلیں پائی جاتی ہیں۔ ان کی صفائی قدرے آسان ہے۔ اسٹین لس، آرٹ ورک یا پالشنگ کے بغیر سرامک کے شاہکار غرضیکہ انتخاب کی دنیا موجزن نظر آتی ہے۔
مصوری کے فن پارے
مصوری کے اصل فن پارے ماحولیاتی تبدیلیوں خاص کر موسموںکی شدت سے کینوس اورکاغذ جگہ جگہ سے بدوضع ہوسکتے ہیں۔ صاحب کمال آرٹسٹ کے فن پاروںسے تزئین نو کریں۔ کینوس پر روغنی رنگ پگھلتا بھی ہے اور چٹختا بھی ہے اس نقصان کی تلافی وقتاً فوقتاً کرواتی رہیں ورنہ مہنگی تصویر بھی اپنا نقش واضح نہ رکھ پائے گی۔
دیوار کو ایک سے زائد رنگوں سے سجائیں
اس سے ایسا محسوس ہوگا جیسے آپ نے کسی تہوار کو بہت خصوصیت اور اہتمام کے ساتھ منانے کی ٹھان لی ہے۔ اس سے پورا ماحول ہی جاذب نظر ہوجائے گا۔