خلاصہ قرآن(پارہ 20)

تحریر : علامہ ابتسام الہٰی ظہیر


قوت تخلیق و توحید :بیسویں پارے کا آغاز سورۂ نمل سے ہوتا ہے۔ اس پارے کے آغاز میں اللہ تعالیٰ نے بڑی وضاحت کے ساتھ اپنی قوت تخلیق اور توحیدکا ذکر کیا ہے۔

 اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اللہ کے سوا کون ہے جس نے زمین و آسمان کو بنایا ہو اور آسمان سے پانی کو اتارا جس کی وجہ سے مختلف قسم کے باغات اُگتے ہیں، اور فرمایا: کون ہے جس نے زمین کو ٹھہرائو اور قرار دیا ہو اور اس میں پہاڑوں کو (میخوں کی طرح) لگایا ہو اور اس میں نہروں کو جاری فرمایا ہو؟ کیا اللہ کے سوا بھی کوئی الٰہ ہے؟ اور مزید کہا کہ اللہ کے سوا کون ہے جو بے قراری کی حالت میں کی گئی دعائوں کو سننے والا ہو اور جو تکلیف پہنچتی ہے اس کو دور فرمانے والا ہو۔ اور اللہ کے سوا کون ہے جو خشکی اور رات کی تاریکی میں انسانوں کی رہنمائی فرمانے والا ہو اور کون ہے جو خوشخبری دینے والی ہوائوں کو بھیجنے والا ہو؟ نیز کہا: کیا اللہ کے سوا بھی کوئی معبود ہے جو تخلیق کا آغاز کرنے والا ہو اور دوبارہ اس کو زندہ کرنے والا ہو اور کون ہے جو زمین و آسان سے رزق عطا فرمانے والا ہو؟ اس کے بعد اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ اگر تمہارے پاس کوئی دلیل ہے تو اس کو سنائو‘ اگر تم سچے ہو۔

سورۃ القصص

 سورۃالنمل کے بعد سورۃ القصص ہے۔ سورۂ قصص میں اللہ تعالیٰ نے جنابِ موسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا ذکر کیا ہے۔ فرعون ایک برس بنی اسرائیل کے بچوں کو قتل کرواتا اور ایک سال ان کو زندہ چھوڑ دیتا تھا۔ جنابِ موسیٰ علیہ السلام اس سال پیدا ہوئے جس سال فرعون نے بچوں کے قتل کا حکم دے رکھا تھا۔

موسیٰ  ؑ سمندر کی نذر

 اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کی والدہ پر وحی کو نازل فرمایا کہ ان کو دودھ پلائیں‘ جب خدشہ ہو کہ فرعون کے ہر کارے آ پہنچے ہیں تو ان کو جھولے میں لٹا کر سمندر کی لہروں کی نذر فرما دیں۔ جناب موسیٰ علیہ السلام کی والدہ نے ایسے ہی کیا۔ جب خطرہ محسوس ہوا تو ان کو جھولے میں بٹھا کر سمندر کی لہروں کی نذر فرما دیا۔ سمندر کی لہروں نے جھولے کو فرعون کے محل تک پہنچا دیا۔ فرعون کی اہلیہ جنابِ آسیہ نے جھولے میں ایک خوبصورت بچے کو آتے دیکھا تو فرعون سے کہا کہ اسے قتل نہ کریں‘ یہ میری اور آپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک بن جائے گا‘ ہم اس کو اپنا بیٹا بنا لیں گے اور یہ ہمارے لیے نفع بخش بھی ہو سکتا ہے۔ 

رضاعت موسیٰ علیہ السلام

فرعون نے جنابِ آسیہ کی فرمائش پر جناب موسیٰ علیہ السلام کو شہید کرنے کا ارادہ ملتوی کر دیا اور ان کو پالنے پر آمادہ و تیار ہو گیا۔ ادھر موسیٰ علیہ السلام کی بہن بھی تعاقب کرتے کرتے فرعون کے محل تک پہنچ گئی۔ فرعون نے اعلان کر دیا کہ مجھے اس بچے کیلئے ایک دایہ کی ضرورت ہے۔ بہت سی دایائوں نے جناب موسیٰ علیہ السلام کو دودھ پلانے کی کوشش کی مگر اللہ تعالیٰ نے دیگر تمام دایائوں کو جنابِ موسیٰ علیہ السلام پر حرام فرما دیا تھا۔ یہاں تک کہ جناب موسیٰ علیہ السلام کی بہن آگے بڑھیں اور کہنے لگیں کہ کیا میں آپ کو ایک ایسے خانوادے سے آگاہ نہ کروں جو آپ کیلئے اس بچے کی کفالت کرے؟ فرعون نے کہا: اس خاندان کو بھی آزما لینا چاہیے۔ جناب موسیٰ علیہ السلام کی والدہ فرعون کے محل میں پہنچیں اور جب انہوں نے موسیٰ علیہ السلام کو اپنی گود میں لیا تو جناب موسیٰ علیہ السلام نے فوراًدودھ پینا شروع کر دیا۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کا عجیب منظر ہے کہ دشمن موسیٰ علیہ السلام کی والدہ کو اپنے ہی بیٹے کو دودھ پلانے کی اُجرت دے رہا تھا۔

