مسائل اور ان کا حل

تحریر : مفتی محمد زبیر


کمیٹی ڈالنا :سوال: چند افراد مل کر ماہانہ دس ہزار روپے کی کمیٹی ڈالتے ہیں، قرعہ کے ذریعے جس کا نام نکلتا ہے اسے کمیٹی دے دی جاتی ہے۔کیا شرعاً ایسا کرنا جائز ہے؟ (ابوبکر، بہاولپور)

جواب: کمیٹی کا مروجہ طریقہ مندرجہ ذیل شرائط کے ساتھ جائز ہے۔(1)بنام کمیٹی جمع کردہ رقم سب شرکاء کی رضامندی سے کسی ایک کو بطور قرض دی جائے،یا بذریعہ قرعہ اندازی دی جائے۔(2)ہر شریک کو ہر وقت الگ ہو جانے کا اختیار ہو،اور دی ہوئی رقم واپس لینے کا پورا حق حاصل ہو۔(3) ایک ماہ کی مدت کو لازم نہ قرار دیا جائے بلکہ ہر شریک کوہروقت بطور قرض دی ہوئی رقم کی واپسی کے مطالبہ کا حق حاصل ہو۔(4) رقم کو تاخیر سے جمع کرنے پر کسی شریک پر جرمانہ لازم نہ کیا جائے۔(5) ہر شریک کو اپنی جمع کردہ رقم باری باری مل جائے۔ (وفی فقہ السنۃ 3/ 144)، (الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین، ردالمحتار،5/ 161)

نماز میں ایک سجدہ رہ جانا

سوال:اگر کسی سے نمازمیں ایک سجدہ رہ جائے اور آخری قعدہ میں یاد آجائے توکس طرح نمازمکمل کرے؟(جہانزیب ظہیر، کراچی)

جواب:رہ جانے والا سجدہ نماز میں جب بھی یاد آئے تو یاد آنے پر فوراً سجدہ کرلے اور آخر میں سجدہ سہوہ کرکے نماز کو مکمل کرے۔(وفی الدر المختار و حاشیۃ ابن عابدین ،1/ 462)

کرایہ پر چلتی گاڑی کی زکوٰۃ 

سوال:ایک شخص کے پاس ایک یا چندگاڑیاں ہیں جو کرایہ پر چل رہی ہیں تو سالانہ زکوٰۃ ادا کرنے کی کیا صورت ہوگی؟(عبدالرحیم، فیصل آباد)

جواب:صرف آمدنی پر زکوٰۃ واجب ہے جوسال کے اختتام پر باقی بچی ہے۔ دوران سال جو آمدنی خرچ ہو گئی اس پر زکوٰۃ واجب نہیں اور اس ٹیکسی پر بھی زکوٰۃ واجب نہیں۔(فتاویٰ دار العلوم کراچی، جلد 1، ص 406،الدرالمختار، کتاب الزکوٰۃ)

سجدہ میں دونوں پاؤں زمین 

سے اٹھا ئے رکھنا

سوال:اگر کوئی شخص سجدہ کرتے ہوئے دونوں پیر زمین سے اٹھا لے تو کیا اس کی نماز فاسد ہو گی؟ (طاہر علی، سکھر)

جواب:اگر پورے سجدہ میں دونوں پاؤں زمین سے اٹھے رہیں اور ایک انگلی بھی زمین پر تھوڑی دیر کیلئے بھی نہ ٹکے تو یہ سجدہ ادا نہ ہو گا۔(امداد السائلین، جلد 2، صفحہ 158)،(شامی، جلد 1، صفحہ 300)

کپڑوں کے ساتھ کتے کا لگ جانا

سوال: کپڑوں کے ساتھ کتا لگ جائے توآیا وہ کپڑا ناپاک ہوجاتاہے یا نہیں، رہنمائی فرمائیں؟ (عبدالکریم قادری، رحیم یار خان)

جواب:کتے کا جسم اگر خشک ہو اور کپڑے کے ساتھ لگ جائے تو کپڑا ناپاک نہیں ہوتا ،تاہم اگرکتے کاجسم اس کے لعاب یاپسینے سے ترہو تو کپڑے پر لگنے سے کپڑا ناپاک ہوجائے گا۔(وفی الفتاویٰ  الہندیۃ 1/ 48)

کاسٹک سوڈا کا استعمال 

 سوال :کیاصفائی کرنے والی اشیا میں کاسٹک سوڈا کا استعمال جائز ہے ؟(سرفرازحمید، کراچی)

جواب:اگر کاسٹک سوڈا کا استعمال مضر صحت نہ ہو تو کپڑے یا منہ دھونے کے صابن میں اس کا استعمال شرعاً جائز ہے۔( فقہ الحلال، ص145)

