پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) 11:پشاور زلمی کی حکمرانی برقرار

تحریر : محمد ارشد لئیق


پشاور زلمی کے کوشل مینڈس بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ دونوں شعبوں میں سرفہرست، بائولنگ میں سفیان مقیم سب سے آگے، آل رائونڈ کاردگی کے لحاظ سے شاداب خان پہلے نمبرپر:بابراعظم نے پی ایس ایل میں 4ہزار رنز جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100نصف سنچریوں کا سنگ میل عبور کر لیا، رائلی روسو پی ایس ایل میں 100 میچ کھیلنے والے پہلے غیرملکی کھلاڑی بن گئے

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کا گیارہواں ایڈیشن اپنے انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ لاہور کے پہلے مرحلے کی طرح کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں بھی تماشائیوں کی عدم موجودگی نے میدانوں کو ویران کر رکھا ہے، مگر 8 ٹیموں کے درمیان جاری پوائنٹس کی جنگ نے کرکٹ کے بخار کو کم نہیں ہونے دیا۔ کراچی میں کھیلے گئے’پنک ربن ڈے‘ڈبل ہیڈر میچوں نے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ اب ایک مضبوط امیدوار بن کر ابھری ہے۔

تادم تحریر ٹورنامنٹ کے 27 میچ مکمل ہونے کے بعد پشاور زلمی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ تاہم حالیہ فتوحات کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ ملتان سلطانز اب تیسرے نمبر پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے، حیدرآباد کنگزمین پانچویں، لاہور قلندرز چھٹے نمبر پر ہے۔ ٹیبل کے نچلے حصے میں کراچی کنگزساتویں جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم آخری نمبر پر ہے۔ 

اگرچہ لاہور اور کراچی کے سٹیڈیم تماشائیوں کے بغیر ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں، مگر 8 ٹیموں کے درمیان ہونے والے ان سخت مقابلوں نے ایونٹ کو کرکٹ کے معیار کے لحاظ سے اب تک کا سب سے کڑا مقابلہ بنا دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کراچی کے اس دوسرے مرحلے کے اختتام تک کون سی چار ٹیمیں باضابطہ طور پر پلے آف کا ٹکٹ کٹاتی ہیں۔

شائقین کی عدم موجودگی کے باوجود کھلاڑیوں نے انفرادی طور پر بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ پشاور زلمی کے کوشل مینڈس اب تک کے بہترین بلے باز ثابت ہو رہے ہیں، جو ٹورنامنٹ میں اب تک 330 رنز بنا چکے ہیں جبکہ بائولنگ کے شعبے میں بھی پشاور زلمی ہی کے سفیان مقیم سب سے آگے ہیں جو 16شکار کر چکے ہیں۔ وکٹوں کے پیچھے بھی پشاور زلمی کے کوشل مینڈس نے اپنی چستی سے بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز سنبھال رکھا ہے، جبکہ شاداب خان اپنی آل رائونڈر صلاحیتوں سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فیلڈنگ میں کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی نے ناقابلِ یقین کیچز کی بدولت خود کو بہترین فیلڈر منوایا ہے۔

پی ایس ایل 11 ریکارڈز کے حوالے سے ایک تاریخی سیزن ثابت ہو رہا ہے۔ حیدرآباد کنگزمین کے صائم ایوب نے صرف 15 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری اسکور کی، جبکہ اسلام آباد کے اعظم خان نے ایک ہی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ بائولنگ میں ملتان سلطانز کے احسان اللہ نے 156 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اس سیزن کی تیز ترین گیند پھینکی۔ 

دوسری جانب، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زمبابوین بائولر بلیسنگ مزاربانی پر دو سال کی پابندی نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے اور ان کی ٹیم کیلئے ایک بڑا خلا پیدا کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ پی ایس ایل میں کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹر نے معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں کا احترام نہیں کیا اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نظر انداز کیا۔ بورڈ کے مطابق پیشہ ورانہ کرکٹ اعتماد اور معاہدوں کی پاسداری پر قائم ہوتی ہے اور ضروری شرائط بشمول معاوضے اور ڈھانچے پر تحریری طور پر اتفاق کے بعد ان کی پابندی کرنا لازم ہوتا ہے، بغیر کسی ٹھوس وجہ کے معاہدے سے پیچھے ہٹنا نیک نیتی اور پیشہ ورانہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اخلاقی فریم ورک پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ دو سالہ پابندی اس خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ بلیسنگ مزارابانی نے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارتی لیگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔ یاد رہے کہ پی سی بی اس سے قبل جنوبی افریقا کے کرکٹر کوربن بوش کے خلاف بھی معاہدے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کر چکا ہے۔

 پاکستانی بیٹر بابر اعظم نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی 100ویں نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے یہ کارنامہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں سرانجام دیا جہاں وہ 71 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے اور پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اس سے قبل بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ میں 4 ہزار رنز مکمل کیے اور پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ انہوں نے یہ شاندار سنگ میل 104 میچز کھیل کر حاصل کیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کرکٹر رائلی روسو پی ایس ایل میں 100 میچ کھیلنے والے پہلے غیرملکی کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ خوشی کے لمحات شیئر کیے اور پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے 100 ففٹیز اور 100 گیمز کے ساتھ بابراعظم اور رائلی روسو کی ایک ساتھ تصویر شیئر کی گئی۔ بابر اعظم پی ایس ایل میں تین مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔ ہر ٹیم کیلئے کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی کارکردگی سے شائقین کرکٹ کو متاثر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

ایشین بیچ گیمز: پاکستانی دستے کا اعلان

22 سے 30 اپریل تک ہونیوالی گیمز میں 45ممالک کے 1790کھلاڑی قسمت آزمائیں گے:پاکستان کا40رکنی قومی دستہ چین کے شہر سانیا میں شیڈول 6 ویں ایشین بیچ گیمزمیں اتھلیٹکس، ہینڈبال، جوجتسو، کبڈی ،ٹرائی تھلون اور ریسلنگ میں حصہ لے گا

درخواست کی کلاس!

سکول کے صحن میں ہلکی سی دھوپ پھیلی ہوئی تھی اور بچے اپنی اپنی کلاسوں کی طرف بڑھ رہے تھے۔

ہوا کا سفر

ایک سہانی صبح کو سورج کی پہلی کرن زمین پر پڑی تو اس کی ملاقات بارش کی ننھی سی بوند سے ہوئی۔ ہوا آج بہت خوش تھی، وہ کبھی درختوں کے پتوں سے ٹکراتی تو کبھی پھولوں کو چھیڑتی۔

جاپانی کہاوتوں میں محنت کرنے کا سبق

ہر ملک میں الگ الگ کہاوتیں مشہور ہیں جو وہاں کے رہن سہن کی عکاسی کرتی ہیں۔ جدوجہد کرنے اورعلم حاصل کرنے کی تلقین کرنے والی جاپانی کہاوتیں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔

ساتھیو! کچھ جہاں میں کام کریں

ساتھیو! کچھ جہاں میں کام کریں

سنہری باتیں

٭… جنت کا حقیقی مستحق وہ ہے جو قربانی کے درجے میں اس کا طلب گار بنے۔