موسیٰ  ؑکی توبہ و استغفار

موسیٰ علیہ السلام فرعون کے محل میں پرورش پاتے ہیں۔ جب وہ جوان ہوئے تو اللہ تعالیٰ نے ان کو علم و حکمت سے بہرہ ور فرما دیا۔ ایک دن جنابِ موسیٰ علیہ السلام شہر میں داخل ہوتے ہیں۔ کیا دیکھتے ہیںکہ فرعون کے قبیلے کا ایک آدمی بنی اسرائیل کے ایک آدمی کے ساتھ لڑ جھگڑ رہا ہے۔ بنی اسرائیل کے آدمی نے جب موسیٰ علیہ السلام کو دیکھا تو اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی دہائی دی۔ جناب موسیٰ علیہ السلام نے بنی اسرائیل کے آدمی کی حمایت میں فرعونی کو زور دار تھپڑ دے مارا۔ تھپڑ مارنے کی دیر تھی کہ وہ آدمی ضربِ کلیم کی تاب نہ لاتے ہوئے مر گیا۔ جناب موسیٰ علیہ السلام کا اسے قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہ تھا۔ جب آپ علیہ السلام نے یہ منظر دیکھا تو آپؑ نے پروردگارعالم سے توبہ و استغفار کی۔ اللہ تعالیٰ نے جناب موسیٰ علیہ السلام کی توبہ اور استغفار کو قبول کر لیا۔

مدین کا گھاٹ

 اسی اثنا میں موسیٰ علیہ السلام کو اس بات کی اطلاع ملی کہ فرعون کے ہرکارے ان کو تلاش کر رہے ہیں۔ آپ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے رہنمائی طلب کی۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جناب موسیٰ علیہ السلام کی رہنمائی کی اور ان کو مدین کے گھاٹ پر پہنچا دیا۔موسیٰ علیہ السلام مدین کے گھاٹ پر پہنچے تو دیکھا کہ لوگ پانی نکالنے کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں اور وہاں پر دو لڑکیاں بھی پانی لینے آئی تھیں لیکن رش کی وجہ سے پانی لینے سے قاصر تھیں۔ جناب موسیٰ علیہ السلام نے ان کیلئے پانی نکالا اور ایک طرف ہٹ کر سائے میں بیٹھ گئے۔ 

موسیٰ علیہ السلام کی شادی

جب انہیں بھوک اور پیاس محسوس ہوئی تو انہوں نے پروردگار عالم سے دعا مانگی: اے میرے پروردگار! تو میری جھولی میں خیر کو ڈال دے۔ دعا مانگنے کی دیر تھی کہ یکایک انہی دو لڑکیوں میں سے ایک لڑکی انتہائی شرم و حیا کے ساتھ چلتی ہوئی جناب موسیٰ علیہ السلام کے پاس آئی اور کہا کہ میرے بابا آپ کو بلا رہے ہیں تاکہ جو آپ ہمارے کام آئے ہیں‘ اس کا آپ کو صلہ دیا جا سکے۔ جناب موسیٰ علیہ السلام مدین کے بزرگ شخص کے پاس پہنچے۔ (چند مفسرین کے مطابق وہ بزرگ جناب شعیب علیہ السلام تھے) آپؑ نے ان کو اپنے حالات سے آگاہ کیا تو جناب شعیب علیہ السلام نے کہا کہ آپ میرے پاس رہیں اور آپ علیہ السلام نے جناب موسیٰ علیہ السلام کی شادی اپنی ایک بیٹی سے کر دی۔

کوہ طور

حضرت موسیٰ علیہ السلام دس برس تک جنابِ شعیب کے پاس مقیم رہے اور ان کی بکریاں چراتے رہے۔ دس برس کے بعد جنابِ موسیٰ علیہ السلام نے وطن واپسی کا ارادہ کیا اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ چل پڑے۔ راستے میں ایک جگہ سردی کا احساس ہوا۔ طور پہاڑ کے پاس سے گزرے تو دور سے آگ کو جلتا ہوا محسوس کیا۔ اپنی اہلیہ کو فرمانے لگے کہ تم ذرا ٹھہرو! میں طور پہاڑ سے آگ لے کر آتا ہوں‘ اس سے ذرا حرارت پیدا ہو جائے گی۔ جب طور پر پہنچے تو خالقِ کائنات نے آواز دی: اے موسیٰ! میں اللہ عزیز و حکیم ہوں۔ اس موقع پر آپ کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے نبوت سے سرفراز فرمایا اور آپ کے عصا کو معجزاتی عصا اور آپؑ کے ہاتھ کو نورانی بنا دیا۔ 

