گرین شرٹس کا دورہ بنگلہ دیش
گرین شرٹس ،بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے 16جولائی کو ڈھاکہ جائے گی۔ یہ ٹی 20 سیریزایشیا کپ 2025ء اورٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء سے قبل دونوں ٹیموں کی تیاری کے طور پرانتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
مارچ 2025ء میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈنے سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔اصل میں یہ دورہ فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت تین ون ڈے میچز کے طور پر طے کیا گیا تھا تاہم 2026 ء میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کے باعث دونوں بورڈز نے ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی جگہ تین میچوں کی ٹی20سیریز پر اتفاق کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی یہ سیریز 20 تا 24 جولائی میرپور سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان نے حال ہی میں بنگلہ دیش کی ٹی20 سیریز کی میزبانی کی تھی۔ مئی اور جون میں کھیلی گئی اس سیریز میں بنگلہ دیش کو تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت سلمان آغا کریں گے جبکہ شاداب خان اور حارث رئوف ٹیم میں شامل نہیں۔ شاداب خان کی حال ہی میں کندھے کی سرجری ہوئی ہے اور وہ اس وقت بحالی یا ری ہیب پروگرام میں ہیں۔ حارث رئوف بھی ہیمسٹرنگ کے مسئلے سے دوچار ہیں۔ ان کے علاوہ عرفان خان، حسن علی، محمد وسیم اور نسیم شاہ کو بھی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔
باہر رکھے گئے کھلاڑیوں کی جگہ شامل ہونے والے کھلاڑی کچھ زیادہ تجربہ کار نہیں اور زیادہ تر نئے چہرے ہیں۔پاکستانی سکواڈ میں احمد دانیال اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلے، وہ اس ٹور سے اپنا انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کریں گے۔ دانیال میڈیم پیسر ہیں جبکہ سلمان مرزا بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر ہیں۔ٹیم میں بائیں ہاتھ کے سپنر سفیان مقیم بھی شامل ہیں جنہوں نے دس ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں حسن نواز ٹیم میں شامل ہیں جن کو ابھی صرف آٹھ میچز کھیلنے کا تجربہ ہے۔ عباس آفریدی قدرے تجربہ کار بائولر ہیں جن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ اگلے سال کے اوائل میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈولڈ ہے اور یہ سیریز پاکستانی ٹیم کو اس کی تیاری کیلئے ایک موقع کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حسین طلعت، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب شامل ہیں۔ دورہ بنگلہ دیش کیلئے ٹیم میں منتخب نہ ہونے والے وائٹ بال کرکٹرز میں بابر اعظم، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اورشاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔
قومی ٹیم میں زیادہ تر ناتجربہ کار کھلاڑیوں کی سلیکشن پر مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ ہر4 ماہ بعد کپتان، سلیکٹر، کوچ سب کچھ بدل رہا ہے، کوئی ایک نظام نظر نہیں آتا، چند افراد کی پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلوں کا نقصان پوری ٹیم کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ٹی 20 ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کو سونپنے اور ممکنہ طور پر ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر بھی تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سلمان نے ایک فارمیٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں تینوں فارمیٹس کا کپتان بنا دیا جائے، ابھی وہ نئے ہیں انہیں سیکھنے دیں، ہم بنگلا دیش کو ہرا کر سمجھے کہ ورلڈ کپ جیت لیا، ماضی میں سرفراز احمد کے دور میں بھی ایسا ہو چکا ہے۔
انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کرنے والے کھلاڑی
احمد دانیال
احمد دانیال میڈیم پیسر ہیں ، وہ پی ایس ایل کی دو ٹیموں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا حصہ رہ چکے ہیں ۔ 3 جولائی 1997ء کو لاہورمیں پیدا ہونے والے احمد لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے منظر عام پر آئے اور انہوں نے اپنا ٹی 20 ڈیبیو 21 فروری 2021ء کو لاہور قلندرز کیلئے پاکستان سپر لیگ میں کیا ۔2021ء میں ہونے والی ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں انہوں نے اپنی بہترین پرفارمنس سے نا صرف شائقین کرکٹ کو اپنا گرویدہ کر لیا بلکہ غیر ملکی فرنچائز کی بھی توجہ کا مرکز بن گئے۔ دسمبر 2021ء میں BBL کیلئے ’’میلبورن سٹارز‘‘ نے انہیں سائن کیا اور انہیں اپنی ٹیم میں ایک اہم اضافہ قرار دیا۔ وہ اب تک مجموعی طور پر 37 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں جن میں ان کی 36وکٹیں ہیں ۔ ان کی بہترین بائولنگ 28رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کرنا ہے۔ پی ایس ایل کے 14 میچوں میں انہوں نے 12وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
سلمان مرزا
1سالہ سلمان مرزابائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر ہیں۔ انہیں لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے دریافت کیا گیا اور انہوں نے اپنا ٹی20 ڈیبیو 21 فروری 2021ء کو پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے ساتھ کیا۔ انہوں نے پی ایس ایل کے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 11 شکار کئے۔ پی ایس ایل میں ان کی بہترین کارکردگی 31 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنا ہے۔ وہ مختلف لیگز میں اب تک ٹی 20 کے 23 میچز کھیل چکے ہیں اور ان کے کریڈٹ پر 39وکٹیں ہیں۔رواں برس نیشنل T20 کپ کے فائنل میں سلمان مرزا کی بائولنگ کے آگے پشاور کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، سلمان نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