امریکہ میں پاکستان ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز:شاہینوں کا فاتحانہ آغاز
امریکی ریاست فلوریڈا کے لاؤڈرہل سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے بعد پہلی بار امریکہ میں کوئی سیریز کھیل رہی ہیں۔ تین ٹی 20انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپنے دورے کا شاندار آغاز کیا ہے۔
پاکستانی بلے بازوں اور باؤلرز نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دوسرا میچ آج اور تیسرا کل کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پہلے میچ پر بات کریں تو اس میچ میں جارحانہ کھیل دیکھنے کو نہیں ملا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو صاحبزادہ فرحان 14 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، جس کے بعد صائم ایوب نے ذمے داری سنبھالی اور 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
ایسی وکٹ پر جہاں سپن بائولنگ زیادہ مؤثر تھی، ویسٹ انڈیز کے باؤلرز نے نپی تلی بائولنگ کی اور پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے اختتامی اوورز میں پاور ہٹرز کو کھلانے کی حکمت عملی اس وقت کارگر ثابت ہوئی جب جیسن ہولڈر نے صائم ایوب کو 57 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس کے بعد حسن نواز اور فہیم اشرف کی مختصر مگر اہم اننگز، محمد حارث کے ایک چھکے نے پاکستان کو آخری 31 گیندوں پر 58 رنز سمیٹنے میں مددفراہم کی۔
ویسٹ انڈیز کو یقین تھا کہ یہ ہدف قابلِ تعاقب ہے اور انہوں نے ابتدا میں اسی انداز میں بیٹنگ بھی کی۔ مگر پاکستانی اسپنرز اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے سامنے ان کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔نتیجتاً میزبان ٹیم کے پاس نہ تو تعاقب کیلئے درکار رن ریٹ کے مطابق اوورز بچے اور نہ ہی وکٹیں ۔ محمد نواز، صفیان مقیم اور صائم ایوب کی سپن بائولنگ نے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ پر تباہ کن حملہ کیا اور میچ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔
پاور پلے کے بعد ویسٹ انڈیز مطلوبہ رن ریٹ سے پیچھے ہٹنے لگی، اور اس دباؤ نے نواز کے آخری اوور میں ڈرامائی انداز میں وکٹوں کی جھڑی لگا دی۔ اس سے قبل نواز کی بائولنگ تو درست اور محتاط تھی مگر خطرناک نہیں لگ رہی تھی۔ تاہم انہوں نے پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت دلائی جب ڈیبیو کرنے والے جیول اینڈریو لانگ آف پر کیچ دے بیٹھے اور 72 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہو گیا۔
دو گیندوں بعد جانسن چارلس نے آن سائیڈ پر زور دار شاٹ کھیل کر گیند کو باؤنڈری سے باہر بھیجنے کی کوشش کی، لیکن شاہین آفریدی نے باؤنڈری لائن پر شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند کو اندر پھینک کر اپنی ٹیم کو چار قیمتی رنز بچا دیے۔اسی اوور کی اگلی گیند پر چارلس نے ٹاپ ایج دیا جو سیدھا وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلا گیا۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز مزید مشکلات میں گھرتی چلی گئی جب گڈاکیش موتی نے ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ دے دیا۔ نواز، جنہیں ایک موقع پر بابر اعظم نے ’’میچ ونر‘‘ قرار دیا تھا، نے اس موقع پر واقعی بابر کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کر دیا۔
ویسٹ انڈیزکی جانب سے آخر میں آنے والے بلے باز جیسن ہولڈر نے شاندارکھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے آخر میں طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 12گیندوں پر ناقابلِ شکست 30 رنز بنائے، جس میں چار شاندار چھکے شامل تھے۔ اس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے آخری دو اوورز میں 38 رنز جوڑ کر اننگز کا اختتام کیا، لیکن اس سب کے باوجود وہ میچ کے نتیجے کو اپنے حق میں نہ بدل سکے ۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والے بیٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ لاڈرہل کی پچ خشک ہے ، یہاں اسپنرز کو مدد ملی اور اگلے میچز میں بھی اگر وکٹ ایسی رہی تو اسپنرز کو کافی مدد ملے گی۔ اس طرح کی چیلنجنگ وکٹ پر تسلسل کے ساتھ شاٹس نہیں لگتے، نئے آنے والے بیٹرز کیلئے کھیلنا مشکل ہوتا ہے ۔میں نے فخرزمان کے ساتھ یہی پلان کیا تھا کہ ٹائم لیں گے اور پلان کیا کہ غیرضروری شاٹس کھیلنے سے گریز کریں گے۔ صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 57 رنز بنائے جبکہ 2 اوورز میں 20 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی اپنے نام کیں اور کھیل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی کی ٹف ٹیم ہے ، اس کے پلیئرز اس فارمیٹ میں خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔ فلوریڈا میں موسم بہت گرم اور چیلنجنگ ہے لیکن ٹیم کی تیاری مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کیلئے ہر سیریز اور ہر میچ بہت اہم ہے۔ٹیم میں فرسٹ چوائس فاسٹ بائولرز کی واپسی ہوئی ہے ، جونئیر اور سینئرز کا اچھا کمبی نیشن بن گیا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں پاکستان نے 15 میں ویسٹ انڈیز نے 3 میں کامیابی حاصل اور3 میچ بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔
ون ڈے سیریز کیلئے قومی اسکواڈ بھی امریکہ پہنچ گیا ہے۔پاکستانی ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم ،محمد رضوان ،نسیم شاہ اور عبداللہ شفیق شامل ہیں جو امریکہ میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔پاکستان ٹیم امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ویسٹ انڈیز جائے گی جہاں تین ون ڈے میچز کی سیریز شیڈل ہے جس کا آغاز 8اگست سے ہو گا۔