آزادی کے رنگ،کھیلوں کے سنگ
حکومت نے رواں سال یوم آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا مقصد افواج پاکستان کے عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات یکم اگست سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں شروع ہو جائیں گی جو31اگست تک جاری رہیں گی۔
دیگر قومی تقریبات کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلے اور نمائشی میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔ روایتی کھیلوں جیسے ریسلنگ اور کبڈی سے لے کر کرکٹ، بیڈ منٹن، بیس بال، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، اتھلیٹکس، ہاکی، تیر اندازی، فٹ بال اور آسٹریلین فٹ بال (اے ایف ایل) سمیت تمام جدید کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائینگے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ(پی ایس بی) یوم آزادی کے موقع پر کھیلوں کے ذریعے قومی جذبے کواجاگر کرنے کیلئے یکم سے 31 اگست تک مختلف مقابلوں کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام بھی جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے جشن آزادی پر فیملی فن ریسز کا اہتمام کیا ہے ۔ تین فن ریسز کے بعد پنجاب سٹیڈیم میں ملی نغموں اور ترانوں کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں رجسٹریشن بوتھ قائم کیے گئے ہیں، فن ریس حالی چوک سے پنجاب سٹیڈیم تک ایک کلومیٹر ہو گی۔
راولپنڈی میں بھی ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ،پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی(پی ایچ اے) اوریوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس(وائی ای ایس) ویلفیئر سوسائٹی نے جشن آزادی کی تقریبات ، معرکہ حق کا جشن فتح منانے اور افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کھیلوں کے مختلف پروگرام ترتیب دئیے ہیں، جن میں ویمن ٹی ٹین کرکٹ لیگ، اے ایف ایل اور بیس بال کے میچز سرفہرست ہیں۔ ان کے علاوہ آرچری، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ہاکی، فٹ بال، جمناسٹک، اتھلیٹکس،رسہ کشی، کبڈی ، باکسنگ اور مارشل آرٹس کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ پبلک پارکوں میں بھی بچوں اور فیملیز کی دلچسپی کیلئے جشن آزادی کی مناسبت سے تیراندازی سمیت مختلف روایتی کھیلوں کے پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے۔فیصل آباد میں بھی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے جبکہ 15اگست سے 24اگست تک کبڈی کا خصوصی تربیتی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔
سندھ حکومت کی جانب سے یومِ آزادی کی تقریبات بھرپور، منظم، پرجوش اور تاریخی انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سرکاری عمارات، سڑکوں، بسوں، ٹرینوں، مارکیٹوں اور دیگر عوامی مقامات کو قومی پرچم، روشنیوں اور بینرز سے سجایا جائے گا۔ میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جائے گی جس کے ذریعے عوام کو شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔14 اگست اور معرکہ حق کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات سندھ حکومت کے وژن کا عکاس ہوں گی۔
اس سال یوم آزادی کا مہینہ صرف جشن کے طور پر نہیں بلکہ حب الوطنی، قربانی، یکجہتی اور سچائی کے پیغام کے طور پر منانا ہے۔سندھ حکومت کے محکمہ کھیل نے بھی یوم آزادی اور معرکہ حق کی یاد میں سکھر میں سات روزہ سپورٹس گالا کا اعلان کیا ہے۔ سپورٹس گالا 8 اگست سے 14 اگست 2025 ء تک منعقد ہوگا جس میں نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ ایونٹس میں ٹگ آف وار، رنگ بال، کرکٹ، فٹ بال، فٹسال، باسکٹ بال و دیگر انڈور اور آئوٹ ڈور گیمز شامل ہوں گی۔گالا کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی کرکٹ، ہاکی، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان مرد وخواتین کھلاڑیوں کی ٹیمیں قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی جہاں نمائشی میچز کھیلے جائیں گے۔ جشن آزادی کے پروگراموں میں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز دینے کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جن میں نیشنل گیمز، نیشنل چیمپئن شپس، ایشیاء و عالمی سطح پر مختلف میڈلز جیتنے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرد وخواتین کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