مسائل اور ان کا حل

تحریر : مفتی محمد زبیر


زکوٰۃ کی رقم سے مکان بنواکر دینا سوال :میں کسی شخص کے ذریعے مکان تعمیر کراکر کسی مستحق شخص کو زکوٰۃ کی مد میں دینا چاہتا ہوں،کیا ایسا کرنے سے میری زکوٰۃ ادا ہو جائے گی ؟(مرزا ندیم،ڈسکہ)

جواب :جی ہاں! جتنی رقم اس مکان کی خریداری یا  تعمیر پر خرچ ہوگی وہ رقم بطور زکوٰۃ ادا ہوجائے گی۔ (وفی المبسوط للسرخسی، ج1، ص270)، (امدادالسائلین ،ص 423)

اپنی زندگی میں اپنا مکان تقسیم کرنا 

سوال :میں اپناملکیتی مکان بوجوہ اپنی زندگی ہی میں وراثتاًتقسیم کردیناچاہتاہوں، افرادخانہ کی تفصیل حسب ذیل ہے:ایک بیٹا اور تین بیٹیاں، ایک مرحوم بیٹے کی بیوہ اوراس کے دو بچے۔ اپنا شرعی حصہ بھی لیناچاہتاہوں۔دولاکھ روپے قرض بھی اداکرناہے ۔(افضل ،فیصل آباد)

جواب:آپ اپنی زندگی میں ا پنے مال و جائیداد کے تنہا مالک ہیں اور اس میں ہر جائز تصرف کاآپ کو اختیار ہے۔اپنی زندگی میں اپنا مال وجائیداد وغیرہ تقسیم کرنا شرعاً لازم نہیں، تاہم اگر آپ اپنی صحت والی زندگی میں اپنا مال وجائیداد ھبہ(گفٹ ) کرنا چاہیں تو اس کا بھی آپ کو اختیارہے۔اس میں بہتر یہ ہے کہ آپ اپنی بقیہ زندگی کیلئے کچھ مناسب رقم الگ کر لیں۔ آپ نے سوال میں بیوی کاذکرنہیں کیا اگر بیوی حیات ہوتو اسے کل مال کا آٹھواں حصہ دے دیں اوربقیہ رقم بیٹے اور بیٹیوں میں تقسیم کردیں۔ اس میں اصولاًبہتر یہ ہے کہ لڑکے اور لڑکی کو برابر دیں اورلڑکے کو اگر لڑکی کی بنسبت دگنا دے دیں تو اس کی بھی گنجائش ہے۔ نیزمرحوم بیٹے کی اولاداوربیوہ کوبھی جتنا مناسب سمجھیں دے سکتے ہیں،بہتریہ ہے کہ جتناایک بیٹے کودیں اتناہی حصہ مرحوم بیٹے کی اولاداوربیوہ میں تقسیم کردیں۔نیز جس کو جتنا حصہ دیں وہ اسے تمام تر مالکانہ حقوق کے ساتھ مالک وقابض بناکر حوالہ کردیں ۔

 شوہر کیلئے بیوی کے مرنے کے بعد اس کا چہرہ دیکھنا اور قبر میں اتارنا 

سوال : میری بیوی فوت ہوگئی تھی، اس وقت مسجدکے امام نے مجھے بلاکرکہاتھاکہ آپ میت کونہیں دیکھ سکتے، آپ غیرمحرم ہوگئے ہیں۔چند روز قبل میرے کزن کی بیوی فوت ہوئی ہے۔ اس امام صاحب نے اسے بھی یہی کہا۔ میرا سوال یہ ہے کہ خاونداپنی بیوی کوکیوں نہیں دیکھ سکتاجبکہ کوئی عورت نہ ہو تو خاوند غسل بھی دے سکتاہے اورمیت کوقبرمیں اتار سکتاہے۔ مجھے حدیث کی روشنی میں بتائیں کہ کیا خاوندبیوی کی میت کونہیں دیکھ سکتا۔(محمدنصیرخان، راولپنڈی)

جواب:مولوی صاحب نے جو مسئلہ بیان کیا وہ غلط ہے۔ شوہرکیلئے بیوی کے مرنے کے بعد اس کا چہرہ دیکھنا شرعاً بالاتفاق جائز ہے نیز چارپائی کوکندھادینا اورقبرمیں اتارنا بھی جائز ہے۔ تاہم عام حالات میں بلا ضرورت غسل دینا یابلاحائل چھونا منع ہے۔ مولوی صاحب کو  میری یہ تحریر دکھادیں اور ان سے کہہ دیں کہ آئندہ بلا تحقیق مسئلہ بیان کرنے سے گریز کریں ۔(وفی الشامیۃ، 198/2)، (فتاویٰ عثمانی، 564/1، احسن الفتاویٰ 225/4، احکام میت 40،بہشتی زیور) 

