پاک بنگلہ ٹی 20 سیریز:گرین شرٹس کا پلڑا بھاری
پاکستان بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے ڈھاکہ کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں ہو گا۔پاکستان ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنگلہ دیش پر حاوی رہا ہے، لیکن میزبان ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد پراعتماد ہے اور وہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کا تسلسل لے کر پاکستان کے خلاف میدان میں اُترے گا۔
پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 19-3 کا یک طرفہ ریکارڈ ہے اور وہ ڈھاکہ میں آج سے شروع ہونے والی سیریز کے پہلے میچ کے ساتھ اپنی برتری کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہو گا۔ مئی جون میں لاہور میں ہونے والی سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو کلین سوئپ کیا تھا اور اس سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے شاندار انداز میں ہدف کا تعاقب کیا، جس سے دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق ظاہر ہو گیا تھا۔تاہم بنگلہ دیش نے اس کے بعد خود کو سنبھالا اور رواں ماہ سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی ،جو سری لنکا کے خلاف ان کی پہلی فتح تھی۔ بنگلہ دیش کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کا اچھا تجربہ بھی حاصل ہے، کیونکہ پاکستان کے خلاف ان کی تین ٹی ٹوئنٹی فتوحات میں سے دو اسی میدان پر ہیں جبکہ تیسری جیت 2023ء میں ہانگڑو میں ایشین گیمز کے دوران حاصل ہوئی تھی۔
دونوں ممالک کے درمیان اب تک مختصر فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے ریکارڈکا جائزہ لیاجائے تو پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین اب تک مجموعی طور پر 22ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے پاکستان کو 19میچز میں کامیابی ملی ہے جبکہ 3ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنگلہ دیش کو فتح نصیب ہوئی۔ گرین شرٹس نے 6 میچ اپنے ہوم گرائونڈ پر جیتے، 5 بار بنگلہ دیش کو اس کی سرزمین پر شکست دی اور 8 مرتبہ نیوٹرل مقام پر فتح حاصل کی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کے خلاف 2 بار اپنے ہوم گرائونڈ اور ایک بار نیوٹرل مقام پر کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے بڑا سکور203 رنز ہے جو گرین شرٹس نے 2008ء میں شعیب ملک کی قیادت میں کراچی میں بنایاتھا، اس میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 102رنز سے شکست دی تھی۔ مصباح الحق 87رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔ بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا سکور اب تک 196رنز ہے جو رواں برس انہوں نے لاہور میں بنایا، اس میچ میں بھی پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان کا اب تک بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کم سکور 109رنزہے جبکہ بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا سب سے کم سکور 85رنز ہے۔ پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر سب سے زیادہ سکور محمد حفیظ نے10ٹی ٹوئنٹی میچوں 277رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 11 میچوں میں 360رنز بنا رکھے ہیں۔ احمد شہزاد ( 111ناٹ آئوٹ) اور محمد حارث(107ناٹ آئوٹ) نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں سنچریاں سکور کیں۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان آغا نے ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے موجودہ رجحان کے مطابق کھیلنے کی ہدایت کی ہے، یعنی ابتدائی چھ اوورز میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانا۔ خوش قسمتی سے پاکستان کے پاس ایسے بیٹرز موجود ہیں جو اس انداز میں کھیلنے کے ماہر ہیں۔ صائم ایوب، حارث اور سلمان آغا اپنی جارحانہ بیٹنگ کیلئے جانے جاتے ہیں، جبکہ فخر زمان سے توقع ہے کہ وہ باؤلنگ اٹیک پر بھرپور حملہ کریں گے۔ صاحبزادہ فرحان اور حسن نواز سے بھی اننگز کے آغاز اور اختتام پر بڑے شاٹس کی امید ہے۔
شاداب خان کی غیر موجودگی ٹیم کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے خوشدل شاہ اور فہیم اشرف کو بطور آل راؤنڈر اپنا کردار بخوبی ادا کرنا ہو گا۔پاکستان کی ٹیم میں شامل پانچ کھلاڑی حالیہ برسوں میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں شرکت کر چکے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں مقامی حالات سے واقفیت حاصل ہے۔ خوشدل شاہ نے میرپور میں سب سے زیادہ 12 میچز کھیلے ہیں، جبکہ محمد حارث، فہیم اشرف، ابرار احمد اور عباس آفریدی بھی بی پی ایل کا حصہ رہ چکے ہیں۔
اگرچہ پاکستان اس سیریز میں فیورٹ کی حیثیت سے آغاز کر رہا ہے، لیکن بنگلہ دیش جب کچھ فتوحات حاصل کر لیتا ہے تو خاصا خطرناک ثابت ہوتا ہے، اس لیے مہمان ٹیم کے لیے یہ سیریز آسان نہیں ہوگی۔
پچ کیسی ہو گی؟
آج کھیلے جانے والے میچ سے قبل جو سوال سب سے زیادہ گردش کر رہا ہے وہ یہ ہے کہ پچ کیسی ہو گی؟کیایہ بی پی ایل جیسی ٹی ٹوئنٹی پچ ہوگی یا روایتی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی پچ ہوگی؟شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بی پی ایل کے دوران رات کے میچوں میں پچز عام طور پر 150 کے آس پاس کا اسکور دیتی ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کیوریٹرز وہی سست اور کم باؤنس والی پچ تیار کریں گے جو عام طور پر انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے مخصوص ہوتی ہے، جہاں اسکور 125 کے قریب ہوتا ہے؟آج (اتوار کے دن) بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جو کھیل کے حالات کو مزید مشکل بنا سکتی ہے۔
جارحانہ بلے باز: تنزید بمقابلہ حارث
تنزید حسن بنگلہ دیش کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں ناقابلِ شکست 73 رنز کی اننگز میں چھ شاندار چھکے لگائے اور ٹیم کو 133 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں بنیادی کردارادا کیا۔ اسی میچ میں تنزید بنگلہ دیش کی جانب سے صرف 27 میچوں میں پانچ ٹی ٹوئنٹی نصف سنچریاں مکمل کرنے والے سب سے تیز بیٹر بھی بن کر سامنے آئے۔
محمد حارث پہلے پاکستانی نان اوپنر بلے باز ہیں جنہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری اسکور کی۔ پاکستان کے نمبر تین بلے باز کی یہ اننگز دل موہ لینے والی تھی جو انہوں نے یکم جون کو ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے آخری میچ میں کھیلی تھی۔ محمد حارث ڈھاکہ میں بھی اچھا کھیل پیش کرنے کیلئے پراعتماد ہوں گے، جہاں وہ حالیہ بی پی ایل (بنگلہ دیش پریمیئر لیگ) کے تجربے کے باعث پچز سے اچھی طرح واقف ہیں۔