کھیلتا پنجاب پنک گیمز2026ء
خواتین کھیلوں کاسب سے بڑا مقابلہ:پنجاب کے ہر ڈویژن سے 21سال سے کم عمرخواتین کھلاڑی 16مختلف کھیلوں میں11تا 15فروری لاہور میں شرکت کریں گی
مریم نوازشریف نے جب سے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالا، صوبے میں دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں میں بھی خواتین کو بے پناہ خصوصی مواقع مل رہے ہیں۔ ’’کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 ء‘‘ پنجاب کی نوجوان اور باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کیلئے ایک تاریخی موقع ہے ، جسے پاکستان میں ویمن سپورٹس کا سب سے بڑا اور منفرد ایونٹ بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ جن دختران پنجاب میں صلاحیت ہے وہ آگے بڑھیں،سپورٹس بورڈ پنجاب نے یہ میدان صرف انہی کیلئے سجا یا ہے۔
خواتین کو بااختیار اور مضبوط و محفوظ بنانے کیلئے ان کھیلوں کا نام پنک گیمز رکھا گیا ہے۔، اس میگا ایونٹ کی کئی نمایاں خصوصیات ہیں، یہ کھیل صرف خواتین کیلئے ہیں۔ جن میں پنجاب کے ہر ڈویژن سے 160سے زائدخواتین کھلاڑیوں و آفیشلز کا دستہ شرکت کرے گا۔ کھیلتا پنجاب پنک گیمز میں انٹر ڈویژن مقابلے ہوں گے، جن میں21سا ل سے کم عمر کی خواتین کھلاڑی آرچری، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ،چیس، ہاکی، کراٹے، ماس ریسلنگ، پیڈل ٹینس، رگبی، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، والی بال، ویٹ لفٹنگ اور ووشو سمیت 16 سپورٹس ڈسپلنزمیں حصہ لیں گی۔
ان کھیلوں میں حقیقی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے راولپنڈی اور لاہور سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں 19 سے 24 جنوری تک 6 روزہ اوپن ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا جن میں ہزاروں بچیوں نے حصہ لیا اور پھر ڈویژنل انڈر21خواتین ٹیموں کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ اب 11تا 15فروری 2026ء نیشنل سپورٹس پرفارمنس سینٹر لاہور میں5 روزہ فائنل مقابلوں میں 2ہزار سے زائد خواتین کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے اور پھر ان مقابلوں کی فاتح نوجوان خواتین کھلاڑیوں میں62 لاکھ روپے سے زائد نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے جو پاکستان میں خواتین کھیلوں کیلئے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔
’’کھیلتا پنجاب پنک گیمز2026ء‘‘ کی تیاریاں عروج پر ہیں، صوبائی وزیرِ کھیل و امورِ نوجوانان پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ، خواتین کی شمولیت اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے بڑے فیصلے کیے گئے، اجلاس میں پنجاب میں خواتین کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے انتظامات کوحتمی شکل دی گئی، اجلاس میں وائس چیئرمین سپورٹس ملک سلمان، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی، ڈی جی سپورٹس خضر افضال چوہدری، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم و دیگر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے انتظامی امور اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کھیلتا پنجاب پنک گیمز2026ء کے ٹرائلز کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن میں بھی ڈویژنل سپورٹس آفیسر وحیداحمد اورڈی ایس او شمس توحید عباسی ، عامر اوصاف ودیگر آفیشلز کی زیرنگرانی چھ روزہ ٹرائلز میں راولپنڈی ڈویژن کے 160رکنی دستے کو بھی حتمی شکل دی گئی اور حتمی فہرستیں سپورٹس بورڈ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہیں۔پنک گیمز کیلئے راولپنڈی ڈویژن کی ٹیمیں 10فروری کو شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی سے صبح سویرے روانہ ہوں گی جو لاہور میں پانچ روزہ فائنل مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
پنک گیمز میں کواتین کھلاڑیوں کیلئے 62لاکھ روپے سے زائد کے نقد انعامات کے ساتھ پنجاب کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اسکالرشپ میں نمایاں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی کے مطابق پلاٹینیم کیٹیگری کی سکالرشپ 70 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کی جا رہی ہے، گولڈ کیٹیگری 50 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار روپے جبکہ سلور کیٹیگری 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کی جارہی ہے۔ اسی طرح ایمرجنگ کیٹیگری میں بھی اسکالرشپ 15 ہزار کے بجائے 30 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے اس اقدام سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ وہ معاشی پریشانیوں سے آزاد ہوکر اپنے کھیل پر پوری توجہ مرکوز کرسکیں گے اور آئندہ نیشنل گیمز میں پنجاب یقینی طور پر وکٹری سٹینڈ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگا۔