معذور بھائی کی خدمت نہ کرنے والے بھائی بہنوں کا حصہ میراث

سوال: میرے معذورماموں کی شادی نہیں ہوپائی تھی، ان کے بھائیوں اوران کی اولادنے ان کونہیں رکھا۔ان کی بہن (میری والدہ)اوران کی اولادنے انہیں رکھااورخدمت کی۔انہوں نے اپنی زندگی میںمتعددباراپنے بھائیوں اوران کی اولاد کو کچھ نہ دینے کااظہارکیاتھا۔اب ان کی وفات کے بعدآپ سے ان کی چھوڑی ہوئی رقم کو اسلامی شریعت کی روشنی میں تقسیم کی بابت دریافت کرنا ہے؟ (محمداسلم، ٹاؤن شپ لاہور) 

جواب:آپ کے معذور ماموں کے ساتھ ان کے بھائیوں کا مذکورہ رویہ شرعاً ناجائز تھا جس سے وہ گناہ گار ہوئے۔ تاہم آپ کے معذور ماموں نے اس کی بناء پراپنے بھائیوں کو اپنے مرنے کے بعد کچھ نہ دینے کا جو اظہارکیاتھا وہ شرعاً معتبر نہیں، ان کے اس طرح کہنے سے ان کے بھائی ان کے ترکہ سے محروم نہیں ہوں گے، بلکہ اگر مرحوم کے والدین اوردادا،دادی ان سے پہلے ہی فوت ہوچکے ہوں تواب مرحوم کے ترکہ میں ان کے بھائی بہنوں کا شرعی حصہ ہو گا اور بھائی کو بہن کی بنسبت دوگنا حصہ ملے گا۔ نیز  مزیدتفصیل تمام ورثاء اوران کی تعدادبتاکرمعلوم کی جاسکتی ہے۔ 

غیرقانونی طریقے سے کسی ملک 

میں داخل ہونا اور ان کیلئے دعا کرنا  

سوال : کچھ لوگ کمائی کیلئے ڈنکی(یعنی غیر قانونی طورپر)یورپ جاتے ہیں۔ اس طرح جانے والے قانون کے مجرم ہیں۔ ان کے اہل وعیال ان کے خیروعافیت سے یورپ پہنچنے کیلئے نمازیں پڑھتے ہیں، قرآن خوانی کرواتے ہیں، دعائیں کرواتے ہیں۔کیا غلط کام کرنے والوں کیلئے دعائیں کرناجائزہے؟

جواب:غیرقانونی طریقے سے کسی ملک میں داخل ہونا شرعاًناجائز ہے کیونکہ اس میں قانون شکنی کے علاوہ اپنی جان اورعزت کوخطرے میں ڈالناہے۔ اس لئے اس سے احتراز لازم ہے، تاہم ان کیلئے عافیت و سلامتی کی دعاکرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں بلکہ ہدایت اور عافیت و سلامتی کی دعاکرنا مستحسن ہے ۔

پھوپھی کی پوتی سے نکاح جائز ہے 

سوال :کیاپھوپھی کے بیٹے کی بیٹی کے ساتھ نکاح جائزہے؟جواب عنایت فرمائیں۔ (محمد رفیق، کراچی )

جواب :جائزہے ۔(سورۃ النساء:24)، (و کذ ا فی فتا و یٰ  محمودیہ  261/11)

٭…٭…٭

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

پاکستان کرکٹ:کامیابیوں کاسفر

نومبر کا مہینہ پاکستان کرکٹ کیلئے غیر معمولی اور یادگار رہا

35ویں نیشنل گیمز:میلہ کراچی میں سج گیا

13 دسمبر تک جاری رہنے والی گیمزمیں مردوں کے 32اور خواتین کے 29 کھیلوں میں مقابلے ہوں گے

کنجوس کا گھڑا

کسی گاؤں میں ایک بڑی حویلی تھی جس میں شیخو نامی ایک بوڑھا آدمی رہتا تھا۔ شیخو بہت ہی کنجوس تھا۔ اس کی کنجوسی کے قصے پورے گاؤں میں مشہور تھے۔ وہ ایک ایک پائی بچا کر رکھتا تھا اور خرچ کرتے ہوئے اس کی جان نکلتی تھی۔ اس کے کپڑے پھٹے پرانے ہوتے تھے، کھانا وہ بہت کم اور سستا کھاتا تھا۔

خادمِ خاص (تیسری قسط )

حضرت انس رضی اللہ عنہ بہترین تیر انداز تھے۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ان کا تیر راہ سے بھٹکا ہو، وہ ہمیشہ نشانے پر لگتا تھا۔ انہوں نے ستائیس جنگوں میں حصہ لیا۔ تُستَر کی جنگ میں آپ ؓ ہی نے ہر مزان کو پکڑ کر حضرت عمرؓ کی خدمت میں پیش کیا تھا اور ہر مزان نے اس موقع پر اسلام قبول کر لیا تھا۔

فوقی نے اک چوزہ پالا

فوقی نے اک چوزہ پالا چوں چوں چوں چوں کرنے والا اس کی خاطر ڈربہ بنایا

’’میں نہیں جانتا‘‘

ایک صاحب نے اپنے بیٹے کا ٹیسٹ لینا چاہا۔ فارسی کی کتاب الٹ پلٹ کرتے ہوئے وہ بیٹے سے بولے ’’بتاؤ ’’نمید انم‘‘ کے معنی کیا ہوتے ہیں؟‘‘۔