نیشنل سٹیڈیم کراچی :ریکارڈز کی نئی لہر
پاکستان سپرلیگ11کادوسرامرحلہ:پشاور زلمی نے سٹیڈیم کو ریکارڈز کی کتاب میں ایک نیا باب عطا کر دیا: دونوں نئی فرنچائزز حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کی کارکردگی متاثرکن نہیں رہی ، دونوں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ، پلے آف مرحلے میں رسائی کے آثار معدوم
پاکستان سپر لیگ 11 کا میلہ کراچی میں دھوم دھام سے جاری ہے ،نیشنل بینک سٹیڈیم میں28 اپریل تک 22 میچز کھیلے جائیں گے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی(جو اب نیشنل بینک سٹیڈیم کے نام سے جانا جاتا ہے)پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا وہ معتبر میدان ہے جہاں پی ایس ایل کے کئی یادگار لمحات اور ریکارڈز رقم ہوئے ہیں۔ حال ہی میں جاری پی ایس ایل11 (2026) کے دوران یہاں ریکارڈز کی ایک نئی لہر دیکھی گئی ہے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی صرف ایک میدان نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کی شان ہے۔ پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک اس سٹیڈیم نے کئی بڑے معرکے دیکھے ہیں۔
حالیہ سیزن2026 ء میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ نے اس سٹیڈیم کے پرانے تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔کراچی کی پچ ہمیشہ سے بلے بازوں کیلئے سازگار رہی ہے۔ جمعرات کو پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف 246/3 رنز بنا کر اس سٹیڈیم کا سب سے بڑا مجموعہ درج کرایا۔اس سے قبل یہ اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس تھا جس نے 2019 ء میں لاہور قلندر کے خلاف 238 رنز بنائے تھے۔
انفرادی کارکردگی اور شراکت داریاں کراچی کے میدان پر بلے بازوں کا راج رہا ہے۔ پشاور زلمی کے بابر اعظم اور کوسل مینڈس نے 2026 ء میں 191 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت ہے۔ سری لنکن بلے باز کوسل مینڈس نے 109 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اس سٹیڈیم کے یادگار ترین سینکڑوں میں اپنا نام شامل کرایا۔
اسی میدان پر بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 12ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔اگرچہ یہ میدان بلے بازوں کا رہا ہے، لیکن بائولرز نے بھی یہاں اپنی دھاک بٹھائی ہے۔ حالیہ سیزن میں کراچی کنگز کی ٹیم پشاور زلمی کے خلاف صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جو اس سٹیڈیم کا پی ایس ایل میں اب تک کا سب سے کم ترین سکور ہے۔ اس سے قبل لاہور قلندر کی ٹیم حالیہ سیزن میں ہی 100 رنز پر آئوٹ ہوئی تھی۔
کراچی کی پچ پر فاسٹ بائولرز اور سپنرز دونوں کو بائونس ملتا رہا ہے۔ کئی بائولروں نے حالیہ میچوں میں تباہ کن بائولنگ کے ریکارڈز قائم کئے ہیں۔اس سٹیڈیم میں پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح بھی درج ہو چکی ہے۔ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی، جو رنز کے لحاظ سے لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت ہے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ یہاں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا یا ایک بڑا ہدف سیٹ کرنا ہمیشہ سودمند ثابت ہوتا ہے۔پی ایس ایل11کے سیزن نے اس سٹیڈیم کو ریکارڈز کی کتاب میں ایک نیا باب عطا کر دیا ہے، جس نے شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کو مزید جلا بخشی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے جاری گیارہویں سیزن میں 2نئی ٹیموں کی شمولیت نے ایک طرف اس لیگ کو جہاں ایک نیا عروج دیالیکن دوسری طرف اگر دونوں نئی فرنچائزز حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کی کارکردگی متاثرکن نہیں رہی ، دونوں نئی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہیں اور پلے آف مرحلے میں رسائی کے آثار معدوم کرچکی ہیں۔ لاہور کی تیز پچز اور کراچی کی سپن دوست یا بیٹنگ پیراڈائز پچز نے ان دو نئی ٹیموں کے توازن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔راولپنڈیز کی ٹیم غالباََ یہ سوچ کر بنائی گئی تھی کہ وہ پنڈی کی ہائی سکورنگ پچز پر کھیلیں گے، لیکن لاہور اور کراچی میں ان کی حکمت عملی ناکام نظر آئی۔ لاہور کی پچ پر جہاں گیند تھوڑا سوئنگ ہوتا ہے، راولپنڈیز کے ٹاپ آرڈر نے بہت جلد وکٹیں گنوائیں۔ ان کے پاس ایسے تکنیکی بلے بازوں کی کمی ہے جو نئی گیند کو کھیل سکیں۔ کراچی کی سست پچوں پر ان کے پاور ہٹرز گیند کو ٹائمنگ نہیں کر پا رہے، جس کی وجہ سے سٹرائیک ریٹ برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔ صرف دو شہروں میں کھیلنے کی وجہ سے بولرز کو اپنی لینتھ بار بار تبدیل کرنی پڑ رہی ہے، جس میں راولپنڈیز کے بولرز تاحال ناکام رہے۔
حیدرآبادکنگزمین کی ٹیم نے کراچی اور لاہور کے تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار تو کیا، لیکن وہ کھلاڑی ان گرائونڈز پر اپنے پرانے ریکارڈز کو دوہرا نہیں سکے۔ حیدرآباد کے سپنرز کراچی کی پچ کا فائدہ نہیں اٹھا سکے، جہاں دوسری ٹیموں کے سپنرز میچ جتوا رہے ہیں۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جہاں بائونڈریز چھوٹی ہیں، حیدرآباد کے فاسٹ بولرز نے بہت زیادہ ’شارٹ پچ‘گیندیں کیں جو حریف بلے بازوں کیلئے آسان ہدف بنیں۔ لاہور اور کراچی کے دونوں گرانڈز روایتی ٹیموں کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔دونوں ٹیموں کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ ’’پچ ریڈنگ‘‘کی غلطی ہے۔ جب ٹورنامنٹ صرف دو شہروں میں ہو رہا ہو، تو آپ کو اپنی ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو ان دو مختلف ماحول میں فوری ڈھل سکیں۔ راولپنڈیز کو اپنی پیس بولنگ میں زیادہ ’’ویری ایشن‘‘لانی ہو گی۔ حیدرآباد کو اپنے بیٹنگ آرڈر میں ایسے کھلاڑی لانے ہوں گے جو’روٹیشن آف سٹرائیک‘میں ماہر ہوں تاکہ ڈاٹ بالز کم ہوں۔