تاج کا فیصلہ آج
آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026:نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپئن بھارت احمد آبادمیں مدمقابل ہوں گے:نیوزی لینڈ کی طاقت فیلڈنگ اور نپی تلی بولنگ ہوگی میزبان ٹیم کو ہوم کرائوڈ اور مڈل آرڈربیٹنگ کافائدہ ہوگا
دفاعی چیمپئن بھارت نے ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔ دوسری جانب میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو یک طرفہ مقابلے میں ہرا کر یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ اس بار ٹائٹل جیت کر ہی دم لیں گے۔بھارتی ٹیم اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہے۔ مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنا ان کے تسلسل اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
میزبان ٹیم کی بیٹنگ پاور سنجو سیمسن جنہوں نے سیمی فائنل میں 89 رنز بنائے اور ایشان کشن کی جارحانہ بیٹنگ مخالف ٹیموں کیلئے ڈرائونا خواب ثابت ہو رہی ہے۔ جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ کی ڈیتھ اوورز میں شاندار بولنگ بھارت کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں کے سامنے مودی سٹیڈیم میں کھیلنا بھارت کو غیر معمولی حوصلہ فراہم کرے گا۔ تاہم ’بلیک کیپس‘کا خاموش واربڑا خطرناک ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیشہ آئی سی سی ایونٹس میں اپنی منصوبہ بندی اور نظم و ضبط کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 33 گیندوں پر سنچری بنانے والے فن ایلن اس وقت ٹورنامنٹ کے سب سے خطرناک بیٹر ثابت ہو رہے ہیں۔ مچل سینٹنرکی قیادت میں کیوی ٹیم دبائو کے لمحات میں پرسکون رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نیوزی لینڈ اکثر بڑے مقابلوں میں بھارت کیلئے ’مشکل حریف‘ ثابت ہوا ہے، جس کی وجہ سے بھارتی شائقین کے دلوں میں ایک انجانا خوف ہمیشہ رہتا ہے۔دونوں ٹیموں اور کلیدی کھلاڑیوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو نیوزی لینڈ کے کلیدی بلے بازوں میں فن ایلن اورراچن رویندراجبکہ انڈیا کے کلیدی بیٹر سنجو سیمسن اور سوریا کمار یادو بھرپور فارم میں ہیں۔ کلیدی بولروں میں نیوزی لینڈ کے پاس ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر جبکہ بھارتی جسپریت بمراہ اور کلدیپ یادوبہت خطرناک ہیں۔ نیوزی لینڈ سابقہ فائنلسٹ ہے جبکہ انڈیادفاعی چیمپئن اور تیسری بار فائنل میں ہے۔ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی طاقت فیلڈنگ اور نپی تلی بولنگ ہوگی جبکہ میزبان ٹیم کو ہوم کرائوڈ اور جارحانہ مڈل آرڈربیٹنگ کافائدہ ہوگا۔
احمد آباد کی پچ عام طور پر بیٹنگ کیلئے سازگار ہوتی ہے، لیکن یہاں سپنرز کا کردار بھی اہم ہو سکتا ہے۔ بھارت کے پاس ورون چکرورتی اور کلدیپ یادو کی صورت میں بہترین سپن اٹیک ہے، جبکہ نیوزی لینڈ مچل سینٹنر کے تجربے پر بھروسہ کرے گا۔ اگر بھارت پہلے کھیلتے ہوئے 200 سے زائد کا ہدف دینے میں کامیاب رہا، تو ان کا بولنگ اٹیک اس ہدف کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اگر کیوی بولرز نے پاور پلے میں بھارت کی ٹاپ فارم وکٹیں حاصل کر لیں اور فن ایلن کا بلا چل گیا تو وہ بھارت کا خواب چکنا چور کر سکتے ہیں۔
احمد آباد کی پچ بیٹنگ کیلئے بہت سازگار ہے۔ گیند بلے پر اچھی طرح آتی ہے، جس کا فائدہ سوریا کمار یادو اور فن ایلن جیسے جارحانہ پلیئرز اٹھا سکتے ہیں۔ کھیل کے درمیانی اوورز میں سپنرز (خاص طور پر کلدیپ یادو اور مچل سینٹنر)کو ٹرن ملنے کی توقع ہے، جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ سٹیڈیم کی بائونڈریز کافی بڑی ہیں، اس لیے بیٹرز کو صرف چھکوں پر انحصار کرنے کے بجائے سنگلز اور ڈبلز پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ یہاں پہلی اننگز کا اوسط سکور 175 سے 190 کے درمیان رہتا ہے، لیکن فائنل کے دبا ئومیں 180 سے زائدکے ہدف کا دفاع کرنا آسان ہو سکتا ہے۔
