پاکستان سپرلیگ سیزن11کرکٹ سٹارز کی نیلامی کامرحلہ
آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو 5 کھلاڑیوں کو ری ٹین کرنے کی اجازت ہو گی:پلیئرز آکشن 11 فروری کو ہو گی،پی ایس ایل کا گیارہواں سیزن 26 مارچ سے 3 مئی تک چلے گا، 8 فرنچائزز حصہ لیں گی،ٹاپ کیٹیگری میں بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، دیگر میں 2 کروڑ 20 لاکھ، 1 کروڑ 10 لاکھ اور 60 لاکھ روپے ہے
رواں برس پی ایس ایل کا گیارہواں سیزن کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے زیر اہتمام ہونے والا ایک فرنچائز ٹوئنٹی 20 لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔اس سیزن میں لیگ کی 8 فرنچائزز حصہ لیں گی۔ پی ایس ایل میں پہلے 6فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، پشاور زلمی، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز تھیں جبکہ اب مزید2ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ سٹالینز شامل کی گئی ہیں۔
پی ایس ایل 2026ء کا سیزن 26 مارچ سے 3 مئی تک چلے گا، نئی ونڈو پچھلے ایڈیشن سے تھوڑا آگے رکھی گئی ہے ، جو کہ اپریل،مئی میں کھیلا گیا تھا۔ شفٹ کرنے کی بنیادی وجہ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ ہے، جو فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں ہونا ہے۔ یہ پی ایس ایل کا طویل ترین سیزن ہوگا جس کے میچز پچھلے ایڈیشنز میں استعمال ہونے والے ہوم اینڈ اوے فارمیٹ کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے متعدد شہروں میں کھیلے جانے کی توقع ہے۔
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)11 کیلئے فرنچائزز نے پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز کی تجدید شدہ فہرستیں جاری کر دی ہیں۔پی ایس ایل 11کیلئے سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں تجدید شدہ فہرست کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سلور کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد فائق اور حنین شاہ، پشار زلمی کے عارف یعقوب اور مہران ممتاز، کراچی کنگز کے مرزا مامون امتیاز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے علی ماجد اور لاہور قلندرز کے محمد اخلاق، محمد نعیم اور محمد عاذب جبکہ ملتان سلطانز کے یاسر خان، عامر برکی، محمدجنید، محمد الطاف، علی عمران، جہانزیب سلطان اور عبید شاہ شامل ہیں۔
ایمرجنگ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے سعد مسعود، محمد شہزاد، غازی غوری، کراچی کنگز کے ریاض اللہ، فواد علی، سعد بیگ، لاہور قلندرز کے مومن قمر، پشاور زلمی کے عبداللہ فضل، علی رضا، معاذ صداقت، ملتان سلطانز کے شاہد عزیز اور محمد ذوالکف جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد ذیشان اور شامل حسین موجود ہیں۔
ٹیمیں آکشن سے قبل گولڈ کیٹیگری کا ایک پلیئر سکواڈ میں برقرار رکھ سکیں گی، فرنچائز نے گولڈ کیٹیگری کی تجدید شدہ فہرست بھی جاری کر دی ہے۔لاہور قلندرز کے جہانداد خان، زمان خان، آصف علی اور آصف آفریدی گولڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں۔اسلام آباد یونائٹیڈ کے اعظم خان، حیدر علی، سلمان ارشاد اور رومان رئیس، کراچی کنگز کے خوشدل شاہ، عامر جمال، عرفان نیازی، میر حمزہ، زاہد محمود، عمیر بن یوسف، شاہنواز دھانی اور عرفات منہاس شامل ہیں۔پشاور زلمی کے محمد حارث، محمد علی، عبدالصمد، حسین طلعت، سفیان مقیم، احمد دانیال اور احسان اللہ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع، حسیب اللہ خان، خرم شہزاد، حسن نواز اور دانش عزیز جبکہ ملتان سلطانز کے کامران غلام، محمد حسنین، فیصل اکرم، عاکف جاوید اور طیب طاہر گولڈ کیٹیگری میں رکھے گئے ہیں۔
پلاٹینیم کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا،محمد نواز اور عماد وسیم شامل ہیں۔ پشاور زلمی کے بابر اعظم اور صائم ایوب، کراچی کنگز کے حسن علی، ملتان سلطانزکے محمدرضوان، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رئوف جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف، محمد عامر اور ابرار احمد پلاٹینیم کیٹیگری میں شامل ہیں۔
پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن کیلئے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں پلیئرز آکشن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا گیا۔اس کا مقصد طریقہ کار سے آگاہی فراہم کرناتھا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی اور پلیئرز کو فرنچائز میں برقرار رکھنے کی تعداد کے حوالے سے مشاورت کی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ تمام فرنچائزز کو یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی۔ سی ای اوپی ایس ایل سلمان نصیر نے آکشن ورکشاپ کے خدوخال کے بارے میں بریف کیا۔ ورکشاپ میں فرنچائزز نمائندگان کے ساتھ قومی کرکٹرز بھی شریک ہوئے۔ورکشاپ میں سلمان علی آغا، بابر اعظم، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان، فہیم اشرف، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی، حسن نواز، نسیم شاہ، عثمان خان، وسیم جونیئر اور محمد نواز نے شرکت کی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کیلئے پلیئرز آکشن کی تقریب11 فروری کو ہو گی، جو پاکستانی روپے میں ہو گی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ورکشاپ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، فرنچائز نمائندگان، پی ایس ایل مینجمنٹ دیگر شریک ہوئے، اس موقع پر کھلاڑیوں کی بیس پرائس بھی بتائی گئی۔ٹاپ کیٹیگری میں آکشن کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی گئی ہے جبکہ دیگر بیس پرائس میں 2 کروڑ 20 لاکھ، 1کروڑ 10 لاکھ اور 60 لاکھ روپے ہے۔
پی ایس ایل 11 میں پک یاریٹین کھلاڑیوں کا فرنچائز سے 2 سال کا معاہدہ ہو گا۔ گرینڈ آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو زیادہ سے زیادہ 5 کھلاڑیوں کو ری ٹین کرنے کی اجازت ہو گی۔پی ایس ایل 11 میں ہر فرنچائز 1 غیر ملکی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کر سکے گی، آکشن کیلئے ہر فرنچائز کے پاس 45 کروڑ روپے کا بجٹ ہو گا جبکہ ڈائریکٹ سائننگ کو شامل کر کے رقم 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک بڑھائی جا سکتی ہے۔