معمولی چیزوں سے گھرسجائیں آپ بھی ماہر بن سکتی ہیں
گھر ہر عورت کا خواب ہوتا ہے اور اسے خوبصورت اور آرام دہ بنانے کی خواہش ہر دل میں پنپتی ہے۔ لیکن اکثر ہم یہ سوچ کر پیچھے ہٹ جاتے ہیں کہ گھر کی سجاوٹ پر بڑا بجٹ چاہیے یا مہنگے ڈیکوریشن پیس خریدنے ہوں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر تھوڑی سی تخلیقی سوچ اور ذوق شامل کر لیا جائے تو معمولی اور عام اشیاء سے بھی گھر کو نیا اور دلکش روپ دیا جا سکتا ہے۔
آئیے جانتے ہیں کہ آپ کس طرح کم خرچ اور آسان تراکیب سے اپنے گھر کو دل کو بھا لینے والی جگہ بنا سکتی ہیں۔
پرانے سامان سے نئی جان ڈالیں
پہلے اپنے گھر میں موجود پرانے سامان پر نظر ڈالیں۔ پرانی بوتلیں، جار، لکڑی کے کریٹ، ٹرے اور ٹوٹے ہوئے کپ بھی کام آ سکتے ہیں۔پرانے جار کو پینٹ کر کے ان میں رنگین پتھر، موتی یا ریت بھر کر سینٹر ٹیبل پر رکھیں۔پلاسٹک یا شیشے کی بوتلیں خوبصورت وال ہینگنگ یا فلوور ویس میں بدل سکتی ہیں۔ بس تھوڑی سی فیبرک پینٹنگ یا جگمگاتے ربن لگا لیں۔
کشن کور اور پردوں سے تبدیلی
گھر کے کمروں میں فوری تبدیلی کے لیے صرف کشن کورز، بیڈ شیٹس یا پردے بدلنے سے ہی بڑا فرق آ جاتا ہے۔سستے کپڑوں سے خود کشن کور تیار کریں اور ان پر گوٹہ یا کڑھائی کے پیٹرن لگا کر نیا انداز دیں۔ اگر نیا پردہ نہیں لینا تو پرانے پردے پر لیس یا پوم پوم لگا کر نیا روپ دیں۔
رنگ اور روشنی کا کمال
کمروں میں تھوڑی سی روشنی اور رنگ شامل کرنا ماحول بدل دیتا ہے۔دیواروں پر پینٹنگز یا فیملی فوٹو گیلری بنائیں۔ پرانے فوٹو فریم پینٹ کر کے دیوار پر لگائیں۔سستے فئیری لائٹس بیڈ روم یا لان میں لگائیں، یہ شام کے وقت سحر انگیز منظر پیش کرتی ہیں۔
پودوں سے زندگی بھر دیں
پودے نہ صرف تازگی لاتے ہیں بلکہ آرائش کا بہترین ذریعہ ہیں۔گھر کے اندر منی پلانٹس، سنیک پلانٹس یا ایلو ویرا رکھیں۔ یہ کم دیکھ بھال کے ساتھ دلکشی بڑھاتے ہیں۔پرانے کپ، پیالے یا ٹوٹے ہوئے برتنوں کو پینٹ کر کے چھوٹے پلانٹ پوٹس بنا لیں۔
DIY کا استعمال
DIY یعنی خود سے کچھ بنانے کے منصوبے نہ صرف بجٹ فرینڈلی ہیں بلکہ آپ کو منفرد تخلیق کا موقع بھی دیتے ہیں۔کارڈ بورڈ یا لکڑی کے ٹکڑوں سے وال شیلف بنائیں۔بچوں کے پرانے کھلونے یا گڑیاں ایک تھیم بنا کر ڈیکوریشن میں استعمال کریں۔
کچن اور باتھ روم نظر انداز نہ کریں
کچن اور باتھ روم میں بھی تھوڑی تبدیلی گھر کو مکمل بناتی ہے۔کچن میں مصالحوں کے جار کو لیبل کر کے سلیقے سے سجائیں۔باتھ روم میں پرفیوم کی بوتلیں، رولڈ تولیے اور موم بتیاں ایک ٹرے میں رکھ کر اسپاکرنگ لک دیں۔
چند اہم مشورے
٭ خریداری سے پہلے گھر میں موجود اشیادیکھیں، اکثر کام کی چیزیں پہلے سے موجود ہوتی ہیں۔
٭رنگوں کے انتخاب میں توازن رکھیں تاکہ گھر پرکشش لگے نہ کہ بوجھل۔
٭ بچوں کے کمروں میں کارٹون تھیم یا رنگ برنگی اشیاسے جان ڈالیں۔
گھر کو سجاتے وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ آپ کے مزاج اور ذوق کا عکاس ہو۔ تھوڑا سا وقت، محنت اور تخلیقی سوچ آپ کے گھر کو ایک ایسا خوبصورت گوشہ بنا سکتی ہے جہاں آپ اور آپ کے پیارے سکون اور خوشی محسوس کریں۔