ادھار لینے والے کا کفیل بننا

سوال:ایک شخص نے کسی سے ادھار لیناتھا دوسرے شخص نے منع کیا کیونکہ قرض مانگنے والے کے اوپر پہلے ہی کافی عرصہ سے قرض تھا۔پھر قرض مانگنے والے کی والدہ نے فون کیا کہ میرے بیٹے کو قرض دو، اگر اس نے نہیں واپس کیا تو میں ذمہ داری لیتی ہوں  میں اداکروں گی۔ قرض لینے والے نے قرض واپس نہیں کیا اور اس کی والدہ بھی فوت ہوگئی جس نے ذمہ داری لی تھی۔ اب یہ بتائیں کہ ادائیگی کی کیا صورت ہو گی؟ کیا ماں بیٹا دونوں گناہ گارہیں یا صرف بیٹا جس نے قرض لیا ہے؟ (رانا طاہر، کراچی)

جواب:دائن (قرض خواہ) اپنے مقروض سے قرض کامطالبہ کرے ،اگر مقروض قرضہ ادا نہ کر ے توچونکہ والدہ بیٹے کی طرف سے ضامن تھی اوربیٹے کے قرض ادا نہ کرنے کی صورت میں قرض اداکرنا والدہ کی ذمہ داری تھی اس لئے اگرمرحومہ نے اتنا مال چھوڑا ہو جو تجہیز وتکفین کے اخراجات کے بعدبچ گیا ہو تو قرض خواہ مرحومہ کے ورثاء سے اس کامطالبہ کر سکتا ہے۔ ایسی صورت میں مرحومہ کے ورثاء پرلازم ہو گا ترکہ سے قرضہ ادا کریں اور پھر ورثاء مقروض سے رجوع کریں۔ نیزوسعت کے باوجود مقروض ٹال مٹول کرنے کی صورت میں گناہ گار ہو گا۔(صحیح بخاری 3/ 118)، ( الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین،5/ 292)

بیوی کی کمائی میں تصرّف کرنا

سوال:اگر کوئی عورت محنت مزدوری کرکے پیسے کمائے تو کیا شوہر اور ساس کیلئے اس میں تصرف کرنا اور استعمال کرنا عورت کے مرضی کے بغیر جائز ہے؟(زبیر حسن، لاہور) 

جواب:ایسی صورت میں بیوی اپنی کمائی کی تنہا مالک ہے، اس کی کمائی اس کے شوہر اور ساس سسر وغیرہ کیلئے بیوی کی اجازت کے بغیر جائز نہیں۔ ( فی الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین 4/ 325)، (الفتاویٰ الہندیۃ (2/ 329)

 پیدائش کے کتنے دن بعدبچے کا نام رکھا جائے

سوال: بچے کا نام پیدائش کے کتنے دن بعد رکھنا چاہیے؟(روبینہ فاطمہ،کراچی)

جواب:مستحب یہ ہے کہ بچہ کی پیدائش کے ساتویں روز اس کا نام رکھا جائے، اس سے پہلے یا بعد میں بھی نام رکھ دیں تو جائز ہے۔ (وفی الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین ،رد المحتار6/ 336)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

گناہوں کا وبال

’’تم پر جو پریشانیاں آتی ہیں وہ تمہارے اپنے گناہوں کا نتیجہ ہوتی ہیں‘‘ (الشوریٰ: 30) ’’جب کوئی قوم ناپ تول میں کمی کرنے لگے تو اس کے رزق کوگھٹا دیا جاتا ہے‘‘ (موطا امام مالک: 1325)

اسلام میں تربیت اولاد کا تصور

’’اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کو اس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہیں‘‘ (التحریم) ’’ اپنی اولاد کو ادب سکھلاو، قیامت کے دن تم سے تمہاری اولاد کے متعلق سوال کیا جائے گا کہ تم نے ان کو کیا ادب سکھایا؟ اور کیسی تعلیم دی؟(شعب الایمان للبیہقی)

غصہ…سماجی و معاشرتی ناسور

’’اہل تقویٰ وہ ہیں جو غصے کو قابو میں رکھتے ہیں‘‘(آل عمران) غصہ پینے والے اور لوگوں سے در گزر کرنے والے اور نیک لوگ اللہ کے محبوب ہیں (سورۃ آل عمران)

اسلام آباد مذاکرات

دنیا کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے‘ جب یہ بات کہی جاتی تھی تو کچھ حلقے اس پر تنقید کرتے یا اسے مذاق سمجھتے تھے، مگر آج عالمی سطح پر اس امر کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور عالمی طاقتیں تسلیم کر رہی ہیں کہ اہم فیصلے پاکستان میں ہو رہے ہیں۔

جنگ بندی میں کردار، دنیا پاکستان کی معترف

امریکہ ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار سے جہاں دنیا بھر میں پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے وہیں پاکستان بھر میں بھی اس حوالہ سے خوشی کی لہر دو ڑ گئی ہے ۔

مہنگائی، شہری مسائل اور حکومتی دعوے

چار اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