انڈر18 ہاکی ایشیا کپ قومی کھیل:شاہینوں کی بڑی اڑان

تحریر : زاہداعوان


طویل عرصہ بعدپاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے بین الاقوامی میدانوں سے گرین شرٹس کی اچھی خبریں آنا شروع ہوئی ہیں۔ ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے بعد پاکستان انڈر18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں بھی پہنچ گیا۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائشیا کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3-4 گول سے شکست دی۔آج بروز اتوار فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔

3 جولائی سے چین میں جاری انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ میں 11 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پاکستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، ہانگ کانگ، ملائیشیا، جاپان، چائنیز تائپے، ازبکستان، انڈونیشیا اور قازقستان شامل ہیں۔ پاکستان کو پول اے میں چین، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ہانگ کانگ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔پول بی میں جاپان، ملائیشیا، ازبکستان، اندونیشیا، چائنیز تائپے اور قازقستان شامل تھے۔پول اے میں پاکستان اپنے چاروں میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پول بی میں جاپان اپنے پانچوں میچ جیت کر 15پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اپنے اپنے پولز کی دونوں ٹاپ ٹیمیں پاکستان اور جاپان آج فائنل میں ٹکرائیں گی۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے دلچسپ و سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملائیشیا کو شکست دے کر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،  مقررہ وقت تک مقابلہ تین تین گول سے برابر تھا۔ پاکستان نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر کامیابی حاصل کی۔ گول کیپر غلام مصطفی نے فیصلہ کن گول روک کر ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔چین کے شہر ڈازھو میں جاری ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جو  پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیاانتہائی دلچسپ میچ تھا۔ پاکستان نے پہلے آٹھ منٹ میں دو گول داغے ، پنالٹی کارنر پر پہلے عبداللہ اعوان نے گول کیا، پھر شہباز حسن نے گول کرکے برتری دوگنی کردی۔اس کے بعدملائیشیا نے کم بیک کیا اور اوپر نیچے تین گول کرکے پاکستان کے خلاف تین دو کی برتری حاصل کرلی، جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی۔ شہباز حسن نے گول کرکے مقابلہ تین تین گول سے برابر کر دیا جو مقررہ وقت تک برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا۔ پہلے تین شوٹ آئوٹ پر پاکستان گول کرنے میں کامیاب ہوا۔ملائیشیا نے تین میں سے ایک شوٹ آئوٹ ضائع کیا پاکستان کی برتری تین دو ہوگئی، پاکستان نے چوتھا شوٹ آئوٹ ضائع کیا تو مقابلہ ایک بار پھر برابر ہو گیا۔ حنظلہ علی نے پانچویں شوٹ آئوٹ پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، فیصلہ کن پنالٹی شوٹ پاکستان کے گول کیپر غلام مصطفی نے روک کر پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ میں پاکستان نے زبردست فارم کا مظاہرہ کیا۔ شاہینوں نے اپنی مہم کا آغاز ہانگ کانگ کے خلاف 8-0 کی شاندار جیت کے ساتھ کیا۔ اس کے بعد سری لنکا کو   9-0 سے شکست دی۔ تیسرے میچ میں انہوں نے بنگلہ دیش کو 6-3 سے شکست دے کر عملی طور پر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔ کوارٹر فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی میں چین کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی۔واضح رہے کہ اسی مقام پر اتوار کو ٹورنامنٹ کے گرینڈ فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔

پاکستان کے انڈر18قومی دستے میں محمد عثمان، عاطف علی، عصام جنید، محمد عبداللہ فاروق، عبداللہ اعوان، زبیر لطیف، محمد یاسین، محمد علی تاج، غلام مصطفی، علی حمزہ، علی حنظلہ، عامر سہیل، عدیل افضل، محمد زمان، محمد حسین، محمد شہیر، حسن شہباز اور یاسین جمشید شامل ہیں۔ٹیم مینجمنٹ میں شفقت ملک منیجر اور مختار احمد، توثیق احمد، مسعود الرحمان بطورکوچزشاہینوں کے ساتھ ہیں۔