بھارت کے پاس مسلسل دوسرا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے، جبکہ نیوزی لینڈ اپنی ’چوکرز‘کی چھاپ مٹانے کیلئے بے تاب ہے۔ کرکٹ شائقین کیلئے آج کا فائنل ایک اعصاب شکن معرکہ ثابت ہونے والا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ2026ء میں بننے والے ریکارڈز
بہترین بلے باز
ٹی 20ورلڈ کپ 2026ء کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان سرفہرست ہیں جنہوں نے 7 میچوں میں 383رنز بنائے۔ انہوں نے 37چوکے اور18چھکے لگائے۔ان کا ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز 100 ناٹ آئوٹ ہے۔بی جے بینٹ(زمبابوے)292رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ ایلن (نیوزی لینڈ )289نز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بہترین بلے باز کا اعزاز کینیڈا کے سمرا کے حصے میں آیا جنہوں نے نیوزی لینڈ کیخلاف 110رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
بہترین بولر
بہترین بولرز کی فہرست میں شامل ٹاپ تھری بولرزنے 13، 13 وکٹس حاصل کیں۔ پہلے نمبر پر امریکہ کے شالویک رہے جنہوں نے یہ اعزاز صرف 4میچز میں حاصل کیا۔ دوسرے نمبر پر موجود زمبابوے کے مزرابانی نے 6 جبکہ انگلینڈ کے راشد نے 8میچز میں 13کھلاڑیوں کا آئوٹ کیا۔ایک میچ میں بہترین بولنگ کرانے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے شیفرڈ کو حاصل ہوا جنہوں نے 3اوور میں 5 کھلاڑیوں کا آئوٹ کیا۔
مجموعی سکور کا ریکارڈ
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں سب سے زیادہ مجموعی سکور بنانے کا ریکارڈ بھارت کا ہے۔بھارت نے 26فروری کو زمبابوے کیخلاف 12.80کی اوسط سے 4وکٹوں کے نقصان پر 256رنز بنائے۔254رنز کے ساتھ ویسٹ انڈیز اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر جبکہ 253 رنز بنا کر بھارت تیسرے نمبر پر رہا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مجموعی سکور کا ریکارڈ سری لنکا کا ہے جس نے 2007ء کے عالمی کپ میں 13کی اوسط سے کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔
سب سے بڑی فتح
سب سے زیادہ مارجن سے فتح حاصل کرنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیزنے قائم کیا جس نے 23فروری کو کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دی۔سری لنکا نے عمان کیخلاف 105رنز سے جبکہ تیسری پوزیشن پر موجود پاکستان نے نمیبیا کیخلاف 102رنز سے فتح حاصل کی۔وکٹس کے اعتبار سے سب بڑی کامیابی کا ریکاڑد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بنایا جنہوں نے یو اے ای کی ٹیم کو 10وکٹوں سے شکست دی۔نیوزی لینڈ نے 174رنز کا ہدف 15.2اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔
سب سے زیادہ چھکے
ٹی 20ورلڈ کپ 2026ء میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے بلے باز ایلن کا ہے، جنہوں نے 8 میچوں میں 20چھکے لگائے۔ ویسٹ انڈیز کے ہیٹ میئر اس فہرست میں 19 چھکوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 18چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
بہترین وکٹ کیپر
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے بہترین وکٹ کیپر کا اعزازپاکستان کے عثمان خان کو حاصل ہے جنہوں نے 7میچوں میں 10شکار کئے۔ عثمان نے 8 کیچ پکڑے جبکہ 2کھلاڑیوں کو سٹمپ آئوٹ کیا۔جنوبی افریقہ کے ڈی کک نے وکٹ کے پیچھے8 شکار کئے۔اس فہرست میں نیدرلینڈ کے وکٹ کیپر ایڈورڈز تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 6شکار کئے۔
سب سے بڑی پارٹنرشپ
سب سے بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے کا ریکارڈ پاکستانی بلے بازوں کے حصے میں آیا۔ صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں سری لنکا کیخلاف میچ میں 176رنز کی پارٹنز شپ قائم کی جو اس ورلڈ کپ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