موسیٰ  ؑکی دعا

جنابِ موسیٰ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا مانگی کہ اے پروردگار! میرے بھائی ہارون علیہ السلام کو بھی نبوت عطا فرما دے اس لیے کہ وہ خطابت اور بلاغت کی صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ اللہ نے آپ کی دعا قبول فرما لی۔ جنابِ موسیٰ علیہ السلام فرعون کے پاس آئے تو فرعون نے آپ کی دعوت کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ موسیٰ علیہ السلام نے ہر طرح سے اس کو سمجھایا مگر وہ نہ مانا یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو پانی میں ڈبو کر ہلاکت کے گڑھے میں گرا دیا۔

سورۃ العنکبوت

 اس کے بعد سورۂ عنکبو ت ہے۔ اس سورت میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جو بھی ایمان کا دعویٰ کرے گا اس کو اللہ تعالیٰ ضرور آزمائیں گے جس طرح اللہ نے پہلے لوگوں کو آزمایا تھا اور آزمائش کے بعد اس بات کو واضح کریںگے کہ ایمان کے دعوے میں سچا کون اور جھوٹا کون ہے۔

سابقہ امتیں

 اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں ان سابقہ امتوں اور افراد کا ذکر کیا ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والی آزمائش پر ثابت قدم رہے۔ ان لوگوں میں اصحاب الاخدود اور قومِ موسیٰ کے جادوگر سرِفہرست ہیں جنہوں نے وقت کے حاکموں کے ظلم اور استبداد کی پروا نہ کی اور اللہ کی توحید پر بڑی استقامت کے ساتھ کاربند رہے اور اپنے ایمان کے دعوے کو عمل سے ثابت کیا۔

مکڑی کی مثال

 اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے یہ بھی بیان فرمایا کہ مشرکوں کی مثال مکڑی کی طرح ہے جو گھر بناتی ہے لیکن اس کی کوئی بنیا د نہیں ہوتی۔ اسی طرح مشرک غیر اللہ کو پکارتے ہیں مگر ان کی پکار میں کوئی وزن نہیں ہوتا۔ بے شک ان کے نظریات مکڑی کے کمزور گھروں یعنی جالوں کی طرح ہوتے ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں قرآنِ مجید‘ فرقانِ حمید پڑھنے‘ سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے، آمین!

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

خلاصہ قرآن(پارہ 20)

جلالت و قدرت:بیسویں پارے کے شروع میں اللہ تعالیٰ استفہامی انداز میں اپنی جلالت و قدرت کو بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ آسمانوں اور زمینوں کو کس نے پیدا کیا‘ آسمان سے بارش برسا کر بارونق باغات کس نے اگائے‘

خلاصہ قرآن(پارہ 19)

کفار کے مطالبات:انیسویں پارے کے شروع میں ایک بار پھر کفارِ مکہ کے ناروا مطالبات کا ذکر ہے کہ منکرینِ آخرت یہ مطالبہ کرتے تھے کہ ہمارے پاس فرشتہ اتر کر آئے یا ہم اللہ تعالیٰ کو کھلے عام دیکھیں۔

خلاصہ قرآن(پارہ 19)

کفار کا پچھتاوہ:انیسویں پارے کا آغاز سورۃ الفرقان سے ہوتا ہے۔ انیسویں پارے کے آغاز میں اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جن لوگوں کو میری ملاقات کا یقین نہیں وہ بڑے تکبر سے کہتے ہیں کہ ہمارے اوپر فرشتے کا نزول ہونا چاہیے یا ہم پروردگار کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں۔

تاج کا فیصلہ آج

آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026:نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپئن بھارت احمد آبادمیں مدمقابل ہوں گے:نیوزی لینڈ کی طاقت فیلڈنگ اور نپی تلی بولنگ ہوگی میزبان ٹیم کو ہوم کرائوڈ اور مڈل آرڈربیٹنگ کافائدہ ہوگا

خلاصہ قرآن(پارہ 18)

سورۃ المؤمنون: سورہ مؤمنون کی ابتدائی گیارہ آیات تعلیماتِ اسلامی کی جامع ہیں‘ ان میں فلاح یافتہ اہلِ ایمان کی یہ صفات بیان کی گئی ہیں۔ نمازوں میں خشوع وخضوع‘ ہر قسم کی بیہودہ باتوں سے لاتعلقی‘ زکوٰۃ کی ادائیگی‘ اپنی پاکدامنی کی حفاظت‘ امانت اور عہد کی پاسداری اور نمازوں کی پابندی۔ آخر میں فرمایا کہ ان صفات کے حامل اہلِ ایمان ہمیشہ جنت میں رہیں گے۔

خلاصہ قرآن(پارہ 18)

سورۃ المؤمنون:اٹھارہویں پارے کا آغاز سورہ مومنون سے ہوتا ہے‘ جس میں اللہ تعالیٰ نے مومنوں کے اس گروہ کا ذکر کیا ہے جو جنت کے سب سے بلند مقام یعنی فردوس کا وارث بننے والا ہے۔