کھیل کے عالمی میدانوں میں سبزہلالی پرچم کی سربلندی کبھی بھی روایتی دشمن بھارت سے ہضم نہیں ہوتی اور وہ ہمیشہ کھیلوں میں سیاست شامل کر کے پاکستان کے خلاف سازشوں کا کوئی موقع جانے نہیں دیتا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس کی مخالفت میں بھارت کھل کر سامنے آنے لگا۔بھارتی حکومت اور بھارتی بورڈ نے بھی سالانہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کیلئے رکن ممالک کے ساتھ لابنگ شروع کر دی اور رکن ممالک پر دباو ڈالنا شروع کر دیا، بھارت کی جانب سے رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے کیلئے پرکشش آفرز بھی دی جا رہی ہیں۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے بھی لابنگ شروع کر دی ہے، ان کی جانب سے رکن ممالک کو ڈھاکہ کے اجلاس کے میں شرکت نہ کرنے پر زور ڈالا جا رہا ہے۔روایتی حریف کی جانب سے رکن ممالک کو سالانہ اجلاس کے خلاف خط لکھنے پر بھی دبائو ڈالا جارہا ہے۔ سری لنکا کے بعد عمان نے بھی بھارت کی حمایت کر دی ہے، تاہم رکن ممالک کی اکثریت اب بھی سالانہ اجلاس کے ڈھاکہ میں ہونے کے حق میں ہے۔ اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کی حمایت جاری ہے۔سالانہ اجلاس کے حوالے سے کشیدگی بڑھنے لگی، صدر اے سی سی محسن نقوی نے 24 جولائی کو اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ رکن ممالک 23 جولائی کو ڈھاکہ میں اکٹھے ہوں گے۔ بھارت اور سری لنکا نے اجلاس ملتوی کرنے اور وینیو تبدیل کرنے کا کہہ دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق بھارت بنگلہ دیش کی وجہ سے مخالفت کر رہا ہے، جس کی وجہ سے اے سی سی کے سالانہ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے سوالیہ نشان لگ گیا؟

پاکستان نے بھی معرکہ حق کی طرح بھارتی سازشوں کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب پاکستان ہاکی ٹیم ایشیا کپ ٹورنامنٹ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی۔حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قومی ہاکی ٹیم کو بھارت جانے سے روک دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کو سیاست سے بالا تر رکھا ہے لیکن بھارت نے کھیلوں کو ہمیشہ سیاست کی نذر کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

35ویں نیشنل گیمز2025:پاک آرمی 29ویں بار فاتح

آرمی نے196گولڈ میڈلز اپنے نام کئے،واپڈا نے84اورنیوی نے36طلائی تمغے جیتے

مطیع اعظم (پہلی قسط )

حج کا موقع تھا، مکہ میں ہر طرف حجاج کرام نظر آ رہے تھے۔ مکہ کی فضائیں ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ کی صدائوں سے گونج رہی تھیں۔ اللہ کی وحدانیت کا کلمہ پڑھنے والے، اہم ترین دینی فریضہ ادا کرنے کیلئے بیت اللہ کا طواف کر رہے تھے۔ یہ اموی خلافت کا دور تھا۔ عبدالمالک بن مروان مسلمانوں کے خلیفہ تھے۔

پناہ گاہ

مون گڑیا! سردی بہت بڑھ گئی ہے، ہمیں ایک بار نشیبستان جا کر دیکھنا چاہیے کہ وہاں کا کیا حال ہے۔ مونا لومڑی نے مون گڑیا سے کہا، جو نیلی اونی شال اوڑھے، یخ بستہ موسم میں ہونے والی ہلکی بارش سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔ اچھا کیا جو تم نے مجھے یاد دلا دیا، میرا انتظار کرو، میں خالہ جان کو بتا کر ابھی آتی ہوں۔

بچوں کا انسائیکلوپیڈیا

خط استوا(Equator) کے قریب گرمی کیوں ہوتی ہے؟ خط استوا پر اور اس کے قرب و جوار میں واقع ممالک میں گرمی زیاد ہ اس لئے ہو تی ہے کہ سورج سال کے ہر دن سروںکے عین اوپر چمکتا ہے۔خط استوا سے دو رشمال یا جنوب میں واقع ممالک میں موسم بدلتے رہتے ہیں۔گرمی کے بعد سردی کا موسم آتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ زمین سورج کے گرد ایک جھکے ہوئے محور پر گردش کرتی ہے۔اس طرح بعض علاقے سال کا کچھ حصہ سورج کے قریب اور بعض سورج سے دور رہ کر گزارتے ہیں۔

صحت مند کیسے رہیں؟

٭…روزانہ کم از کم دو بار ہاتھ منہ دھویئے، ناک اور کان بھی صاف کیجئے۔ ٭…روزانہ کم از کم دوبار دانت صاف کیجئے۔

ذرا مسکرائیے

امی (منے سے) :بیٹا دیوار پر نہ چڑھو گر پڑے تو پانی بھی نہ مانگ سکو گے۔ منا: امی! میں پانی پی کر چڑھوں گا۔ ٭٭٭