آج کا پکوان: لاہور پٹھورے
پٹھورے کے اجزا: چاول کا آٹا ایک پیالی، مسور کی دال کا آٹا آدھی پیالی، نمک حسب ذائقہ ،کوکنگ آئل دو کھانے کے چمچ۔گریوی کے اجزا: سفید چنے ایک کلو، پائے کی یخنی دو پیالی، نمک حسب ذائقہ، بیکنگ سوڈاایک چائے کا چمچ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، دھنیا پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، کُٹی ہوئی کالی مرچ ایک کھانے کا چمچ، بھون کر کُٹا ہوا ثابت دھنیادو کھانے کے چمچ، پسی ہوئی چھوٹی الائچی، ایک چائے کا چمچ، کوکنگ آئل آدھی پیالی۔
سلاد کے لیے: کھیرا حسب ضرورت، گاجر حسب ضرورت، پیاز حسب ضرورت ۔ سجانے کے لیے: کٹا ہواہرا دھنیا حسب ضرورت، کٹی ہوئی ہری مرچیں حسب ضرورت۔
پٹھورے کی ترکیب:چاول کا آٹا اور مسور کی دال کے آٹے میں کوکنگ آئل اور نمک ڈال کر اچھی طرح گوندھیں۔ کچھ دیر کے لیے ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر رکھ دیں۔ آٹے کی چھوٹی چھوٹی پوریاں بنا کر کڑاہی میں گرم کوکنگ آئل میں ڈیپ فرائی کریں۔ پٹھوروں کو ایک پیالی گیہوں کے آٹے اور آدھی پیالی میدے سے بھی بنایا جاسکتا ہے۔
گریوی کی ترکیب: پائے کی یخنی بنانے کے لیے دیگچی میں ایک سے دو پایوں کے چھوٹے ٹکڑے کرکے آٹھ سے دس پیالی پانے کے ساتھ اتنی دیر ابالیں کہ پانی تقریباً دو پیالی رہ جائے۔ یخنی میں ابال آنے کے بعدایک چھوٹی چھلی ہوئی مکمل پیاز اور دو مکمل کالی مرچیں شامل کردیں۔ چنے دھو کر چار پیالی گرم پانی میں تین گھنٹے بھگو کر ابالنے کے لیے رکھ دیں ۔ جب ابا ل آجائے تو سوڈا ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ اچھی طرح گل جائے۔ ایک علیحدہ دیگچی میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ ہلکا گرم کریں اور ادرک لہسن کو دو منٹ فرائی کریں۔ اس میں نمک، پسا ہوا اور کُٹا ہوا دھنیا، کالی مرچیں، سفید زیرہ اور چھوٹی الائچی ڈال دیں۔ پانی کو چھینٹا دیتے ہوئے اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے۔ بُھنے ہوئے مصالحے میں چنے ڈال دیں اور یخنی شامل کرکے 20سے 25 منٹ تک ہلکی آنچ پر دم پر پکائیں۔ ہرا دھنیا اور ہری مرچیں چھڑک کر سلاد کے ساتھ پیش کریں۔